

ہے اہلِ اسلام دشمنی کیا نبیؐ کے لختِ جگر حسنؐ سے
پلا کے جامِ بقا لیا ہے یہ کس کا بدلہ شہ زمنؐ سے
اثر ہے الماس نے دکھایا ہے دیدنی شہؐ کی بے قراری
ہے نیلگوں سب وجودِ اطہر غشی کا عالم ہوا ہے طاری
جگر تمامی ہے پارہ پارہ ہے خون جاری حسیں دہن سے
حسنؐ نے قاسمؐ سے کی وصیت یہ بات ہرگز نہ تم بھلانا
بوقتِ غربت چچاؐ کے قدموں پہ میرے بیٹےؐ فدا ہو جانا
اے میرے نوشہؐ قبول کرنا عروسہء موت بانکپن سے
کہا حسنؐ نے اے میرے قاسمؐ تو کربلا میں بناں بنے گا
مگر اے میرے حسِین غنچے پھر اس طرح تیرا گھر لُٹے گا
یہ اہلِ اسلام لوُٹ لیں گے جہیز تک بھی تیری دلہنؐ سے
ہوئے روانہ جو سوُئے روضہ تو کی لعینوں نے تیر باری
ذرا تو سوچو ہے میرا جایاؐ لحد سے بنتِ نبیؐ پکاری
ہے نازکی کا نفیس پیکر یہ تیر چھوتے ہیں جس بدن سے
پلٹ کے پھر آیا گھر جنازہ ہوئی دوبارہ جو رونمائی
کفن کے بندوں کو وا کیا اور جھکے برادرؐ پہ بہنؐ بھائیؐ
علیؐ کی بیٹیؐ نے غش کیا تیر جب برآمد ہوئے کفن سے
الٰہی آلِ نبیؐ کے گلشن میں آج ابدی بہار آئے
حسنؐ کا دلبرؐ بناں بنے پھر ضعیف ماںؐ کو قرار آئے
کہ جگمگائے ہنوز جعفرؐ یہ کل جہاں نورِ پنجتنؐ سے
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار