

تری محفل کے ہر انداز میں زاہد فریبی ہے
یہ رقصِ ناز اڑتی تتلیوں کی جلوہ آرائی
تھرکتے مخملیں پیکر سلگتے لالۂِ خونیں
دلِ یوسف میں لے انگڑائیاں شوقِ زلیخائی
نوائے ساز کی رس گھولتی کانوں میں بھوپالی
فرشتوں کو سکھا دے جو رموزِ کفر فرسائی
کھنکتے ساغروں کی خود ربا آواز کا لمحہ
مٹا دے قلب سے آلام کی کہنہ شناسائی
اداؤں اور غمزوں کی فراوانی کا یہ عالم
کرے آدم کے منکر کو بھی وقف ناصیہ سائی
نظر غارت گرِ تو بہ خدا غافل ہر اک ٹھمکا
کدو بر دوش ہر لمحہ بھی افکار صہبائی
یہ محفل یہ فضا میری خرد پہ چوٹ کرتی ہے
میرا دل رو رہا ہے دیکھ کر ایماں کی تنہائی
تصور نے دکھایا ہے مجھے ماضی کا وہ منظر
اسی انداز کی محفل یہی ہنگامہ آرائی
وہ تختِ عاج رقص و ساز مئے نوشی ستم کوشی
مجھے اسلاف کی یاد آ گئی ہے آج رسوائی
کہیں آہ و بکا کو چیر کر ساغر میں گم ہو کر
ہلاہل کی طرح ہے یہ صدا کانوں سے ٹکرائی
مضی فی غفلةٍ عمری کذالک یذھب الباقی
امد کاساونا دلھا الا یا ایھاالساقی
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار