

ماں کا رشتہ بھی عجب رشتہ ہے زیرِ آسماں
دورِ خود غرضی میں قائم اس سے ہیں کون و مکاں
انبیاء مبعوث گر کرتا نہ خلاق ِجہاں
اس کی رحمت کی نمائندہ فقط تھی ایک ماں
دیکھنا ہو گر کہ کتنا مہربان ہے ذوالجلال
ماں کی صورت میں نکھر آتے ہیں اس کے خد وخال
ماں کی ممتا ہی میں ڈھل جاتا ہے کوثر کا خرام
جسکی میٹھی لوریوں میں شفقتوں کا اہتمام
ماں کے اس رشتے میں اک پیوستگی اک احترام
زندگی آغوشِ مادر ہی میں پل جانے کا نام
ماں کے پیکر میں سہاروں کا حسیں احساس ہے
ماں کے میٹھے لفظ میں بھی دودھ کی میٹھاس ہے
ماں کے پیکر میں ڈھلی ہے رحمتِ پروردگار
زیست کے صحرا میں یہ اک سایۂ طوبٰی شعار
زندگی کی لُو کے جھونکوں میں یہ اک ابرِ بہار
راحتیں آغوشِ مادر کی فضاؤں پر نثار
ماں کی آنکھوں میں ہمیشہ نورِ الفت کی چمک
ماں وہ جس کی لمس میں بھی گرم بوسوں کی مہک
نور کی اک جھیل ہے یہ عصر کے کوہسار میں
یہ پلی بے لوث جذبوں کی مقدس ڈار میں
اس کے ہونٹوں کی ہر اک جنبش مگن ایثار میں
اس کی ہر اک بات گم ممتا کے گہرے پیار میں
ماں وہ رشتہ ہے کہ جس میں منفعت ہی منفعت
پیار کے جملہ تقاضوں کی ہے ماں ہی شش جہت
جس کے سائے میں تھکے ذہنوں کو ملتا ہے قرار
جس کے سائے میں سکونِ قلب کی میٹھی پھوا ر
جس کے سائے میں خنک جھونکوں میں راحت کا خمار
جس میں اک اپنائیت کے گرم لمحوں کا حصار
موت سے جاکر لپٹ جاتی ہے ماں کی ایک آہ
عرش کے کنگروں سے ٹکراتی ہے ماں کی ایک آہ
جس کی گرم آغوش پر راحت بھری نیندیں فدا
جس کی گودی میں سدا پلتی ہے جنت کی فضا
جسکی ہلکی تھپکیوں میں راحتوں کا رت جگا
جس کی جھولی میں بہل جاتی ہے بچپن کی انا
جس کی اک موجودگی لاکھوں سہاروں سے فزوں
ماں کی شفقت کا فقط احساس فردوس ِسکوں
ماں کی امیدوں میں بچوں کا سدا بخت جواں
جس کے شبنم بیز فقرے زندگی کا کارواں
اور وہ ممتا کی دعائیں مصحفِ امن و امان
ڈال دیتی ہے دعاؤں میں یہ اک الفت سے جاں
ماں کی اس آغوش میں لیتی ہے فطرت بھی پناہ
آدمیت کی ہے یہ آغوش پہلی درسگاہ
جس کے سانسوں کی مہک میں بھی ہزاروں لوریاں
جس کی ہلکی گنگناہٹ میٹھی نیندوں کا سماں
ذہن میں راحت بھریں بالوں میں چلتی انگلیاں
مہر ِمادر مہر ِانساں پر مہرباں آسماں
ماں شعور آدمیت فکر کی پرور دگار
آدمیت کی بلندی کا ہے اس پر انحصار
اپنے بچوں پر فدا ہونا یہ ممتا کی ادا
گر دکھی اولاد ہو تو یہ سراپا کربلا
گر کبھی تکلیف میں بچوں کو دیکھے مبتلا
اپنے سینے میں جلا لیتی ہے آہوں کی چتا
جان دے اولاد پر یہ زندگی کو ٹال کر
بات کرلے موت کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر
ماں بھی ایسی ماں جو آئی بردِ ممتا اوڑھ کر
نورِ حق آیا تھا بشریلا سراپا اوڑھ کر
عصمتِ مریم تھی آئی روحِ عیسیٰ اوڑھ کر
رحمتیں نکلی تھیں اک مادر کا سایہ اوڑھ کر
جس کی رگ رگ میں مچلتا تھا لہو ایثار کا
شکل ِ انساں میں جو اترا تھا فرشتہ پیار کا
ماں بھی وہ جس پر تمامی الفتوں کا انحصار
زندگانی جس کی محلوں کی فضا سے ہمکنار
ناز و نعمت کی فراوانی مسلسل اقتدار
رحمتِ کونین جس کے طبعِ نازک پر نثار
ملکۂ روماؐادھر شہزادیِٔ کون و مکاں
عظمتوں کے کان میں جس کی بلندی کی اذاں
جس کے دل میں نورِ الفت کا سمندر موجزن
ایک ہی گل سے وہ مہکا جس کی ممتا کا چمن
جس کی قسمت کا ستارہ دے سکا صرف اک کرن
جس کی مالا میں سجا صرف ایک یاقوتِ عدن
مامتا کی جھیل میںتو کھل سکا بس اک کنول
گودِ مادر کو ملا اک زندگی کا ماحصل
جب ہوئی بنتِؐ یشوعاؐ بنتؐ سرورؐ کی بہو
شاہ عسکرؐ کے حرم میں پایا اوجِ آبرو
قیصری نرگس نے پائے اہلبیت رنگ و بو
کر گئی معراج ہر دل میں مچلتی آرزو
شاہتوں کو چھوڑ کر پایا امامت کا حرم
ہوگئیں جگ سے نبیوں کی نگاہ میں محترم
مختصر گھر میں بھی تھا عالم کی شاہت کا مزا
خانہ ٔ حق میں سکونِ قلب وہ حاصل ہوا
راحتیں آٹھوں پہر قدموں پہ جھکتی تھیں سدا
زندگی تھی راحتوں کی ایک باریدہ گھٹا
تین سو پچپن میںتھا آغوش میں گل کھل گیا
پھر بتول عصرؐ کو اک فخرِ عیسیٰ مل گیا
رونقیں پھر یوں بڑھیں یہ گھر ہوا خلدِ بریں
لوریوں کی گنگناہٹ میٹھی میٹھی انگبیں
آتے تھے پلنا جھلانے رات دن روح الامیں
صحن کی اجلی فضا رونق کی نت جھکتی جبیں
گھر کی خاموشی میں تھیں راحت کی مینہ کاریاں
گدگدی کرتی تھیں پھر معصوم سی کلکاریاں
پانچ برسوں تک رہی اس گھر میں اٹھلاتی بہار
امتِ ملعون کو گزری یہ رونق نا گوار
تحفہ ٔ اجداد دینے پر ہوئی رعیت تیار
کر لیا آلام ِوحشی نے پھر اس گھر کا حصار
بیوگی کا کوہ ٹوٹا ملکہ ٔ کونینؐ پر
ہوگئیں مرکوز نظریں صرف نورالعینؐ پر
کمسنی معصومیت سر پر یتیمی کے الم
دشمنی کے اٹھتے طوفانوں میں دنیا کے ستم
ملکہؐ کونین پر وارثؐ کا غم بیٹےؐ کا غم
منہ کو آتا تھا کلیجہ دیکھ کر آنکھوں میں نم
پونچھتی تھیں اشک رخ کو پھیر کر وہ پر ملال
کھل کے رونے میں تھا حائل طفل ِکمسن کا خیال
گود میں لیتی پسر کو غم بھلانے کیلئے
تھپتھپاتی تھی وہ بیٹے کو سلانے کیلئے
تلخ تھیں آنکھیں ادھر آنسو بہانے کیلئے
صرف ٹھنڈی سانس کافی تھی رلانے کیلئے
ضبط کرنے پر نکل جاتی تھیں ہلکی سسکیاں
چبھتی تھیں آنکھوں میں اشکوں کی مسلسل کرچیاں
مامتا بے بس تھی درد و غم کے ان کے صدمات میں
نام لینا لعلؐ کا مشکل تھا ان حالات میں
ہو گئے ممتا کے دن تبدیل غم کی رات میں
آنکھیں اشکوں سے اٹی رہتی تھیں کل اوقات میں
آخر اک خاموش دن نے دی رہائی کی نوید
دل میں بیٹے کی جدائی کے اٹھے طوفاں شدید
بین کرتیں تھیں وہ ہمیشہ زخمی دل کوتھام کر
آج ماں مایوس ہے تیری ذرا لینا خبر
مجھ کو سینے سے لگا جا اے میرے نورِ نظرؐ
مجھکو اپنے ساتھ لے جا اے میرے لختِ جگرؐ
اے میرے بیٹے ہے مجھ سے اجنبی سارا جہاں
سوچتی ہوں اسی بھری دنیا میں میں میں جاؤں کہاں
نہ تیرا باباؐ نہ تو ویراں ہے میری کائنات
ہر طرف ہے چھا چکی آلام کی تاریک رات
اک برابر ہے میری نظروں میں اب موت و حیات
یاد آتی ہے تیری بچپن کی مجھ کو بات بات
کون ہے میرا یہاں حاصل کہاں ہو گا قرار
ہے سہارا زندگی کا تیرے بابا کی مزار
زندگی میں ملکہ ٔ عالم کا یہ دستور تھا
دن کو رہتے غارِ سرمن پر ہمہ تن التجا
لب پہ آہوں کی مدیں آنکھوں میں ساون کی گھٹا
دل میں بیٹے کی جدائی میں تڑپتی مامتا
جب بھی سورج رات کی آغوش میں لیتا سکوں
سب امیدوں کی تڑپتی لاش ہوتی غرقِ خوں
جب پرندے شب کو لیتے آشیانوں میں پناہ
رات کر دیتی پریشاں اپنی ہر زلفِ سیاہ
سونے آنگن کی طرف کرتی تھی پھر بی بیؐ نگاہ
منجمد ہونٹوں سے ٹکراتی کوئی اک سرد آہ
حد سے بڑھ جاتے دکھیؐ بیوہ کے جب دردو الم
تربتِ سرتاجؐکی جانب ہی اٹھ جاتے قدم
ہاتھ میں ہوتا تھا اک چھوٹا سا مٹی کا دیا
خشک لب آنکھوں میں نم اور دل میں اک محشر بپا
خاک سے معمور سر اطہر بنا ماتم سرا
زرد چہرے سے عیاں مایوسیوں کی انتہا
دیکھنا تربت کو وہ آنکھوں میں فرطِ بیکسی
دل میں ممتا کی تڑپ اس پر خیال بیوگی
بیٹھ کر تربت کے سرہانے جلاتیں جب چراغ
دھندلی دھندلی روشنی میں تلملا جاتا دماغ
ساتھ شمع کے سلگتا تھا جگر کا داغ داغ
جب قفس میں پھڑ پھڑاتی روح جل اٹھتے ایاغ
ایک لاوے کی طرح دل سے ابل پڑتا تھا خوں
قبر پر سر رکھ کے سونے سے تھا کچھ ملتا سکوں
ایک شب آنچل سنبھالے لائی پیغام ِالم
ہر طرف تاریک شب ہلکی ہوا کچھ چشم نم
ایک خاموشی کا عالم سسکیوں کے زیرو بم
چاند کچھ مایوس اور کچھ زرد سا از فرطِ غم
رات بھی تھی بیوگی کے غم میں پیہم سوگوار
تھی سیہ پوشاک ِشب اس سوگ میں افسردہ وار
ایک سناٹا کہ صحرایا ہوا دریائے درد
رات کی ٹھٹھری ہوئی نبضوں کی جنبش سرد سرد
ہلکی ہلکی چاندنی ماحول سارا گرد گرد
ہر شجر ویران ہر پتے کا چہرہ زرد زرد
ایک خستہ قبر پر اک ٹمٹماتا سا دیا
قبر سے کچھ دور بیوہ ماںؐ ہمہ تن التجا
قبر پر نظریں لرزتے ہونٹ آنکھیں خوں فشاں
زرد چہرے پر عیاں اک غم کئی مایوسیاں
ضبط کا عالم گلے میں رکتی لاکھوں ہچکیاں
جذب سیلی سی ردا میں آنسوؤں کا کارواں
اور وہ خالی جھولی کتنی حسرتوں سے پاش پاش
جس میں ممتا کی امیدوں کی وہ اک ٹھنڈی سی لاش
اور تصور میں تو ہے تصویر بیٹے کی عیاں
بھولی بھالی وہ حسیں آنکھیں حسیں کلکاریاں
یاد آتی ہیں جو کمسن لعلؐ کی محرومیاں
درد کے عالم میں ہونٹوں پر اٹک جاتی ہے جاں
فرط ِغم سے جب بھی ہونٹوں سے پھسل جاتی ہے آہ
عرش بن جاتا ہے اک بھونچال کی آماجگاہ
رو کے کہتی ہے اے میرے چانداے لختِ جگرؐ
کھو گیا ہے تو کہاں ماںؐ کو تڑپتا چھوڑ کر
ہو رہی ہوگی نجانے زندگی کیسے بسر
کمسنی معصومیت دشمن جہاں مژگاں بھی تر
تیری فرقت کا ہر اک لمحہ قیامت خیز ہے
میری آنکھوں کا ہر اک آنسو شرر آمیز ہے
دیکھتی ہوں ہر طرف سارا جہاں ویران ہے
سونے سونے گھر پہ چھایا آسماں ویران ہے
میری امیدوں کی رنگیں کہکشاں ویران ہے
بامِ ودر ویران ہیں یہ آستاں ویران ہے
ہجر کی تاریک شب بیوہ کے سر پر چھا گئی
میری قسمت کو ہے بیٹے موت کی نیند آگئی
آج اس طوفانِ غم کا بھی نیا انداز ہے
میرے کانوں میں تیری مانوس سی آواز ہے
اک تیرا غم ہے طبیعت بھی میری ناساز ہے
زندگی بارِ گراں لگتی ہے یہ کیا راز ہے
میری تنہائی میں اٹھتی ہے جو موجِ اضطرار
تیری غیبت میں مجھے یہ زندگی ہے ناگوار
آ میر ے سینے سے لگ جااے میرے کمسن پسر
چند لمحوں کی ہوں میں مہماں میرے نورِ نظر
حسرتیں دل میں سلگتی ہیں تڑپتا ہے جگر
دل دھڑک جاتا ہے اپنی گود خالی دیکھ کر
مانگ بھی اجڑی ہے میری گود بھی خالی میری
ہوگئی ویران دنیا حسرتوں والی میری
یاد آتی ہیں تیری وہ میٹھی میٹھی بولیاں
کان میں رس گھولتی باتیں وہ بھولی بھولیاں
رونقیں اس سونے آنگن کی تیری ہمجولیاں
صحن میں پھرتی فرشتوں کی وہ ننھی ٹولیاں
اب تو اس گھر پر ہے آسیبی خاموشی چھا گئی
اب خزاں ہے میرے ارمانوں کے گل مرجھا گئی
ہر طرف اٹھتی ہوئی نظروں کو تیری جستجو
ماں کو تنہا چھوڑ کر جانے کہاں کھویا ہے تو
اب میری ویران نظریں ڈھونڈتی ہیں چار سو
آتشِ فرقت سے جلتا ہے ایاغوں میں لہو
نزع ہے مخمور آنکھوں کو ہے تیرا انتظار
میں نے کچھ سانسیں قضا سے مانگ لی ہیں مستعار
تو میرے بالیں پہ آ زانو پہ رکھ مادر کا سر
کچھ سکوں آمیز ہو میرا یہ وقت ِمختصر
کر رہی ہوں آج میں اس دار ِفانی سے سفر
ہاتھ تو آنکھوں پہ دے ہے منتظر یہ چشم ِتر
تیرے کومل ہاتھ خود آنکھوں پہ جب پاؤں گی میں
قلب کی ٹھنڈک سے دنیا سے گزر جاؤں گی میں
تیرے ملنے کی یہ حسرت قلب کو تڑپائے گی
لاش میری راہ تیری دیکھتی راہ جائے گی
مامتا کو جب لحد میں یاد تیری آئے گی
روح میری خلد میں راحت کبھی نہ پائے گی
غم میں دیواروں سے سر جنت میں ٹکرائے گی روح
ڈھونڈنے تجھ کو تو جنت سے نکل آئے گی روح
تجھ کو بیٹا ممتا کے اس سجے سر کی قسم
چشم پر نم کی قسم اس قلب ِمضطر کی قسم
بیوگی کے درد میں اس شب کے منظر کی قسم
جلتے اشکوں کی قسم اس بھیگی چادر کی قسم
آ نزع کا وقت ہے آنکھوں کو اک دیدار دے
میرے ان سوکھے ہوئے ہونٹوں کو صرف اک پیار دے
بجھ رہا ہے آج میری زندگانی کا دیا
جل رہی ہے میری نبضوں میں حرارت کی چتا
آخری لمحات ہیں ہونٹوں پہ ہے اک مدعا
اے میرے بیٹے تیرا دنیا میں حافظ ہو خدا
کاش تو بالیں پہ ہوتا دیکھتا ہونٹوں پہ جاں
درد میں ڈوبی تو گنتا آخری یہ ہچکیاں
یہ صدا ہونٹوں پہ تھی چہرے پہ زردی چھا گئی
دل کی دھڑکن رک گئی ساری زمیں تھرا گئی
سانس تیز ہونے لگی آنکھوں میں حرکت آگئی
ایک ہچکی لی تو وحدت عرش پر گھبرا گئی
تھم گئیں نبضیں تو دھارا زندگی کا مڑ گیا
روح کا پنچھی قفس میں پھڑ پھڑایا اُڑ گیا
جب ہوئی بنتِ نقیؐ پاک کو اس کی خبر
آئیں بیٹے کی لحد پر پاک بی بیؐ دوڑ کر
اشک آنکھوں میں رواں کھولے ہوئے رنجور سر
عسکریؐ ذیشان کی تربت پہ کی آ کر نظر
دیکھ کر حالت بہوؐ کی سر سے آنچل گر گیا
صحنِ شاہ عسکریؐ خود بن گیا ماتم سرا
دیکھا بی بیؐ نے کہ ہے شہزادیؐ کون ومکاں
خستہ تربت پر رکھے ماتھا ہیں سوئی نیم جاں
چھا چکی ہیں رخ پہ تو کچھ موت کی پرچھائیاں
سر کھلا ہے جس میں ہیں سمٹی ہوئی محرومیاں
ادھ کھلی آنکھوں میں تو تھا خیمہ زن اک اضطرار
سو چکا تھا نور ، تھا نورِ نظر کا انتظار
اہل ِخانہ نے کیا غسل و کفن کا اہتمام
شاہ عسکرؐ کے چنا ہمراہ تربت کا مقام
بعد از غسل و کفن پہنچے جنازے پر تمام
قبر میں رکھنے کا جب ہونے لگا پھر انتظام
تب کہا بی بیؐ نے سب جائیں جنازہ چھوڑ کر
آخری دیدار کرنا ہے بہو کا اک نظر
رو نمائی کیلئے کھولے گئے بندِ کفن
کر گئی غش دیکھ کر شہزادیؐ ٔ ملکِ عدن
رو کے کہتی تھی تو آ جا اے میرے شاہِ زمنؐ
ماں کا سایہ ڈھل چکا ہے اے میرے ابنؐ حسنؐ
رونمائی ہو رہی ہے قبر بھی تیارہے
آؤ مل لو ماں سے ان کا آخری دیدار ہے
جس کی گودی میں پلے ہو کر گئی ہیں وہ سفر
اے یتیمی کے مسافر اے میرے خستہ جگرؐ
ماںؐ تمہاری جا چکی ہیں دار ِفانی چھوڑ کر
دیکھنا ماںؐ کا میسر ہوگا روزِ حشر پر
ماں کو تربت میںاتارو آخری دیدار لو
زرد چہرہ ماںؐ کا دیکھو ہو سکے تو پیار لو
پھر ہوا معصوؐم سردابِ مبارک سے عیاں
اک گریباں چاک اور آنکھوں سے آنسو بھی رواں
سرپہ چھوٹا سا عمامہ ادھ کھلا ، لب پر فغاں
سر میں کچھ خاک ِشفا رخ سے عیاں محرومیاں
ننھے رخساروں پہ تو گرد ِیتیمی کا اثر
اور ہر اک نوک ِپلک پر اشک ِخونی کے گہر
آکے ماںؐ کی لاش پر معصومؐ رو کر گر پڑا
اس قدر روئے لپٹ کر ضبطِ غم نہ ہو سکا
سر کو چھاتی میں چھپانا بچپنے کی اک ادا
سر رکھا چھاتی پہ اور پھر سسکیوں کی انتہا
بندھ گئی ہچکی تھا دل میں موجزن دریائے غم
کر رہی تھی تر کفن کو آتشیں اشکوں کی نم
اک طرف رخ سے کیا رو رو کے دامانِ کفن
دیکھ کر چہرے کی زردی خشک ہونٹوں کا چمن
ماںؐ کے چہرے پر جھکے روتے ہوئے شاہِ زمنؐ
دیکھ کر خاموش لب دل سے اٹھے فطرت کے گھن
ضبط کا دامن چھٹا ماتھے پہ دیتے پیار بھی
ماںؐ کے رخساروں سے مس کرتے کبھی رخسار بھی
رو کے کہتے تھے میرے بچپن کو بہلائے گا کون
گود میں لے کر مجھے وہ لوریاں گائے گا کون
گرد آلودہ میری زلفوں کو سلجھائے گا کون
بے سہارا زندگی کو پیار دکھلائے گا کون
اک اکیلا رہ گیا ہوں دشتِ پر آلام میں
اب نہیں کوئی کشش الفت کے میٹھے نام میں
غم سے گھبرایا ہوں دو دامانِ شفقت میں اماں
اس یتیمی میں ہمارا کون ہے اب مہرباں
سب میرے دشمن ہیں جاؤں اک اکیلا میں کہاں
آج کیوں چلتی نہیں بالوں میں میرے انگلیاں
پیار کیوں کرتے نہیں کیا آج ہیں مجھ سے خفا
کس قدر مایوس کن ہے روٹھنے کی یہ ادا
ماں کی باہیں کھل گئیں یہ لاش سے آئی صدا
آ میرے کمسن میری چھاتی سے لگ جا مہ لقا
تیرے آنسو دیکھ کر روتی ہے میری مامتا
تیرے بچپن کی یتیمی پر ہزاروں جاں فدا
تو صدا مہکے اے میری آرزوؤں کے چمن
تو نہ دکھ دیکھے کبھی ہنستے رہو ابن ِحسنؐ
جعفرؐ عالم میں بڑا صدمہ ہے ماں کا انتقال
یہ وہ گہرا زخم ہے جس کا نہیں ہے اند مال
رات دن کر یہ دعا اے کردگارِ ذوالجلال
ختم ہو آلِ محمدؐ کا یہ دور پر ملال
والیؐ خضراؐ کی آمد سے مٹیں درد و الم
بھیج قاؐئم کو الٰہی تجھ کو قاؐئم کی قسم
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار