

حالات کی چٹان سے ٹکرا رہا ہوں میں
اک اور جوئے شیر یہاں لا رہا ہوں میں
دنیا کی وسعتوں میں بھی دم میرا گھٹ گیا
اب زہرہ و مریخ کو اپنا رہا ہوں میں
اک زلفِ پیچ دار کی صورت ازل سے میں
اپنی سیاہیوں ہی پہ بل کھا رہا ہوں میں
نظروں کی عصمتیں بھی ہوئیں نذرِ حسنِ یار
اب عقبیٰئِ خیال بھی سلگا رہا ہوں میں
تو عمرِ خضر کی یہاں بے قیمتی نہ پوچھ
اس مختصر حیات پہ اِترا رہا ہوں میں
پہرے ہیں زندگانی کے بہتے فرات پر
مشکل سے ایک جام لئے جا رہا ہوں میں
میں خلق کی نظر میں اگرچہ ہوں بے گناہ
اپنی ہی آستین سے گھبرا رہا ہوں میں
دیوارِ غم کی ڈھلتی ہوئی خنک چھائوں میں
اک کشمکش کے بعد سے سستا رہا ہوں میں
گاڑی کے ساتھ چلتے درختوں کے قافلے
اک ہم سفر سمجھ کے سکوں پا رہا ہوں میں
جعفرؐ قلم کو سونپ کے اپنا جنونِ عشق
صحرائے کاغذات پر دوڑا رہا ہوں میں
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار