

پلتی ہیں میرے کشتِ تخئیل میں بہاریں
اڑتی ہیں میرے فکر میں اشعار کی ڈاریں
ساون سا مضامین کی دیتا ہے پھواریں
سوچوں میں میری جدتیں نت رات گزاریں
خامہ کو چلاتا ہوں قمر زاد بنا کر
ہر لفظ کو ضو دیتا ہوں میں نور پلا کر
عرشوں پہ جھپٹتے ہوئے شاہین خیالات
ہر پل میں سناتے ہیں مجھے ایک نئی بات
پھر فکر کا میدان کہ اک عرصہ عرفات
ہے خیمہ زن اس میں گویا انوار کی بارات
جب ذہن میں آقاؐ کی بسے عطر بھری یاد
پھر شعر مناتے ہیں یہاں محفلِ میلاد
اب ذہن کی گلیوں میں جلا جل کی صدا ہے
شہنائی کوئی فکر میں اب نغمہ سرا ہے
اب سوچ میں پائل کا کوئی گھنگھرو بجا ہے
دف بجتی ہے دھڑکن میں کوئی شور بپا ہے
معراج پہ دیکھا جو شہِ کون و مکاں کو
اک شیریں زبانی ملی خامے کی زباں کو
وہ شانِ شہنشاہِ رسلؐ اوجِ خدائی
زلفوں کے ہر اک پیچ میں ہے عقدہ کشائی
وہ شان جہاں قدس نے مستک جو جھکائی
پرواز نہ کر پائیں پر فکرِ وفائی
کل بھی کوئی سمجھا تھا نہ سمجھا ہے کوئی آج
سرورؐ کی یہ معراج تھی یا عرش کی معراج
کھلتی شب معراج وہ اٹھلاتی ہوئی رات
کھانے لگے رفرف سے وہ افلاک سبھی مات
جب چوتھے فلک پر ہوئی انوار کی برسات
عیسیٰ نے کی اس وقت شہِ حق سے ملاقات
کی عرض کہ کچھ وقت مجھے بھی تو عطا ہو
تخلیے میں جی چاہتا ہے بات ذرا ہو
فرمایا کہ عجلت میں تو رکنا نہیں ہوتا
رد کرنا سوالی کا بھی زیبا نہیں ہوتا
ایسے میں ملاقات کا موقعہ نہیں ہوتا
پر کہتے ہیں دل توڑنا اچھا نہیں ہوتا
نعلین پہ سر حضرت عیسیٰ نے جھکایا
سجدے میں مزا سجدۂ توحید کا پایا
کی عرض کہ یکتا ہو تمہی کون و مکاں میں
ہیں روحِ رواں آپ رسل زار جہاں میں
آپ آ ہی نہیں سکتے میرے وہم وگماںمے
کہنے کیلئے نطق نہیں میری زبان میں
الفاظ ہیں گم گنگ ہے جرأت یہ ہماری
بس اتنا سمجھ لیں ہوں تیرے در کا بھکاری
رحمت سے تیری آقاؐ سنبھلتی ہے تمنا
یہ شان و شرف دیکھ کے پلتی ہے تمنا
اظہار میں دب دب کے نکلتی ہے تمنا
صدیوں سے میرے دل میں مچلتی ہے تمنا
اس گھر کی غلامی میں بھی ہو حصہ ہمارا
کچھ اور چمک جائے مقدر کا ستارہ
ہیں آپ خداوندِ بشر اوجِ ملل ہیں
ہستی سے بہت بالا ہیں انوارِ ازل ہیں
توحید کی قدرت ہیں اور سر گرم عمل ہیں
یہ ٹھیک ہے کہ آپ تو رشتوں سے اجل ہیں
پھر بھی یہ مناسب تو ہے سرکار نے جانا
ماں باپ کسی کو تو کسے بیوی بنانا
فرمایا کہ ہم خوب سمجھتے ہیں تیری بات
یہ ٹھیک ہے رشتوں سے اجل تر ہے میری ذات
لوٹانا تمہیں بھی تو نہیں میں نے تہی ہات
لوکرتے ہیں ہم عیسیٰ بلند آپکے درجات
جو آخری ہے نورِ خدا نور ہے میرا
اظہار کی حد تک وہ نواسہؐ ہوا تیرا
سررکھ دیا سجدے میں نبوت کے امیں نے
صد شکر کیا عیسیٰ ئِ افلاک نشیں نے
نعلین کا بوسہ لیا عیسیٰ کی جبیں نے
آنکھوں میں چمک اٹھے عقیدت کے نگینے
سرورؐ نے بصد شان کی معراج کی تکمیل
دھرتی کو پھرے زیب تھا قو سین کا اکلیل
پھر ماہ وسنین اپنے بدلتے رہے اوراق
دے دے کے بجھاتا تھا شرر وقت کا چقماق
غلطیدۂ خون ہو کے تڑپتے رہے آفاق
ابنائے شب و روز یونہی ہوتے رہے عاق
تا اینکہ نقاوت کے تقدس کے افق پر
اک چاند چڑھا ساتھ لئے ہیبت عسکر
تب سلطنتِ روم کی مخمور ہوا میں
اس قیصرِ روما کے حسیں حرمِ سرا میں
بالیدہ محلات کی اجلی سی فضا میں
ان قیصری نعمات کی گھنگھور گھٹا میں
پیدا ہوئی دوشیزۂ عصمت کی حسیں لاج
شہزادیٔؐ کونین وہ تقدیس کی معراج
عیسیٰ کی مسیحائی پہ انسانی قبا تھی
آدرشِ مسیحا تھی تو مریم کی حیا تھی
روح اللہ کی وہ روح تھی عصمت کی ادا تھی
خالق کا لب و لہجہ تھی سرورؐ کی دعا تھی
ملکہ جو کہا ان کے کمی پھر بھی رہی ہے
ملکہ کے اسی لفظ میں نقطوں کی کمی ہے
وہ جسم میں ڈھالی ہوئی قیصر کی وجاہت
پیکر میں سموئی سی تغزل کی لطافت
وہ پاک سراپا کہ رواں روحِ نفاست
معصوم نگاہوں میں وہ سوئی ہوئی عصمت
زلفوں میں شبِ قدر کی اٹھتی سی جوانی
ہر زلفِ معطر میں جواں رات کی رانی
وہ روم کا ماحول محلات کی سج دھج
وہ قصرِ فلک بوس دیں افلاک کو دھیرج
کھلتا وہ ارم زار وہ ہریالی کا ہودج
فطرت کو نظاروں سے ہو اک پل میں ستر حج
سبزے کے وہ قالین گلوں کا وہ نظارا
ہر شجر تھا چھوڑا ہوا سبزے کا فوارا
خنکی سے زمیں پہنے ہوئے سبز قبائیں
ہریالی کی اوڑھی تھیں چٹانوں نے ردائیں
نعمات لٹاتی سی وہ رحمت کی گھٹائیں
پی پی کے شراب اور بہکتی سی ہوائیں
اک نرگسی ماحول میں پلتے سے شب و روز
اس آنکھ مچولی میں بہلتے سے شب و روز
قیصر کے حسیں قصر کے وہ کسیری اطوار
وہ مخمل و دیبا کی فضا خلد کا معیار
اور لاکھوں کنیزوں کی غلامی وہ لگاتار
ہر سانس وہاں سیکڑوں نعمات سے دو چار
جھکتی تھیں سوئے قصر نظاروں کی جبینیں
افلاک پہ اِتراتی تھیں روما کی زمینیں
شہزادیؐ تھی نعمات کے گہوارے میں پلتی
راحت کے خزانے تھی ہر اک چیز اگلتی
پوری تھی وہ ہر بات جو تھی لب سے نکلتی
بچھ جاتی تھی ہر آنکھ وہ جس سمت کو چلتی
اس شان سے پختہ کیا بچپن کی ہمک کو
چھونے لگے ہاتھ اٹھ کے جوانی کے فلک کو
جب اونچا ہوا عہد جوانی کا وہ پرچم
آئینے سے شرمانے لگیں حاصلِ مریم
وہ دورِ شباب ، اس کا وہ احساس سا پیہم
چہرے پہ عیاں شرم سے تھی چیت کی شبنم
انجانی خوشی جاگی تھی بچپن کو سلا کر
انوار کی جھیلوں سے شباب آیا نہا کر
تعبیر کشا ہوگیا عیسیٰ کا ہر اک خواب
آنکھوں میں لگی پھرنے وہ اسریٰ کی تب و تاب
ماضی کی تمنا کو ملا گوہرِ نایاب
کام آئے تھے در یوزہ گری کے سبھی آداب
ہر راز کو اس چہرۂ پُر نور سے پڑھ کر
اچھلے یوں خوشی سے کہ گئے چوتھے فلک پر
جبریل کو تب سرورؐ عالم نے بلایا
وہ خدمتِ سرکارؐ میں اڑتا ہوا آیا
پھر عجز سے سر آقاؐ کے قدموں میں جھکایا
سرکاؐر نے جبریل کو پاس اپنے بٹھایا
فرمایا کہ یہ تجھ کو بلانے کا سبب ہے
بیٹے کیلئے اب مجھے رشتے کی طلب ہے
معراج پہ جب کی تھی مسیحانے ملاقات
اس رشتے کی اس سے میری پکی تھی ہوئی بات
اب ناطہ بندی سونپتی ہے تجھ کو میری ذات
یوںسمجھو کہ معراج سے بالا ہے یہ سوغات
عیسیٰ کو مسرت کا سندیسہ یہ سنا دو
منگنی کیلئے آتے ہیں جا کر یہ بتا دو
جبریل نے جب عیسیٰ کو مژدہ یہ سنایا
مریمؐ کا پسر چرخ پہ پھولا نہ سمایا
پھر حضرتِ شمعون کو پاس اپنے بلایا
جبریل کے آنے کا سبب اُس کو بتایا
دونوں کے ہوئے چہرے مسرت سے یوں گلنار
گل ہائے ارم ہونے لگے ان سے شرمسار
اس دھوم سے ہونے لگی منگنی کی تیاری
فطرت نے دوپٹے پہ کیا گوٹا کناری
ماحول پہ طربیلا نشہ ہو گیا طاری
آفاق نے کی شمسی نظاموں کی زواری
خورشید نے روشن کی جو قندیلِ عقیدت
پھرنے لگے سَیارے بھی پروانوں کی صورت
سامرہ میں تھے جلوہ نما پنج تنِؐ پاک
چہروں پہ مسرت سے تبسم تھا فرحناک
فرماتے تھے اک شان سے خود صاحبِ لولاک
مشتاق تھے جس روز کے یہ انجم و افلاک
آیا ہے وہ دن سب نے ہے یہ دھوم مچائی
ہونا ہے میرے عسکریؐ ذیشاں کی سگائی
سجادؐ کو باقرؐ کو اور جعفرؐ کو بھی لاؤ
کاظمؐ کو رضاؐ اور تقیؐ کو بھی بلاؤ
پھر میرے تقیؐ بیٹے کو مژدہ یہ سناؤ
منگنی کیلئے جانا ہے سجنوں کو بتاؤ
کل آلِؐ محمدؐ کو سگائی پہ ہے جانا
عیسیٰ کے وہاں آج ہی ہونا ہے روانہ
مدعو کریں قربا کو مناسب تو یہی ہے
یہ آلِؐ محمدؐ کی تو مشترکہ خوشی ہے
منگنی کی حسیں رسم میں شرکت بھی بڑی ہے
مل جائے گا دھیرج کہ وہ دل سب کا دکھی ہے
پہنچے وہ سجن ساتھ وہاں جن کو تھا جانا
سرورؐ ہوئے اولاد کے ہمراہ روانہ
کچھ جوڑے مزمل کے تراشیدہ اٹھائے
وہ سارے مدثر کی نگارش سے سجائے
بوتام پہ کچھ لولو و مرجان لگائے
پھر عطر جبینِ شہِ عسکرؐ میں بسائے
بادل کے رتھوں میں تو سجائے گئے ہیرے
ہر ابر میں رکھے گئے رحمت کے ذخیرے
جب روم کے مطلع پہ ہوئے ابر نمودار
عیسیٰ نے پذیرائی پہ صلوات کی تیار
اعلان کیا آتے ہیں عیسیٰ کے کرم گار
مریم نے کیا میٹھی دعاؤں کو گہر بار
کچھ دور تھے اس قصر سے خود سیدِ عالی
ملکوں کا وفد آیا پئے خیر سگالی
مہمانوں کو شمعونؐ نے آنکھوں پہ بٹھایا
ہر سمت کو بالغیب کے کتبوں سے سجایا
یوخابہ نے پھر نوری قناتوں کو لگایا
پھر بڑھ کے نبیؐ زادیوں کو گھر میں بلایا
شہزادیِٔؐ کونین بھی مریم کے گئیں ساتھ
دلہن کے سرِ پاک پہ شفقت سے رکھا ہاتھ
ٹھوڑی سے رخ اونچا کیا پیشانی کو چوما
فرمایا کہ جیتی رہو شہزادیِٔ روماؐ
دل ملکۂؐ عصمت کا اسی پیار پہ جھوما
پائی وہ بلندی کہ خیال عرش پہ گھوما
انگشتری منگنی کی جو پہنائی ضیا بار
خالق نے نچھاور کئے صلوات کے دینار
دیں ان کو سگائی کی وہ پوشاکیں منور
جنت کے وہ خلعات بھی ہونے لگے ششدر
پھر پیش کئے منگنی پہ آیات کے زیور
اس بات سے روشن ہوا قرآن کا مقدر
فرمانے لگے دیکھ کے کل آلِ محمدؐ
جوڑی ہے بہت خوب سدا دور نظر بد
اس رسم کی تکمیل پہ واپس ہوئے سارے
شادی کی تیاری پہ سنورتے تھے ستارے
دھرتی پہ تو افلاک نے بھی قہقہے مارے
تھے رقص پہ تیار دو عالم کے نظارے
پر شادی کی تاریخ بھی ہونا تھی ابھی طے
مخمور فرشتے تھے مسرت کی پئے مئے
جبریل کو دی قادرِ کونین نے آواز
شادی ہے یہ کس کی تمہیں معلوم ہے یہ راز
اس کی ہے یہ شادی جو ہے عالم سے سر افراز
کر سکتا نہیں تیرا تخیل وہاں پرواز
کل شمسی نظاموں کو یہاں کھینچ کے لاؤ
تقریب ہے اک خاص فرشتوں کو بلاؤ
اس حکم پہ پہنچے وہ خلاؤں کے تمندار
حیراں تھے ستارے کہ خوشی کا ہے یہ تہوار
کئی اربوں شموس آئے کئی کھربوں وہ اقمار
خود کہکشاں اوڑھ کے اجرک ہوئی تیار
تقریر کا خالق نے کیا شان سے آغاز
فرمایا گرہ ڈالنے کا کس کو دیں اعزاز
اول تو ہے روم اور ہے سامرہ بھی جانا
تاریخ یہ شادی کی ہے سرورؐ کو بتانا
شادی کے پیامی کو تو دیکھے گا زمانہ
پہلے ہو تعین تو کریں اُس کو روانہ
لیکن کسے بھیجیں ابھی یہ بات تو در ہے
دو مشورہ تم بھی میری تم سب پہ نظر ہے
جبریل نے کی عرض کریں مجھ کو روانہ
فرمایا مناسب نہیں یوں بیچ میں آنا
تم روز ہی جاتے ہو کبھی پھر چلے جانا
جب خیر سے بچے ہوں تو تم جھولا جھلانا
مجھ سے بے تکلف تیرا ہونا نہیں اچھا
اوقات کو بھولوں میں ڈبونا نہیں اچھا
سورج سے مخاطب ہوئے پھر شانِ خدا سے
جانا تیرا کیسا ہوگا نورانی قبا سے
فرمایا تو کچھ شوخ ہے انداز و ادا سے
خورشید تو جل جائے گا شبنم کی فضا سے
مہتاب تیرا یوں نہیں شرمانا مناسب
لگتا ہے میرے چاند تیرا جانا مناسب
کی عرض بجا ہیں یہ سبھی حکم تمہارے
لیکن میرے چہرے پہ جو یہ داغ ہیں سارے
اٹھے گی کوئی انگلی کئی ہوں گے اشارے
کٹ جاؤں گا میں آقاؐ وہاں شرم کے مارے
داغوں سے ہے پُر آقاؐ میرا چہرہ تمامی
بے داغ کی شادی کا ہو بے داغ پیامی
فرمایا اے طارق توں ہی ذیجاہ و حشم ہے
تو نجمِ علیٰ سورۂ طارق کا بھرم ہے
کرنوں کے درخشندہ چمن کا تو ارم ہے
تو جچتا ہے مجھ کو تیری عظمت کی قسم ہے
میں بھی ہوں تیرے ساتھ گرہ شادی کی ڈالیں
تاریخ ہو طے دہر کو حجت سے سنبھالیں
وہ روشنی سے کر کے وضو ہو گیا تیار
چہرے پہ مسرت کا مَلا غازہ کئی بار
حوروں کو لیا ساتھ معاون و مدد گار
روما کو روانہ ہوا وہ نجمِ ضیا بار
افلاک کے تاروں میں غزل کوئی چھڑی تھی
ہر ایک کلی خلد کی نخروں سے تڑی تھی
تاریخ ہوئی طے تو گرہ ڈالی کرم نے
صد بار مبارک دی صدا حل و حرم نے
رخ شرم سے ظلمت کا کیا دہر کے غم نے
قدسی تھے یوں رقصاں کہ نظر دیتے نہ جمنے
شادی کی تیاری میں لگے آلِ محمدؐ
بس ایک مسرت تھی نجف سے تا بہ مشہد
مریم نے ادھر بیٹیؐ کو خود مایوں بٹھایا
سارہ نے بڑی شان سے زلفوں کو گندھایا
ہر سمت حجابوں کا کڑا پہرہ لگایا
دل تھام لیا حوروں نے گھونگھٹ جو گرایا
ملبوس حریری پہ ستاروں کی وہ جھلمل
خوشیوں سے پُر آنے لگے انوار کے مخمل
ناگاہ برآمد ہوا اک ابرِ بہاری
ظاہر ہوئی افلاک سے نورانی عماری
دلہنؐ کے قریب آئی محمدؐ کی وہ پیاری
دلہنؐ کی کئی بار وہاں نظر اتاری
مریم کو بھی حوا کو بھی سارہ کو بلایا
حناؐ کو بھی فضہؐ کو اور لعبا کو بلایا
فرمایا کہ ہم ہی نے کیا ہے تمہیں مدعو
مقصد تو ہے دلہنؐ جو بہو ہے میری مہ رو
ابٹن بھی ملیں ان کے لگائیں انہیں چیکو
مہندی سے سجیں ہاتھ شنگر جائیں یہ گیسو
اب ان کے سجانے کا شرف تم کو دیا ہے
معراج ہے جو تم نے کنیزی میں لیا ہے
گھونگھٹ کو پھر آہستہ سے بی بیؐ نے اٹھایا
پیشانی کا بوسہ لیا آنکھوں سے لگایا
پڑھتی رہیں صلوات بہت پیار بڑھایا
مینڈھی پہ نظر کی تو کچھ ایسا نظر آیا
رکھ دی تھی حسیں بالوں میں والیل سمو کر
گوندھا تھا شبِ قدر میں زلفوں کو ڈبو کر
صلوات کی ہر سمت سے مخمور صدا ہے
میڈھی ہے کہ گوندھی ہوئی اک صلے علیٰ ہے
ہر پیچ جو ہے کلمۂ توحید نما ہے
کھلتی ہے یہ میڈھی یہ عجب رسم ادا ہے
دلہن کی جھکی پلکوں میں مسکان لجیلی
ماحول ہے مخمور ہوا بھی ہے نشیلی
ابٹن رخِ روشن پہ لجاتا نظر آیا
اور حسنِ رخِ پاک بڑھاتا نظر آیا
اک چاندنی میں چاند نہاتا نظر آیا
خورشید کو بھی نور پلاتا نظر آیا
کرنوں کی وہ پچکاری بھرے ذروں کے چلو
تھامے تھے جوانی نے حسیں حُسن کے پلو
پھر عطر حنا میں گیا مہندی کو بھگویا
یاقوت کو پگھلایا تو پھر اس میں سمویا
اس رنگ کو پھر عرق گلِ لالہ سے دھویا
پھر ہاتھوں کی مہندی میں خدا آپ بھی کھویا
نقطے کی حسیں بات یہ مہندی ہی نے کہہ دی
ان ہاتھوں پہ اب دیکھیں گے رنگ رخ مہدیؐ
یہ حسن کی توریت ہے یہ روپ کی زبور
عصمت کی یہ انجیل ہے تقدیس کا دستور
رازوں کی کلیمی ہے تو جلوؤں کا حسیں طور
قرآں کی طرح نور ہے الہام سے معمور
مریم کا سبھی حسن تو عصمت کی ہے تاثیر
یہ عصمتِ مریمؐ کی ابھرتی ہوئی تصویر
حوروں نے پڑھے سہرے وہ تانوں پہ چلی تان
تِیور کے یہ تیور وہ بڑی ٹھاٹھ وہ کلیان
سرَگم میں وہ سُر گُم سبھی میٹھاس میں الحان
غلمان کہ سنگیت کی دولت سے جو دھنوان
شعروں کا ہر اک فقرہ جو ایمان کا مصحف
افکار کی اونچائی کہ جلتے پرِ رف رف
گاتے تھے سبھی ملکۂ تطہیرؐ کا سہرہ
ہم لائے ہیں توحید کی تنویر کا سہرہ
عیسیٰ کے ہر ایک خواب کی تعبیر کا سہرہ
زیبا ہے انہیں آلؐ کی توقیر کا سہرہ
الفت میں پرو لائے ہیں ہم نور کے پرزے
ہوتے ہیں فدا نرگسِ مخمور کے پرزے
جاری تھا تیرا سہرہ جو خالق کی زباں پر
لکھ لائے ہیں وہ سہرہ خطِ کہکشاں پر
سہروں کے یہ گل ہنستے ہیں تضحیکِ خزاں پر
رلتے ہیں گہر آج لبِ ابرِ رواں پر
اک وجد میں اک حال میں بے خود ہیں بروٹے
لب پر ہے صدا سہرے کا اک برگ نہ ٹوٹے
سن دو صد چون (254)کا حسیں دور ممجد
سرمن میں ہوئی حضرت مریمؐکی جب آمد
بلقیس کا وہ فخر حسیں تخت زبرجد
آئے تھے پذیرائی پہ کل آل محمدؐ
کی عرض کہ آقا تھی یہ اک رسم نبھانا
مقصد تو ہے نوشاہ کو اب مہندی لگانا
صلوات پڑھیں آپ تو مہندی میں لگائوں
دولہاؐ کے حسیں ہاتھوں کو مہندی سے سجاؤں
نوشہؐ کو سجا لوں تو کچھ انعام بھی پاؤں
انعام میں سرکارؐ کے میں چوم لوں پاؤں
سرخی جو تھی شرمانے سے دلہن کی جبیں پر
لائی ہوں اسی سرخی کی میں مہندی بنا کر
ہاتھوں پہ حسنؐ کے وہ سجا رنگِ حنائی
اس گوری ہتھیلی پہ حنا جھوم کے آئی
پوروں پہ بنے چھلے وہ چھلوں میں صفائی
جبریل کی آنکھوں نے بھی سرخی وہ چرائی
ہاتھوں کے حنا زار سے لالہ بھی ہوا ماند
ناخن تھے شفق پر چڑھے اک طرز کے دس چاند
پاؤں کی نفاست پہ حنا ایک گراں بار
ملنے لگا پاؤں پہ گلِ لالہ بھی رخسار
پا بوسی میں مصروف تھا امبر کا شفق زار
اس رنگ سے تھے عارضِ لعبا بھی شرمسار
مہندی کی وہ ہریالی حسنؐ یا حسنؐ کو
اور سرخی نے شبیرؐ دیا شاہِ زمن کو
مہندی کی وہ سرخی میں لہو قلب حنا کا
رشحات لہو سرخی تو فق صبا کا
اک شامِ اودھ جس میں شفق رنگ فضا کا
وہ سرخی حنا ہاتھ وہ خورشید ادا کا
نسبت جو یہ تھی ملکۂ افلاک نشیں کی
خود مانگ بھری ہیروں سے شبنم نے زمیں کی
مہندی کی ہوئی رسم ادا ایسی ادا سے
پھولی تھی شفق چرخ پہ اندازِ حنا سے
مہندی کو ملا اوجِ شرف دستِ خدا سے
اس رسم کو دستور ملا آلِ عباؐ سے
حیراں ہے قلم فکر ہے اس موڑ پہ ششدر
کس اوج پہ تحریر ہو مہندی کا مقدر
دربارِ شہنشاہِ اممؐ مرکزِ انوار
ڈھالے ہوئے اک مشک ختن میں در و دیوار
ہر خشت کی تابش کہ اک الماس ضیا بار
ہر سمت سے لٹکے ہوئے پردوں کی وہ مہکار
اک قوس قزح چاروں طرف چھائی ہوئی تھی
پردوں سے ارم خیز بہار آئی ہوئی تھی
آراستہ قالینوں سے آنکھ اٹھنے نہ پائے
گویا کہ تھے حوروں نے حسیں بال بچھائے
رنگ ان پہ تھے اک آنکھ مچولی سی رچائے
چنچل سی چمک نے تو کئی پھول کھلائے
وہ قمقمے فانوس چراغاں سے وہ جھلمل
تھی ایسی خوشی بلیوں اچھلتا تھا ہر اک دل
وہ کرسیاں زریں کہ سجاوٹ میں قرینہ
ہر کرسی کہ تھی بازو کشا ایک حسینہ
ان پر وہ طلا کاری جناں غرقِ پسینہ
کرسی کی ہر اک جزو تراشیدہ نگینہ
ہر میز پہ آراستہ کوثر کے حسیں جام
ہر جام پہ اٹھتی یہ صدا آپ ہی کے نام
اور وسط میں دربار کے اک تختِ ضیا بار
اک عرش معلی کی جبیں زینوں کا معیار
ہیروں کا جڑاؤ بھی تھا تقدیس کا شہکار
ہیروں کی چمک جلوۂِ ایمن بھی شرمسار
اور پہلوؤں پر بستہ زرِ سرخ کے طاؤس
منقاروں میں تھامے ہوئے دو نور کے فانوس
پھر دونوں طرف زینوں کے دو شیر طلائی
آنکھیں وہ بھبھوکا کہ دہل جائے خدائی
وہ جست کا انداز وہ چتون سے چڑھائی
ہیبت کہ قیامت تھی نگاہوں میں سمائی
اس تخت پہ اک مخمل و اطلس کا وہ استر
پھر اس کے کناروں پہ وہ یاقوت کی جھالر
اور آگے سوا لاکھ نبی جلوہ نما ہے
دربار میں تا حدِ نگاہ مجمع لگا ہے
ملکوت کہ نورانی سمندر سا رکا ہے
ہر ایک مَلک سامنے پر بستہ کھڑا ہے
غلمان مؤدب سے کہ خدمت میں بھی چوبند
وردی وہ گلابی تو طلائی سے کمر بند
بوٹے سے وہ قد چہروں پہ اک نقرئی انداز
وہ جھیل سی آنکھیں کہ وہ اک سحر کا اعجاز
عارض پہ وہ کاکل تو ادھر سبزۂ آغاز
وہ بانکے ملن سار وہ کچھ شوخ وہ طناز
چہروں پہ وہ شوخی سے کئی حشر جگا دیں
ہاتھوں سے نہ پینا ہو تو آنکھوں سے پلا دیں
اس تخت کے پیچھے تو کئی کوچ لگے تھے
وہ سارے منقش تھے مرصع تھے سجے تھے
اور ہر پہ جواہر بھی قرینے سے جڑے تھے
کوچوں کی نگہداشت پہ رضوان کھڑے تھے
وہ نرم کشن زانوئے سلمیٰ جو بھلا دیں
سر رکھنے کی سوچیں تو وہ لوری سے سلادیں
مرکوز تھیں اس تخت پہ عالم کی نگاہیں
ہر دل کی صدا تخت پہ آقاؐ ابھی آئیں
خاموشی کے انداز میں ھُوَ کی ادائیں
صاف آتی تھیں ہر دل کے دھڑکنے کی صدائیں
اور سارے ہی دربار میں چھایا تھا تجسس
کل منتظر آنکھوں میں سمایا تھا تجسس
کی ہاتفِ قدرت نے منادی یہاں اک بار
اے مجمعِ انوار خبردار خبردار
آتے ہیں شہنشاہِ اُممؐ خالقِ انوار
وہ عالمِ ملکوت کے مسجود و کرم گار
اور ساتھ ہیں سب آپ کے اخلاف گرامی
ملکوت و نبی چاہیئے دیں مل کے سلامی
ظاہر ہوئے اس شان سے پھر سیدؐ عالی
ہمراہ تھے وہ یازدہمؐ دُرِ لآلی
پیشانیاں خورشید تو ابرو وہ ہلالی
محرابوں میں اک کوکب دری کی جلالی
تب بڑھ کے مسرت نے لیں ان سب کی بلائیں
قالینوں میں پیوست ہوئیں سب کی نگاہیں
دھیرے سے چڑھے تخت پہ سرتاجِؐ نبوت
طاؤسوں نے پَر مار کے دی ان کی شہادت
یوں گونج اٹھے شیر کہ طاری ہوئی ہیبت
اظہار میں لائی گئی خالق کی وجاہت
ایستادہ نبی ہو گئے تعظیم کی خاطر
ملکوت گرے سجدے میں تکریم کی خاطر
اجلال کیا تخت پہ سرکاؐرِ امم نے
منبر کو شرف بخشا نبوت کے قدم نے
صلوات پڑھی جھوم کے تب حل و حرم نے
اور نظر اتاری تو شاہِ حق کے کرم نے
پہلو میں جگہ حیدرؐ کرار نے پائی
سرؐور کے وصی دہر کے سردارؐ نے پائی
جب کرسیوں پہ بیٹھے سلاطینِ امامت
ہونٹوں پہ وہ مسکان وہ چہروں پہ مسرت
کرنیں وہ نگاہوں کی برستی ہوئی رحمت
عارض سحر آثار جبینوں پہ بشاشت
اک ساز چھڑا دور کہیں دور فضا میں
کیا وجد تھا شہنائی کی مخمور صدا میں
مجمع وہ کہ ٹھہرا ہوا رحمت کا سمندر
اک شان سے بیٹھے وہ سوا لاکھ پیغمبر
مومن تھے سبھی جنتِ برزخ کے برابر
شرکت کیلئے آئے تھے ارواح سمٹ کر
فردوس کی دیواروں سے جھانکے تھیں بہاریں
جنت کی منڈیروں پہ تھیں حوروں کی قطاریں
ہر سمت مناظر جو تھے گلزارِ ارم سے
جبریل نے کی عرض تبھی شاہِ اممؐ سے
موجود ہیں باراتی سبھی جاہ و حشم سے
تقریب کا آغاز ہوا خالق کے کرم سے
اب صحفِ سماوی سے ہو تقریب کا آغاز
ہو منفرد اس رسم کا کونین سے انداز
کی موسیٰ نے توریت کی اس وقت تلاوت
کی حضرت عیسیٰ نے پھر انجیل کی قرأت
داؤد نے زبور پڑھی چھا گئی ہیبت
کیا سوز تھا آواز میں کیا اس کی تھی عظمت
جبریل نے پھر وجد میں قرآن سنایا
تقریب کے آغاز میں قرآن ہی آیا
پھر حیدرؐ کرار اٹھے صورتِ رحمان
ہاتھوں میں لئے سہرہ جو قرآن کا قرآن
گوندھے ہوئے آیات کا سہرہ تھا پر از شان
اس وقت کیا قادرِ مطلق نے یہ اعلان
بسم اللہ کریں سہرہ یہ بیٹےؐ کو بندھائیں
لازم ہے کہ داؤد ہی اب سہرہ سنائیں
پاس اپنے حسنؐ پاک کو سروؐر نے بلایا
دم سورہ نظر کی انہیں چھاتی سے لگایا
ماتھے پہ دیا بوسہ بہت پیار جب آیا
پھر سہرۂ انوار کو ہاتھوں میں اٹھایا
ماتھے کے برابر لیا سہرے کو تو ٹھہرے
لہرا گئے آنکھوں میں کئی تار سنہرے
کی عرض یہ داؤد نے گر اذن میں پاؤں
دربار کا گائیک ہوں نیا سہرہ سناؤں
ہو اذن تو سُر تال کے بارے میں بتاؤں
درباری ہوں دربار میں درباری ہی گاؤں
یہ بارہویں آقا کے جو والد کی خوشی ہے
یہ ماترے بارہ ہیں جو اک تال بندھی ہے
سہرے کو میں یوں کومل و تیور سے نکھاروں
میں وادیٔ خضرا ہی سے اک وادی اتاروں
دھن دھن دھاگے تٹ کٹ کو بلمپت میں سنواروں
سم دیکھوں تیا باندھوں تو بس تین ہی ماروں
اور ساتھ رہے میرے مدھر تال کے تالی
خالی پہ رکھوں سم تو ہو سہرہ بھی قوالی
یہ تان یہ جھالے یہ گمک اور یہ استھان
پلٹوں میں اگر پلٹوں دُرت لے میں چلے تان
کافی کی رہے ٹھاٹھ تو کافی ہی رہے شان
لے کار کتھک اور کرت کو نہ ہو پہچان
سہرے کے ہر اک بول میں پھولوں کی مہک ہو
ہر مصرعے کے انداز میں افشاں کی چمک ہو
مکھڑے پہ سجا عسکریؐ ذیشان کا سہرہ
خالق نے دیا سورہ رحمان کا سہرہ
تقیان کے سر لولو و مرجان کا سہرہ
سر ان کے رہے مقصدِ یزدان کا سہرہ
غلمانوں کی مسکان کو پھولوں میں سمو کر
حوروں کے حسیں قہقہے لائے ہیں پرو کر
اس سہرے کی زر تابی میں خوشیوں کی چمک ہے
ہر تار میں زلفِ شہ خاور کی مہک ہے
خورشید کے ریزے ہیں یہ تو چاند کو شک ہے
خورشید کہے نور الٰہی کی کمک ہے
مہمانِ خصوصی جو دو عالم کا خدا ہے
داؤد کے اس سہرے میں وحدت کا مزا ہے
پھر سہرہ بندھا حق کے شہنشاہؐ کے رخ پر
ایمن کی چمک گویا تھی اللہ کے رخ پر
سہرہ یوں سجا سیدِ ذیجاہ کے رخ پر
خورشید چڑھا سیدؐہ کے ماہ کے رخ پر
دھرتی ارم آثار سنورتی نظر آئی
افلاک پہ افشاں سی بکھرتی نظر آئی
خطبے کا کیا سرورؐ عالم نے پھر آغاز
لہجے کی سلاست سبھی توحید کے انداز
ہر جملہ بتا دیتا تھا خالق کے کئی راز
وہ حمدِ خداوند الگ شان وہ آواز
کیا رعب تھا ملکوت کے بھی سانس رکے تھے
مرعوب تھے یوں موسیٰ کہ سجدے میں پڑے تھے
آغازِ نکاح خوانی نکاح خواں سے وہ آداب
صیغوں کے تواتر میں قبول اور دہ ایجاب
معلوم وہ حق مہر پہ فقروں کی تب و تاب
احساس کے در پر تھا مسرت کا دق الباب
تعجیل فرج کی اٹھیں گھنگھور گھٹائیں
تہدید میں دیں آکے اجابت نے دعائیں
ہر سمت صدائیں وہ مبارک وہ سلامت
حق مہر میں بخشی گئی اقلیم ولایت
دلہن کے ہوئے ملکِ عوالم بھی اور جنت
شیرینی میں بانٹی گئی جلوؤں کی حلاوت
شیرینی کی تقسیم عجب رنگ میں پائی
نوشاہ کی شیرین زباں سب کو سنائی
سامان بری کا تو ادھر ہوتا تھا تیار
جوڑے تھے کئی سرخ کہ جنت کا حنا زار
سورج کی شعاعوں کے تھے منسوج گہر بار
انوار کی اک نہر تھی ملبوس کی ہر تار
اک شانِ عروسی میں تھے ملبوس حریری
صرف ان کے بنانے پہ وہ اقدارِ قدیری
خوانچوں میں سجائے گئے فردوس کے اثمار
وہ عطر دھلے میوے کہ عنبر بھی شرمسار
خوشبو سے پھلوں کی تو کھلا طبک عطار
حوروں کے ذقن رنگ میں ہر پھل سے نظر چار
اشجار جو کہ عسل و لبن پی کے پلے تھے
معلوم نہیں ان کے ثمر کیسے بھلے تھے
حوریں ہوئیں اسوقت بری لے کے روانہ
چہروں پہ خوشی ہونٹوں پہ الفت کا ترانہ
سر من سے جو تھا رومۂ ذیشان کو جانا
کرنا تھا بندو بست سواری کا شہانہ
پھر ابر کے کوہان پہ رکھا گیا ہودج
اور رعد دکھاتے تھے شترباں کی سی سج دھج
پر لطف سفر جس میں تھے شترانِ فضائی
حورانِ جنان نے تو بری بھی تھی اُٹھائی
تھا رعد حدیٰ خواں تو ادھر نغمہ سرائی
لعبا نے مسرت سے غزل جھوم کے گائی
حوروں کی کلاکاری پہ آواز سریلی
آشاؤں کی جنت کی ہر اک تان رسیلی
اے مورے شہنشاہؐ کی البیلی سجنیا
ہم تیری بری لے کے چلت ہیں ری دلہنیا
یگ یگ رہے آباد گہروا یہ انگنیا
نت ٹھنڈی رہے مانگ تہاری موری بنیا
برسے تورے آنگن میں سدا پریم بدریا
اے بھاگ بھری تو ہے تو لاگے نہ نجریا
ملکوت کی مہارانی توری ہے جو سگائی
ہے ساتھ بری کے تو نبیؐ زادیؐ بھی آئی
دیتی ہے بڑے ناز سے کنور کی بدھائی
گھونگھٹ تیرا مکھڑے پہ گرا شانِ خدائی
ساچق بھی لیے آتی ہے ارمان کنہیا
بندیا یہ تیرے صدقے ہیں پروین و ثریا
شہزادیؐ کو اس سمت سجاتی تھیں وہ سکھیاں
اک شان سے دلہن بھی بناتی تھیں وہ سکھیاں
گھونگھٹ کو اٹھاتی تھیں گراتی تھیں وہ سکھیاں
سہرے کے کئی بول بھی گاتی تھیں وہ سکھیاں
کہتی تھیں کہ پردیس چلی جائے گی دلہن
تو اب تو حسنؐ پاک کی کہلائے گی دلہن
تھیں ساری ہی سکھیوں کے یہ ہونٹوں پہ دعائیں
ہر آن بہاریں یہ تیری مانگ سجائیں
خوشیاں تیری نعلین پہ سر اپنا جھکائیں
صندل سے بھری مانگ پہ دکھ درد نہ آئیں
ہر دم تو سکھی ہو یہ دعا دیتی تھیں سکھیاں
ہر بول میں تعجیل جگا دیتی تھیں سکھیاں
بارات کی اس سمت لگی ہونے تیاری
ہر ابر گہر بار پہ رکھی تھی عماری
پردوں پہ مؤدّت نے کیا گوٹا کناری
باراتی بڑے شاد کہ تھی شان بھی نیاری
بیٹوں میں مہ چار دہم پنجتن پاک
تھے بارہ آئینوں کے مقابل شہِ لولاک
ہسوار ہوئے مہر خراماں پہ براتی
بیٹھے تھے کئی تختِ سلیماں پہ براتی
تھے جلوہ فگن ابرِ بہاراں پہ براتی
کچھ شاد تھے ہمراہی یزدان پہ براتی
وہ ابر رنگا رنگ کے اونچے تو فلک بوس
تھا بجتا مسلسل وہ مسرت کا مہا کوس
کرتا تھا شترباں کے فرائض تو ادا رعد
پیہم فرسِ برق کی لہرانے لگی جعد
بجلی کا وہ جلتا ہوا کوڑا کہ شگن سعد
چل جاتا جو کوڑا تو گرجتے تھے وہ کچھ بعد
وہ بادلوں کے رتھ وہ قطاروں کا تسلسل
ہر ابر کا بارات کے اونٹوں سے تقابل
ہر سمت بجاتے ہوئے دف سیکڑوں غلماں
ڈھولوں کے وہ ٹھمکے کہیں شہنائی کا الحاں
اس تال کی ترتیب پہ سب ابر تھے جنباں
بجلی کے ٹرمپٹ کہیں بینڈوں کی عجب شان
جاتے تھے سوئے رومہ خزانوں کو لٹاتے
پگھلا کے گہر جاتے تھے دھرتی کو پلاتے
اک سمت فرس پر یوں روانہ ہووے نوشاہ
اللہ کا چہرہ تھا سجا سہروں سے واللہ
مہندی سے سجے ہاتھ سرا سر تھے یداللہ
اور کہکشاں ناز سے بچھتی تھی سرِ راہ
دلدل کا وہ نخریلا چلن چال کی چھلبل
جعدوں سے شرمسار تھے حوروں کے بھی کاکل
بارات میں شامل تھے نبیانِ سلف بھی
خالق تھا نصیری کا خدا شاہِؐ نجف بھی
تھیں سیدؐۂ پاک بھی دس ان کے خلف بھی
ارواح بھی موجود تھے ملکوت کی صف بھی
اس شادی کا عنوان بھی تھا صبح بداماں
شمعونؐ کے گھر میں بھی تھا شمعوں سے چراغاں
عیسیٰ نے جو بارات کی دیکھی یہ تب و تاب
مریم سے یہ کی عرض بہ خندان و بہ آداب
بارات ہے کیا گرتا ہے مہتاب پہ مہتاب
بارات نہیں آئے ہے اک نور کا سیلاب
ہم جاتے ہیں اور ان کی پذیرائی کریں گے
تعظیم بھی اور ناصیہ فرسائی کریں گے
ہر چیز بھی ہے مست جہاں مست جناں مست
یوں آگے بڑھے عیسیٰ کہ جیسے کوئی سر مست
کی عرض کہاں تیری بلندی اور کہاں پست
ایں آمد نت باعثِ آبادیِ ماہست
یہ شانِ کرم دیکھ کے دل شاد ہوا ہے
آمد سے تیری گھر میرا آباد ہوا ہے
آراستہ اس شان سے قیصر کا محل تھا
بام و در و دیوار پہ رونق کا عمل تھا
حجلہ وہ عروسی تو زمانے سے اجل تھا
وہ نور کی اک جھیل تھا مسعودِ ازل تھا
جھونکا جو کوئی آکے تھا گھونگھٹ کو ہلاتا
بجلی سی چمک جاتی جو چہرہ نظر آتا
کی عرض مسیحا نے یہ سلطانِ زمنؐ سے
فرمائیے سرتاج رسلؐ اپنے حسنؐ سے
فرمائیں قدم رنجہ کہیں غنچہ دہن سے
اب پہلی ملاقات ہو دلہا کی دلہن سے
تشریف یہ لے جائیں تو یہ رسم ادا ہو
مسرور سرِ عرش دو عالم کا خدا ہو
تشریف جو لائے شہ ذیشان محل میں
صد گونا مسرت کا تھا سامان محل میں
کیا شان تھی نازل ہوا قرآن محل میں
دلہنؐ وہ کہ اک جلوۂ یزدان محل میں
اس بیتِ عروسی میں تھا دلہنؐ کا چھپر کھٹ
اس حسنِ مجسم پہ تھا تقدیس کا گھونگھٹ
آرائشِ دلہن پہ نظر ٹھہری ہے جا کر
والفجر کی بندیا ہے تو والعصر کا جھومر
وہ حلقہء بینی ہے تو والقمر سراسر
اللہ لہ نور کی افشاں وہ جبیں پر
والذہب کے گنگن کا تھا ہر طور نرالا
وہ زینةُ الکوکبی انداز کی مالا
اس کنزاً مخفیا کے زیور وہ ضیا بار
تھا اقربُ من حبل وریدی کا وہ طومار
غازے میں کانک قراہُ کے وہ آثار
اور چوڑیوں میں کاَنَ محمدؐ کی وہ جھنکار
واللہُ سمیع ُ کے تو کانوں میں تھے جھمکے
اور ان میں نگینے تھے تو لا اَسئَلُکُم کے
ہاتھوں میں حنا بار رمیت کے شمائل
انگشتری ولی کم اللہ کے فضائل
اور قاب و قوسین کی پاؤں میں تھی پائل
نعلین کے نعلینُ محمدؐ سے خصائل
سہروں کی حسیں لڑیوں سے انوار کی بارش
کرنوں سے تو ماذاغ کی آنکھوں کو شفارش
گھونگھٹ سے رخ پاک جھلکتا نظر آیا
اک ابر میں خورشید چمکتا نظر آیا
اک جلوہ سوئے طور لپکتا نظر آیا
نوشاہ کو ہر گل وہاں تکتا نظر آیا
پلکیں وہ خمیدہ سی مگر شرم سے بوجھل
جس شان سے جھک آتے ہیں برسات کے بادل
خالق نے کیا دولہاؐ دلہنؐ کا جو نظارا
ہو دور نظر بد وہ سر عرش پکارا
فرمایا کہ دلہنؐ کا ہر انداز ہے پیارا
ماتھا ہے حسیں چاند توں ٹھوڑی ہے ستارا
اب کون دکھائے گا یہاں آرسی مصحف
ان جلووں سے حیراں ہے میرا عرش مسقف
دلہنؐ کو اور نوشاہؐ کو مسند پہ بٹھایا
پھر ملکۂِ کونینؐ نے قرآں کو اٹھایا
نوشاہؐ کو دلہنؐ کو وہ قرآن پڑھایا
قرآن جو کھلا آرسی کے کام بھی آیا
قرآں کی تلاوت میں نظر آئی یہ جدت
قرآں نے بھی کی روئے عروسہ کی تلاوت
اس آرسی مصحف کا حسیں وقت جب آیا
دونوں کو مقابل گیا مسند پہ بٹھایا
نوشاہ پہ دلہنؐ کا گیا گھونگھٹا گرایا
اور بیچ میں قرآن کو آئینہ بنایا
آئینے میں تھا دیکھنا دولہاؐ نے دلہنؐ کو
دلہنؐ نے بھی تھا دیکھنا نوشاہ حسنؐ کو
تھا نور کا تالاب جو آئینے کا جل تھا
دلہنؐ کا رخ پاک بھی کھلتا سا کنول تھا
چہرے پہ شفق پھولی حیا وقفِ عمل تھا
اس شرم کی سرخی میں بھی اندازِ غزل تھا
دلہنؐ کو نظر آئی جو نوشاہؐ کی تصویر
آنکھوں میں پھری سوچوں کے ہر خواب کی تعبیر
اک جامِ لبن عرش سے خالق وہاں لایا
وہ جام حسنؐ پاک نے ہاتھوں میں اٹھایا
دلہنؐ کی طرف دیکھ کے ہونٹوں سے لگایا
خود پیتے کبھی پیار سے دلہنؐ کو پلایا
جب جام کو چھوتے تھے تو ہوتا تھا یہ احساس
گھل جاتا ہے اس دودھ میں کچھ اور ہی مٹھاس
فارغ ہوئے جب آرسی مصحف سے تمامی
اس قصر کے تھی صحن میں بارات قیامی
ترتیب میں بیٹھے تھے وہ مہمانِ گرامی
نوشاہؐ کو ہونا تھا بزرگوں کا سلامی
اس رسم کے آغاز میں سرورؐ نے دعا دی
قدموں پہ رکھا ہاتھ تو دستار عطا کی
حیدرؐ نے سلامی پہ عطا کی انہیں صولت
کونین کی ملکہؐ نے دی کونین کی شاہت
شبرؐ سے ملا حلم تو شبیریؐ شجاعت
اور صبر کیا عابدؐ مضطر نے عنایت
آثار محمدؐ تو عطا کرتے تھے باقرؐ
اور جعفر صادقؐ نے کیے پیش معاصر
کاظمؐ نے دئیے علم حجج بخشے رضاؐ نے
اور جود کے لائے تھے تقیؐ پاک خزانے
باباؐ تو نقاوت لگے سہروں میں سجانے
پھر گونج اٹھے ہیبت عسکرؐ کے ترانے
خالق نے سلامی پہ تو اک بات ہی کہہ دی
لو غیبتِ توحید کا بخشا تمہیں مہدیؐ
پھر رخصتی کے وقت کا ہونے لگا اعلاں
حوروں کی تھی چہکار غزل خواں تھا پرستاں
دوشیزگیِ بادِ بہاری تھی گل افشاں
اس بات کے مشتاق تھے سب آمدہ مہماں
کیا دیتے ہیں دیکھیں گے جہیز آج دلہنؐ کو
سسرال سے کیا ملنا ہے نوشاہ حسنؐ کو
ہر چشم سے تھیں شوق کی باریدہ پھواریں
ناگاہ برآمد ہوئیں حوروں کی قطاریں
برسانے لگیں پھول دو عالم کی بہاریں
پروین و ثریا بھی بجاتی تھیں ستاریں
ظاہر ہوئے پھر عیسیٰ و شمعون بصد شان
مہمانوں کے آگے کیا آتے ہی یہ اعلان
صد شکر ہیں اس ذات کے احسان ہیں ان کے
جو کچھ ہے میسر مجھے سب دان ہیں ان کے
عالم کو عطا کرنا تو شایان ہیں ان کے
ہم روزِ ازل ہی سے تو دربان ہیں ان کے
کیا پیش کروں ان کو سبھی مال ہے ان کا
تشریف جو لائے ہیں تو اقبال ہے ان کا
بیٹیؐ کا جہیز آج وہ کیا پیش کروں میں
جی چاہتا تھا عرشِ علا پیش کروں میں
دستور سہی کیسے بھلا پیش کروں میں
سوچا ہے کہ تھوڑی سی دعا پیش کروں میں
حق مہر سے پہلے بھی ہے کونین کی ملکہؐ
سسرال میں بن جائیگی دارین کی ملکہؐ
عیسیٰؐ نے جہیز آکے دیا اپنی نبوت
اور بخشے مسیحائی کے اعجاز و کرامت
شمعوؐن نے بیٹیؐ کو دیا تاج ولایت
مریم نے تو دی اوجِ تقدس کی حقیقت
عصمت کے کھٹولے میں دلہنیا کو بٹھایا
وہ ڈولا بہاروں کے کہاروں سے اٹھایا
تھا رخصتی کا وقت انوکھا ہی تھا منظر
خود پالکی کے ساتھ روانہ ہوئے سروؐر
حوریں بھی تھیں معمور کنیزی پہ برابر
اور بخشے غلام ان کو سوا لاکھ پیغمبر
یوں عیسیٰ و مریم نے کیا بیٹیؐ کو رخصت
آنکھوں میں ادھر اشک مگر رخ پہ مسرت
عیسیٰ کے ہر انداز میں والد کی ادائیں
سر چومیں کبھی بیٹیؐ کو چھاتی سے لگائیں
کہتے تھے تیرے ساتھ ہیں بابل کی دعائیں
سنسار کے دکھ درد تیرے پاس نہ آئیں
سسرال میں میکے کی نہ پھر یاد ستائے
خوشیوں میں سدا کھیلیں تیرے پیار کے سائے
سنسار سکھی پاؤ میری راج دلاری
صندل سے بھری مانگ ہمیشہ ہو تمہاری
کھیلے تیری زلفوں سے سدا بادِ بہاری
پھولوں سے بھرے گود تیری راج کماری
نت جوت جگاتا رہے یہ تیرا بناؤ
ہر آن سہاگن ہوں عروسانہ جڑاؤ
ڈولی میں جو بیٹھی شہِ کونین کی ملکہؐ
عظمت سے روانہ ہوئی دارین کی ملکہؐ
سرمن کی طرف آتی تھی حرمین کی ملکہؐ
دنیا میں بنی قاب و قوسین کی ملکہؐ
بارات وہ شہنائی وہ سہرے وہ ترانے
برسائے تھے گل کتنے ستاروں نے نجانے
جنت میں ہوئی سب کے ولیمے کی ضیافت
وہ ساغرِ کوثر جو مؤدت کی وضاحت
حوروں کے وہ مجرے ادھر آراستہ جنت
اک گہرے تکلف سے مزین تھی یہ دعوت
گھائل ہوئے دل لعبہ کی اک ترچھی نظر سے
اور ابر مسرت کے وہاں ٹوٹ کے برسے
سبزہ تھا لبِ جو وہ بہاروں کے نظارے
کاجل سی گھٹاؤں میں پلانے کے اشارے
لبریز مئے ناب سے کوثر کے کنارے
پہلو میں وہ غلمان ہر اک جام سنوارے
مخمور تھا ماحول بھی جاموں کی کھنک سے
ہر کاسۂ گل پر تھا اک ایمائے پلک سے
خاموش اے جعفرؐ کا بہکتا ہے تخئیل
جنت کا مزا پاکے مہکتا ہے تخئیل
مستی میں تو عرشوں پہ لپکتا ہے تخئیل
تعجیل کے فقروں پہ ہمکتا ہے تخئیل
کر عرض کہ گھر پاک کی آبادی مبارک
اے ملکۂِ کونینؐ تیری شادی مبارک
یا مولا کریم عجل اللہ فرجک و صلوات اللہ علیک
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار