

میرا چہرہ شناخت ہے میری
میری پہچان میرا چہرہ ہے
اس میں خوشبو ہے میرے آنگن کی
دفن اس میں میری بہاریں ہیں
لکھا ہے شجرۂ نسب اس پر
اس پہ اجداد کی مزاریں ہیں
میرے اجداد اور بزرگوں کے
ثبت اس پر ہیں سب نقوشِ قدم
میرے کلچر میری ثقافت کا
میری قدروں کا ہے یہ باغِ ارم
مجھ سے چہرہ میرا جدا نہ کرو
میرے ماضی کا یہ خزانہ ہے
حالِ جاری تو کچھ نہیں اس میں
میرا گزرا ہوا زمانہ ہے
یہ ملا ہے مجھے بزرگوں سے
یہ امانت تو جاں سے پیاری ہے
اس تشخص کو باقی رکھنے میں
کتنی نسلوں نے جان ہاری ہے
یہ امیں ہے میرے عقائد کا
یہ امیں ہے میری روایت کا
یہ ہے ورثہ حضوؐرِ اکرم کا
اس پہ ہے رنگ میری عظمت کا
جعفرؐ اس آندھیوں کی بستی میں
تو بزرگوں سے شرمسار نہ ہو
جان دے دے مگر تیرا چہرہ
اس میں آلودۂ غبار نہ ہو
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار