

پل رہے ہیں بطنِ ہستی میں کروڑوں آفتاب
دستِ روز و شب میں سمٹے ہزاروں انقلاب
جس کی سب انگڑائیوں میں کھینچ ہے شمشیر کی
کسمساکر اُٹھ رہا ہے اِس حقیقت کا شباب
ظُلمتیں ملتی ہیں جس کے رُخ پہ ٹھنڈی چاندنی
بے نقاب آنے کو ہے اب وہ رُخِ سلمیٰ خطاب
مصرِعالم جس کے حُسنِ ناز پر بِک جائے گا
اب اِ ن آنکھوں میں ہیں مہروماہ کے سجدوں کے خواب
فتحِ عالم منتظر ہے جس کی ضربِ نطق کی
اب وہ شبدیزِ خروجِ حق پہ ہے پادر رکاب
بوٹیاں اُڑ جائینگی قحطان کے اوہام کی
بند پھر ہونے کو ہیں اصنام پہ کعبے کے باب
پوچ و مہمل گُفتگو تھی منبر و محراب کی
اب مٹیں گے اس سیادت کے چیستانی سُراب
زندگانی کا تھا تُرشیدہ لب و لہجہ مگر
اب کشیدی جا رہی ہے حلِو ہستی سے شراب
کب کے ڈھیلے پڑ چکے تھے روئے ہستی کے نقُوش
کب سے کھسیانی ہنسی ہنستا تھا یہ دینِ خراب
حاملہ تھی خانمِ تشکیک گو الحاد سے
خوفِ حق سے اب اسے اسقاط کے ہیں پیچ وتاب
ہاتھ پیلے ہوں گے اب معشوقہِء تعمیر کے
لیلیٰئِ صبحِ فرخ کا اب ہے چُٹکی میں نقاب
کُھد چکی ہے قبرِ ظلمت دارِ باطل سج چکی
نخشبِ اظہارِ حق لانے کو ہے پھر ماہتاب
جس کے ڈر سے بنّد تھا میخانۂ صدق و یقیں
آچکا اس محتسب کے سر پہ وہ روزِ احتساب
اب نظامِ عصرِ حاضِر سے کہیں تیار رہ
بحرِ ابیض سے رواں ہے موجہء طوفانِ ناب
خضرائی چھا جائیگی بنجر زمیں کھولے گی آنکھ
دے گی چھینٹے زندگانی !! اور ہوا دستِ سحاب
جعفر اُس دِن غلغلہ ہو گا سرِ افلاکِ عقل
آدمیت کو ملا ہے تحفہِ یزداں جناب
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار