

طالبِ امداد ہے اور فکر خم سجدے میں ہے
عظمتوں کا ذکر ہے نوکِ قلم سجدے میں ہے
کل تخئیل کی بہاروں کا ارم سجدے میں ہے
ملہم ِالہام ہے پر دل بہم سجدے میں ہے
جب افق پر کھینچتی ہے دائرے جا کر نظر
تتلیوں کا پھڑپھڑانا دیکھتی ہے پھول پر
چھیڑتی ہے فکر خستہ دورِ ماضی کی رباب
بچپنے کی یاد آتی ہے برافگندہ نقاب
کھیلتے ہیں جاگتی آنکھوں میں پھر بچپن کے خواب
خرقہ ٔ نسیاں میں سو جاتا ہے یہ دور ِشباب
بچپنے کے زانوئے عصمت پہ سوجاتی ہے فکر
دور ِطفلی کی حسیں گلیوں میں کھو جاتی ہے فکر
بچپنا گویا نمازِ صبح کی پہلی اذاں
بچپنا چاندی کے سانچے میں ڈھلی کلکاریاں
بچپنا پھولوں کی گرتی اوس کا پہلا سماں
ادھ کھلی کلیوں سے کرنوں کی شریر اٹھکیلیاں
بچپنا آدم کے حرف اولیں کی یادگار
بچپنا حوا کی پہلی آرزو کا انحصار
بچپنا تخم جوانی کے پنپے کی ادا
بچپنا عصمت کے ساتھ ہلکے سے تبسم کا مزا
بچپنا سر سبز کھیتوں کے جھکولوں کی صدا
دور افکارِ پریشاںسے حسیں ملکِ سبا
بچپنا دھیمے سروں میں گنگنانے کا سرور
مصحفِ شانِ کرم اور دیدۂ مادر کا نور
جس کے آگے ساکن و مفلوج ہیں لوح و قلم
جسکی جلوہ گاہ میں دھیمے فرشتوں کے قدم
مہر دیدہ نطقِ شرع اور عقائد سربہ خم
جسکی پیشانی میں عین اسلام کا مقصد رقم
پھول سے ہاتھوں میں جس کے جنبش فطرت شکار
جسکی ہلکی غنغناہٹ راحتوں کی آبشار
جس کے سانسوں کی رمق میں جنبش ِ نبضِ حیات
جس کے گرم اشکوں میں شبنم بیز اک موجِ فرات
ماں کے بے الفاظ جذبوں کی سنہری کائنات
بھولی آنکھیں چاندنی راتوں میں زاہد کی صلوات
خندۂ دنداں نما اک غنچۂ شبنم فشار
نطقِ جبرائیل جسکی بے زبانی پر نثار
جھولنا شاخوں پہ پھولوں کا ہمکنے میں نہاں
پھول کی لپٹی ہوئی پتی گلابی انگلیاں
گد گدا دے چھنچھناتے ہی طلائی چوڑیاں
ابرؤں کی ہلکی دھاری حسن کی چڑھتی کماں
بچپنا اک قطرۂ نیساں در آغوشِ صدف
حسرتِ در ِثمین گویا قبا پوش صدف
بچپنا بھی وہ کہ جس میں حسنِ خلاقِ ازل
جو حدیثِ نور صحفِ حق تخئیل سے اجل
جس کی جانب انبیاء کے ہوں سجودِ بر محل
اور لبِ فرقان کی کل گفتگو کا ماحصل
بچپنا جس میں امامت کا سنہرا امتزاج
عہد طفلی کی ادا اس میں وہ یزدانی مزاج
سات پردوں میں نہاں وہ شمعِ بزمِ ممکنات
صبح ِکاذب کی طرح دورِ عباسی کی وہ رات
جھانکتی ہے فکر غرفوںسے جس کی بات بات
سامنے چشمِ تخئیل کے ہے ساری کائنات
ذہن کے پردوں پہ چلتی ہیں تصاویر خیال
دو صدو پچاس ہجری وہ سنہری ماہ و سال
ملکہؐ روما ہوئیں جب ملکہ ٔ کون و مکاں
صحنِ شاہ عسکریؐ میں پایا لطفِ جاویداں
اک عروسانہ فضا ماحول خود عنبر فشاں
اور کنواری سی امیدیں قلب میں یکسر جواں
شرم سے بوجھل سی پلکیں دلہنوں جیسی ادا
اور شفق آمیز رخ پر غازۂ شرم و حیا
پھر کبھی خلوت میں سائے سے لجا جانا کبھی
آئینے کو دیکھنا اور خود ہی شرمانا کبھی
اپنے ہاتھوں کی حنا پر پیار سا آنا کبھی
پھر خیالِ شاہؐ میں وہ دل دھڑک جانا کبھی
ہر قدم کی چاپ پر اٹھتی نگاہیں بار بار
اور سندھی پلکوں کے پیچھے جھانکتا اک انتظار
آئیں بر ساری امیدیں ہر طرف چھائی خوشی
مختصر گھر مختصر کنبہ وہ ہر سو تازگی
سر پرستی کیلئے موجود تھیں بنتؐ تقیؐ
مل گئی سسرال میں دلہنؐ کو مہر مادری
رونقوں کے ٹھٹھ لگے اور تھی نہ تل دھرنے کی جا
رات دن رم جھم برستی تھی مسرت کی گھٹا
گو وہ تھیں بنتؐ تقیؐ شہزادیٔ ملکِ عدن
عسکریؐ ذیشان کے والدؐ کی تھیں پیاری بہن
احترام ان کا سدا ملحوظ رکھتے تھے حسنؐ
ان سے ممتا کا سکوں پاتے تھے سلطانِ زمنؐ
ان کو بھی معلوم تھا ان کا بھتیجا ہے امامؐ
اس لئے کرتی تھیں وہ اپنی بہوؐ کا احترام
دیکھ کرآمد بہوؐ کی حمد کرتی تھی نثار
اٹھ کے خود تعظیم کو صلوات پڑھتیں با ر بار
بوسہ پیشانی کے دیتی تھیں سدا صد انکسار
ہاتھ آنکھوں پہ لگانے کو سمجھتیں افتخار
پھر غلامی پہ بہوؐ کی چین یوں پاتی تھیں وہ
پھر کبھی نعلین بھی دلہنؐ کو پہناتی تھیں وہ
دستِ بستہ عرض کرتیں ملکۂ شاہِ انام
آپ پر لازم نہیں واجب ہے مجھ پہ احترام
آپ تو ہیں دخترِؐ بنتِ نبیؐ خیرالانام
آپ کی باندی ہوں میں میرا کنیزی ہے مقام
راست کرتی ہیں جو میری جوتیوں کو بار بار
اے نبیؐزادی مجھے کرتی ہیں کیونکر شرمسار
ہنس کے فرماتی تھیں تب وہ دخترِؐ شاہِ اممؐ
یہ بجا ہے میں سیادت میں ہوں تجھ سے محترم
ظاہری رشتہ بجا ، ربِ دو عالم کی قسم
تو نے پایا ہے امامِ وقت کا ہونا حرم
میری عظمت اک طرف لیکن یہ تیری شان ہے
جوتیاں مجھ کو اٹھانے دو تو یہ احسان ہے
اس قدر شانِ شاہانہ سے کٹے لیل و نہار
ڈولیاں خوشیوں کی لاتے تھے وہ لمحوں کے کہار
جن کا ہر اک دن تھا اک گلدستہ ٔ فصلِ بہار
زندگی قوسِ قزح تھی کہکشاں جس پر نثار
دو صد پچپن نے دی پھر اک مسرت کی نوید
نیمہ ٔ شعباں کی شب لائی حقیقی روزِ عید
گود میں اک گل کھلا آنگن بنا رشکِ ارم
ذہن ِ عالم میں لیا حق کی حکایت نے جنم
روئے ہستی پر رکھا آ کے ہدایت نے قدم
پایا ممتا کی انگوٹھی نے نگینِ محترم
عالمِ انسانیت کو ملجیٰ و ماویٰ ملا
اور ادھر ممتا کے دل کو پیار بہلاوا ملا
لوریاں بیٹے کی الفت میں وہ گانا بار بار
پیار میں ہونٹوں کو ہونٹوں سے لگانا بار بار
ناز سے دلبند کا پلنا ہلانا بار بار
ملکِ روما کی کہانی بھی سنانا بار بار
دل میں انجانی خوشی ہونٹوں پہ میٹھی لوریاں
پیار سے زانو ہلانا ہلکی ہلکی تھپکیاں
دھیمے لہجے میں وہ اک بھر پور جذبے کا مٹھاس
رحمتوں کے زیب تن گویا تھا ممتا کا لباس
تلبیہ کہتی نگاہیں کعبہ ٔ الفت کے پاس
چشم کاری میں ہو ا قرآں کا جیسے انعکاس
رسمساتا گود میں ننھا سا جسم نازنیں
جس طرح ذہن ِ ربا میں اک قصیدہ جاگزیں
معرضِ طفلی میں تھا گویا رسول انبساط
گویا تمہید ہدایت تھی درونِ احتیاط
تھا ابھی تک اپنے ہی وجدان میں ربِ نشاط
اور تھے غیبت سے ابھی کچھ دور اعراب و نقاط
بچپنے کے صحن میں رکھا لڑکپن نے قدم
اور ہی بل کھا گئے ان کاکلوں کے پیچ و خم
اک سنہری گیند وہ بازیچہ ٔ مقصد مزاج
کھیل کا وہ انہماک اور کمسنی کا اس پہ راج
کھیل میں باباؐ سے وہ اَحسَنت کا لینا خراج
عظمت اور شہزادگی کا روئے حق پر امتزاج
دوڑ کر امی کی باہوں میں وہ آجاناکبھی
باپ کی آغوش میں الفت سے پھر آنا کبھی
اک طرف طفلی ادھر منصب کے پیچیدہ امور
اور ہدایت کیلئے پیہم خوارق کا صدور
حلقہ ٔ بینش میں یکساں عالم ِ نزدیک و دور
قدسیانِ چرخ کی جملہ جبینوں کے حضور
بھیس میں طفلی کے تھی یہ آیۂ شَیئٍ عَلِیم
تھا قبائے نور میں اترا یہ قرآنِ کریم
کیسہ ہائے خمس کی تحصیل از روئے کرم
سربہ مہر الفاظ اور وہ بے قلم کرنا رقم
اور وہ توقیعات کھائے جن کی قرآں بھی قسم
وہ نفاذِ دینِ حق تبلیغ راہِ محترم
ابلقِ ایام پھر پہلو بدلتا رہ گیا
یونہی مستقبل کڑے ماضی میں ڈھلتا رہ گیا
وقت کے کہرے میں دھندلانے لگے سال و شہور
روز و شب زندانیِ ماضی ہوئے تو بے قصور
جھٹپٹے بھیگے ڈھلیں راتیں اُگے ویراں سحور
خود کشی کرتے رہے لمحات کے وحشی طبور
دو صد وسبعین ہجری کو ملی پہلی ربیع
اور خزاں کی چیرہ دستی کا ہوا حلقہ وسیع
ہو گیا یعنی درِ دُرج ِحسن در ِیتیم
ہو گئی دوشیزۂ اسلام کی حالت سقیم
نذرِ آتش ہو گئی تقدیس انساں کی گلیم
کوہِ غم ٹوٹا ہوا خود طور سینا بے کلیم
جل گئی کشتِ امامت آخری زہرآب سے
اور سفاہت سج گئی تقدیس کے القاب سے
چھٹ گئے غیبت کے پردے چھا گئی ظلمت کی رات
ڈھل گئے شامِ غریباں میں جہاں کے واقعات
زانوئے تشکیک پر سونے لگی کل کائنات
عرق آلودہ ہوئی پیشانیِ کیفِ حیات
ظلم نے الٹی نقاب رخ پھٹے آتش فشاں
قصر ِ وحدت کو گرانے پر تلیں گستاخیاں
دیدۂ فرعون میں چمکی تمنائے کلیم
آ گیا اسلام کی وادی میں پھر سیلاب سیم
بطنِ ذلت سے ہوئے پیدا وہ کم ظرف ولئیم
روزِ اول سے جو تھے غارت گرِ عقل سلیم
اشتہا آلود نظریں جم گئیں سوئے حرم
شمع حق کی سمت اٹھے کفر کے تیرہ قدم
خانۂ عصمت پہ دی دستک ید تکفیر نے
دفعتاً سنجیدگی پائی رخِ تقدیر نے
سوئے قدرت رخ کیا نمرودیت کے تیر نے
بیتِ حق پہ فیل بھیجے ابرہہِ تصویر نے
خانۂ اطر کو گھیرا خواہشِ سفیان نے
پھربنی ہاشم کو گھیرا ورطۂ مروان نے
پھر تدابیر امیہ کے بڑھے دستِ محن
عصر کے شبیرؐ کو ہونا پڑا پھر بے وطن
ہو گیا پامال پل میں ماں کی ممتا کا چمن
لگ گیا خورشید پیکر آرزؤں کو گہن
عسکریؐ کے صحن میں رکھا قیامت نے قدم
تل گئیں گستاخیوں پہ دیدۂ ظلم و ستم
کیا کہوں تاریخ اپنے آپ کو دہرا گئی
ظلم کی جرأت بڑھی شامِ غریباں آ گئی
ملکہ ٔ روما نئے حالات سے گھبرا گئی
جس مصیبت کا تھا دھڑکا وہ اچانک آ گئی
پردہ ٔ وحدت میں مخفی تھی اگرچہ ذات پاک
پھر بھی بیٹے کی جدائی میں جگر تھا چاک چاک
فرطِ غم سے رو کے کہتی تھی محمدؐ کی بہو
اے جفا زا دو نہ تھی مجھ سے مناسب گفتگو
صحن میں قدسی بھی آ سکتے نہ تھے غیر از وضو
کیا نہیں قرآن میں فرمانِ حق لاتدخلوا
خانۂ ختم الرسل ہے خانۂ سلطانِ دیں
صحنِ شاہِ عسکریؐ بھی عرش سے کم تو نہیں
دیکھ کر سرتاج کی تربت یہ کی رو کر کلام
اے امیر وقت ہے یہ آخری میرا سلام
السلام و الوداع اے شاہِ حق خیرالانام
ہو حفاظت میں تیری آقاؐ میرا کمسن امامؐ
میں تو ہوں کرنے چلی سنتِ تیری جد کی ادا
صبر کی توفیق دیں باندی کو اے ظلِ خدا
بنتِ شاہ روم ہوں پروردہِ ناز و نعم
بے خبر آلام سے تھی آپ کے سر کی قسم
آپ کا یہ خانہ ٔ اطہر نہ تھا جنت سے کم
ہے بہت تکلیف دہ آقا یہ اندازِ ستم
لے کے بیٹے کو یہ گھر اب چھوڑ کے جاتی ہوں میں
خود کو تنہا دیکھ کر کچھ اور گھبراتی ہوں میں
ماں کی ممتا بن گئی اک درد کی آماجگاہ
ذہن میں گھومے کڑے حالات کے پر پیچ راہ
فکری دخترکا ادھر آنکھوں میں کل دنیا سیاہ
طائرانہ الوداعی قبر پہ ڈالی نگاہ
رو کے تربت سے کہا شاہِ امم اب الوداع
اپنی باندی پر رہے چشم کرم اب الوداع
غارِ سرمن کی طرف دیکھا کہا اب الوداع
درد و غم کی ہو چکی ہے انتہا اب الوداع
کہہ رہی ہے دل میں ماں کی مامتا اب الوداع
اے میرے کمسن تیرا حافظ خدا اب الوداع
کتنی حسرت خیز ہے بیٹا یہ تیری کمسنی
لوریاں تجھ کو سنائے گی یہ میری بیوگی
پھر مقدر کیا ہے آج آوارہ وطن
پھر پریشاں ہیں جبیں پہ کاکلِ رنج ومحن
کفر کی تاراج دستی میں ہے پھر میرا چمن
مجھ سے پھر روٹھی ہوئی ہے چین کی مائی دلہن
اس طرح دکھ کا جاری ہوا پہلا سفر
درد و غم کے رات دن کھلتے گئے پھر در پہ در
جعفرؐ اب خاموش اس غم کی نہیں ہے انتہا
اشک باری میں مناسب ہے بیانِ مدعا
پردہ دار محملِ ایمانِ قلب انبیا
لیلیٰ تعجیل سے الفاظ کا گھونگھٹ اٹھا
یعنی اس ممتا کے دردوں کا سہارا چاہیے
یعنی تخت و تاج کو وارثؐہمارا چاہیے
یا مولا کریم عجل اللہ فرجک و صلوات اللہ علیک
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار