

وہ حسیں غنچہ جنم جس نے لیا تقدیس میں
جس کی شریانوں میں شبنم تھی رواں تطہیر کی
لوریاں دے کر سلاتی تھی جسے بادِ نسیم
اور گراں جس کو رہی مشاطگی توقیر کی
چومتے تھے مہرو مہ جس کے لب و رخسارکو
وحدتوں کو چھو رہی تھی ہر کرن تنویر کی
شاخِ طیب پر کھلایا تھا جسے تقدیر نے
پرورش کی دایہئِ رحمت کے عسل و شیر نے
جس کی آیاتِ الہیٰ میں ہوئی نشو و نما
جس کے لب ہائے مقدس تھے رسو لائے ہوئے
سیبِ جنت جس کی خوشبو میں سدا لیتا تھا سانس
جس کے عارض حلقہ ء کوثر میں فلمائے ہوئے
جس کی آنکھیں نرگسِ فردوس کی اک خوابگاہ
جس کے ابرو لیل کے آنگن میں نہلائے ہوئے
ذہن کی معصومیت نا آشنائے نیک و بد
خیر و شر سے دور شبنم ریز ننھی سی خرد
بے خبر دستِ زمستاں کی اچانک چوٹ سے
اور برائی کی قباحت سے خرد نا آشنا
پارسائی اوررسوائی کی سوچوں سے پرے
عصمتوں سے ہمکنار اس بھولے پن کی ہر ادا
اسکی ناپختہ شعوری اور نا فہمی کا رنگ
عالمِ ملکوت میں قدوس کی قدسی قبا
جس کے صدقے میں پلے تھے جملہ خارانِ چمن
اسکی حرمت کا عدو ثابت ہوا وہ بھولا پن
ہائے نوکِ خار سے خود اسکا دامن چھد گیا
ہائے نافہمی نے اس غنچے کی رنگت لوٹ لی
ظلم ہے چالاکیوں سے ایک شاطر خار نے
غنچہء تطہیر کی تقدیس وعصمت لوٹ لی
بچپنے کی دیکھ کر معصومیت ابلیس نے
اک نبی زادی کو دھوکہ دے کے عزت لوٹ لی
ہاں اگر وہ شمر زادہ تا ابد پائے سزا
کیا نبی زادی کی عزت لوٹ کر آئے گی کیا
اے خدا تو ہی بتاکیا اس کا ہے حرمت بہا
یہ تیرے لوح و قلم یہ کر سی وعرشِ بریں
ہو بھی سکتے ہیں نبی زادی کی عصمت کا بدل
یہ تیرے دنیا و عقبیٰ ،آسماں ، روئے زمیں
ہو بھی سکتے ہیں برابر عصمتِ سادات کے
سلسبیل و طوبیٰ و کوثر یہ فردوسِ بریں
کچھ نہیں خالق تہی تیرا ہے دامانِ جزا
کیا اسے سمجھوں بھلا جبرِمشیئت کے سوا
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار