

سب سے پہلے جو تھا کل شب کو میں بیدار ہوا
ایک سناٹا سماعت پہ گراں بار ہوا
مجھ پہ ہر چیز کے سو جانے کا اظہار ہوا
دوڑنے کیلئے خامہ میرا تیار ہوا
جا کے ہر چیز کی اک پل میں خبر لاتا تھا
سب کے سونے کے پھر انداز بھی شعراتا تھا
زلفِ شب تکیہ پہ شانوں سے ابھی عاری تھی
نیند سی عالم ِموجود پہ بھی طاری تھی
بانگ ِمرغان ِچمن دولت ِناداری تھی
صبح کے ہونٹوں پہ اک جھوٹ کی تیاری تھی
میں تھا بیدار مگر لالہ و گل کو سوتے تھے
صبح کے جتنے بھی آثار تھے کل سوتے تھے
دُبّ ِاکبر کی مسہری بھی لگی تھی اب تک
اور نہ پروین کی بھی آنکھ کھلی تھی اب تک
کہکشاں خواب کے عالم میں پڑی تھی اب تک
زہرہ کیواں کے نہ پہلو سے اٹھی تھی اب تک
اور اسد شمسی کچھاروں میں پڑا سوتا تھا
سارس ِماہ لگد بستہ کھڑا سوتا تھا
عین قابوسی اداؤں میں ہوا ڈھلتی تھی
نیند میں آنکھوں کو نرگس بھی پڑی ملتی تھی
اک جماہی لب سوسن میں ابھی پلتی تھی
اونگھتے تھے سبھی گل مست ہوا چلتی تھی
لیلیٰ ٔ شب کی ابھی زلف نہ سحرائی تھی
رات کی رانی کے خوابوں پہ بہار آئی تھی
آسماں سجدے کے انداز میں خوابیدہ تھا
منشی ٔ چرخ ابھی راز میں خوابیدہ تھا
نورِ حق دفتر ِاعجاز میں خوابیدہ تھا
طائر ِوقت تو پرواز میں خوابیدہ تھا
لولئی چرخ کی آنکھوں کا اثر خفتہ تھا
اور قطب محو تہجد تھا مگر خفتہ تھا
رات کی ساڑھی کے آویزاں تھے چاروں پلو
مثل خمیازہ کئی ٹہنی بدلتی پہلو
اور فضاؤں میں پریشاں تھے گھٹا کے گیسو
چل گیا شب کا ہر اک چیز پہ کالا جادو
خواب خرگوش اسد سر کو نہوڑے سویا
مشتری جیسے کہ تھا بیچ کے گھوڑے سویا
وہ حسیں شب تھی کہ ہر بات میں اسرائی تھی
جس کی عظمت کی میرے رب نے قسم کھائی تھی
جس کے دامن میں شبِ وصل سمٹ آئی تھی
جس کے آنچل میں شبِ قدر کی رعنائی تھی
اپنی زلفوں میں جوتاروں کو پرو لائی تھی
اپنی ساڑی کو جو زمزم میںبھگو لائی تھی
سوتے انوار الہی کے پڑے پھوٹے تھے
سانولی رات سے مخمور سے گل بوٹے تھے
نیمہء ماہ سے زنجیر ظلم ٹوٹے تھے
رات بھر چاند نے اس شب کے مزے لوٹے تھے
رعب پولیس سے پودوں نے جما رکھے تھے
اپنے کاندھوں پہ کئی پھول لگا رکھے تھے
فکر خفتہ نے کسل بیز نگاہیں کھولیں
طفل ِتخییل نے مخمور سی باہیں کھولیں
بابِ لب بستہ نے محصور سی آہیں کھولیں
پھر نقیب شہِ الہام نے راہیں کھولیں
دل کی دھڑکن نے الارم دیا بیداری کا
اے قلم چل کہ یہی وقت ہے تیاری کا
فکر کے دشت میں پھر بارشِ الہام ہوئی
لمسِ ادراک و خیالات مئے آشام ہوئی
بیع ہوئی فصل بہاراں تو میرے نام ہوئی
پھر مدارتِ سحابِ کرم از جام ہوئی
جدتیں اگنے لگیں بادِ خیالی پا کر
خامہ منقار کشا در لآلی پاکر
طبع ِخودار یہی وقت ِ زلیخائی ہے
ضعفِ پیری کو یہاں حسرتِ برنائی ہے
اب مضامین ِجدیدہ پہ تو مہنگائی ہے
طبع ِنازک یہ تیری آخری انگڑائی ہے
کسمساتے ہوئے ذہنوں کو بھی چو نکانا ہے
اور خیالات کے ریلوں کو بھی سمٹانا ہے
ہاتفِ غیب حدیث شبِ شعبان کہتا
شب کی تابندگی رنگ ِ رخِ جاناں کہتا
جو زباں سے تھا قلم کہتا بہ ایماں کہتا
دل میں خواہش تھی کہ تو اک نیا قرآں کہتا
دعویٰ کعبے کو ہے مسجود میرا آیا ہے
خامہ بھی باندھ کے احرام نکل آیا ہے
ساقیٔ روزِ الست آیا ہے خم خانہ بدوش
در بغل ساغر و صد مستی ٔ رندانہ بدوش
دولتِ حسن بہ رخ کاکل ِکوہانہ بدوش
ابرِ باریدہ بدست آمد و میخانہ بدوش
تلبیہ کہتے ہوئے جائیں گے مے خوارِ کہن
اورصراحی کے مخارج میں ہو قرأت کی پھبن
پاک سرمن کی فضاؤں پہ تھرکتے بادل
وہ عروسِ شب رعنا کے سنہری آنچل
چھٹکا چھٹکا ہوا موسم وہ دلوں میں ہلچل
دور پیشیں کو رواں عصر کے بھاری محمل
قہقہے منجمد افلاک پہ تاروں کی طرح
رحمتیں بھیجے کرم باج گزاروں کی طرح
اے زمیں گلشنِ فردوس کی صورت لے لے
سرد جذباتِ محبت کی حرارت لے لے
بوڑھے افلاک سے تھوڑی سی وجاہت لے لے
عرش سے کرسی تو خلاق سے عظمت لے لے
لہجۂ کن کی حلاوت کا نچوڑ آتا ہے
کفر کے آج ہر اک داؤ کا توڑ آتا ہے
اے فلک موجۂ اقمار نچھاور کر دے
سیلِ انجم سرِ افکار نچھاور کر دے
ابرِ نیسان ِ گہر بار نچھاور کردے
کہکشاں مجمعۂ انوار نچھاور کردے
عارضی رنگ بھرا خاکہ لافانی میں
نورِ حق آنے کو ہے پیکرِ انسانی میں
اے عزا دار سیاہ پوش اے مسجود ملل
اے براہیم کی کاوش کا حسیں تاج محل
مولدِ قبلۂ کل کعبۂ ایمانِ ازل
آج تو سوگ منانے کا نہیں کوئی محل
دے مسرت کا پیام آج جبینوں کیلئے
شرح ِصدر آج بھی کچھ چاہیے سینوں کیلئے
وادی ٔ سینائے سرمن پہ بہار آئی ہے
جلوہ ٔ طور مچلنے کا تمنائی ہے
پھر کلیمی کی یہاں انجمن آرائی ہے
نطق توحید کو پھر حسرت گویائی ہے
شمع کی اپنے زجاجہ میں ضیا پاشی ہے
نورِ قدرت کی شب ِقدر میں شب باشی ہے
عرش کے ڈاٹوں میں ہوتا ہے چراغاں امشب
انبساط عرش سے تا فرش پر افشاں امشب
خلوتِ قدس میں خالق بھی ہے خنداں امشب
نورِ خالق کی سرِ فرش ہے باراں امشب
معرضِ جلوہ وہ رزاقی و خلاقی ہے
ہر نبیؐ چشم براہ دید کا مشتاقی ہے
کفر کے اترے ہوئے چہرے پہ سکراتیں ہیں
اور لبِ جہل پہ اب موت ہی کی باتیں ہیں
قسمتِ ظلم میں شب خون زدہ راتیں ہیں
عدل و انصاف کی پھر خفیہ ملاقاتیں ہیں
خلعتِ رشدو ہدایت میں جلی جاتا ہے
منظر ِ عام پہ اک رازِ خفی آتا ہے
رات کی گود میں جب صبح کے آثار ہوئے
زندہ داران ِ فلک سونے پہ تیار ہوئے
صبح صادق کے درخشاں لب و رخسار ہوئے
قدسی افلاک سے اس طرح نمودار ہوئے
جیسے دنیا میں کوئی دور نیا آتا ہے
یا پھراس دھرتی پہ دھرتی کا خدا آتا ہے
ہاں یہی نیمۂ شعبان کی ہے صبح حسیں
اس لئے قدسی سوئے ارض جھکاتے ہیں جبیں
آج دنیا میں اترا آیا ہے خود رب ِزمین
یہ تو آفاقی مسرت ہے کوئی کم تو نہیں
اس مسرت سے نہال عالم انوار ہوا
منتقم پا کے سخی غازیؐ ہے سرشار ہوا
آج ہر شے کی امنگوں پہ جوانی دیکھو
آج ہونٹوں پہ دعاؤں کی روانی دیکھو
انتقام آج ہے کہتا میرا بانی دیکھو
اب شروع ہوتی ہے خوشیوں کی کہانی دیکھو
جعفرؐ اس شب کو خداوند ِکرم آئے ہیں
انبیا اس لئے سر کرنے کو خم آئے
یا مولا کریم عجل اللہ فرجک و صلوات اللہ علیک
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار