

اے خرد اس ذات کی دہلیز پہ سر کو جھکا
سوچ کی وحشی اڑانوں کو کیا جس نے رسا
فکر کی ہر اک گرہ پر جو ہوا عقدہ کشا
جس نے فطرسِ تخیئل کو کئے ہیں پر عطا
جس نے بخشا آدمیت کو تیری ایمانِ کل
تیری بشریت کی گودی میں دیا یزدانِ کل
حکم ہے قرآن میں خالق کو تم ایذا نہ دو
اور ید مغلولة خالق کے حق میں مت کہو
کو نوا انصارِ خدا خالق کے تم ناصر بنو
تم ملاقو اللہ کے سب منتظر بن کر رہو
یہ جو ہے ان تنصراللہ پہ ینصر کم سند
وہ کرے نصرت تمہاری تم کرو اس کی مدد
فکر کے قابل ہیں ان آیات کے طرزِ ادا
کیا اذیت میں بشر کی ہے دوعالم کا خدا
کیا کبھی ایذا میں ہو سکتا ہے خالق مبتلا
ایسا جب ممکن نہیں آیات کا مقصد ہے کیا
مقصدِ آیات سمجھیں گر نبی کی ذات ہے
لیکن ان کا تو علیحدہ تذکرہ بھی ساتھ ہے
کیا خدا کمزور ہے نصرت کی ہو کچھ احتیاج
شان کے شایاں اسے گنتا ہے وحدت کا مزاج
کیا خدا مظلوم ہے نصرت کا لیتا ہے خراج
اس کی قدرت میں ہے شامل نصرتوں کا امتزاج
کیا ہماری نصرتوں ہی سے ہے وہ ذاتِ اجل
کس سے ترسیدہ ہے وہ اور کیا ہے نصرت کا محل
تنگ دستی کا جو دے طعنہ بھلا وہ کون ہے
جو کہے مَغلُول دستِ کبریا وہ کون ہے
پوچھ کر کوئی بتا دے اے خدا وہ کون ہے
جس کو ہے رزاقِ حق پہ شک رہا وہ کون ہے
سب خدا کو مانتے ہیں قادر و منعم غنی
کیا ہے مقصد انکا خود فرمائیں قرآں کے دھنی
کیوں ملاقاتِ الٰہی کا ہے کرنا انتظار
کیا بشر کی آنکھ کو ہے تابِ دیدِ کردگار
دیکھ سکتا ہے بشر کیا جلوہئِ پرودگار
کیا نگاہوں سے نظر آنا ہے خالق کا شعار
تجربہ دیدارِ خالق کا ہوا ہے بیشتر
ہوگئے بے ہوش موسیٰ جل گئے باقی بشر
کیسی نصرت ہم کریں اور وہ کرے گا کیا مدد
طلبِ نصرت جو کرے کیسی ہے وہ ذاتِ صمد
اپنی نصرت پروہ یثبت کی ہے کیا دیتا سند
ایسی باتوں کو تو خود قرآن کر دیتا ہے رد
ہاں اگر یہ کام سب ہونے کو ہیں بالواسطہ
پھر تو کھلتا ہے عقائد کا نیا اک راستہ
جیسے ہے اکثر حدیثوں میں یہی وارد ہوا
تم سے روزِ حشر پوچھے گا دو عالم کا خدا
تو کھلانے اور پلانے پہ مجھے راضی نہ تھا
اقرضوا کہنے پہ عاری قرض دینے سے رہا
چھوڑ کر دورِ مصیبت میں تو بھاگا تھا مجھے
گھیر کر تحقیرِ غربت میں تو بھاگا تھا مجھے
میں سوالی تھا نہ آیا تو عنایت کیلئے
کب جھکا تھا زندگی میں تو عبادت کیلئے
تو نہ آیا تھا کبھی میری زیارت کیلئے
تو علالت میں نہ پہنچا تھا عیادت کیلئے
تو نے کی تھیں میری سنت میں بڑی تبدیلیاں
آج کیا لینے کو آیا ہے تو اے انساں یہاں
تب کہے گا آدمی اے قادرِ حق کارساز
تو ازل ہی سے ہے ان چیزوں سے مولا بے نیاز
اس تیرے فرمانِ حق میں جانے کیا مضمر ہے راز
تیری سرتابی سے میں کرتا رہا تھا احتراز
میری فکر و فہم سے یہ حکم ہے تیرا بلند
کیسے اس ارشاد تک پہنچے تخیل کا سمند
حکم ہو گا دیکھ مقصد ہیں یہ اس فرمان کے
یہ تو تھے بالواسطہ تیرے حقوق اخوان کے
جو وہاں موجود تھے بھائی تیرے ایمان کے
تو رہا انجان ان سے کس لئے سب جان کے
کیونکہ اک مومن کا زائر عرش پر میرا زوار
ایک مومن کی مدد ہے نصرتِ پروردگار
ساتھ ہی تاکید کی تھی میں نے اک قرآن میں
آئیڈیا اس کا دیا لا تعبد الشیطٰن میں
اک بڑا مقصد خفی تھا میرے اس فرمان میں
کوئی بھی شیطان کا عابد نہیں امکان میں
اس میں بھی بالواسطہ کی سیڑھیاں موجود ہیں
عبد ہیں سامع سنیں جن کی وہی معبود ہیں
جب کبھی گفتار کی کرتا ہے کوئی ابتدا
سامعین اس کی عبادت میں ہیں ہوتے مبتلا
گر خدا کی سمت سے گفتار ہوتی ہے ادا
بندگی سامع کی گنتا ہے دو عالم کا خدا
اور اگر تقریر میں ابلیس کا رجحان ہے
جان لیں بالواسطہ یہ طاعتِ شیطان ہے
اس طرح خالق کی نصرت بھی ہے تو بالواسطہ
اور اسے دینا اذیت بھی ہے تو بالواسطہ
اس خدائے کل کی طاعت بھی ہے تو بالواسطہ
اس کا سجدہ اور عبادت بھی ہے تو بالواسطہ
واسطہ ہے جو وسیلہ مقصدِ کونین ہے
وہ وسیلہ عابد و معبود کے مابین ہے
چھوڑ دیں بالواسطہ کے رنگ میں گر ہم نماز
پھر تو کعبہ کو نہیں مسجود ہونے کا مجاز
بے محل بے ربط ہے کونین کے سجدوں کا راز
سامنے کیونکہ نہیں سجدوں میں ربِ کارساز
خانۂِ توحید کا مصداق بھی بے سود ہے
یہ تو ہے اک کمرہ اور جانے کہاں معبود ہے
لیکن اس ذاتِ احد کا ایک ہی قانون ہے
کیونکہ وہ خلاقِ کل مخفی ہے اور مکنون ہے
اس کی ہر اک بات کا اک واسطہ معنون ہے
اک وسائل ہی وہ ہیں جن کا بشر ممنون ہے
اس کی ہر اک بات میں مضمر وسیلے کی نمود
ان وسائل سے قوی فکرِ خیالاتِ سجود
کیجیئے اک بار اب اس بابِ حطہ پہ نظر
ایک تابوتِ سکینہ محترم بالیدہ تر
جس پہ تصویریں نبیوں کی کھلی اور مختصر
ان پہ آویزاں سی تصویرات وہ اثنا عشر
اور اسی تابوت میں بخشش کی جو اک دین ہے
خلعتِ موسیٰ ہے اس میں ساتھ ہی نعلین ہے
سر بہ سجدہ ہیں سبھی یہ آستانِ عفو ہے
خوشہ چیں ہے ہر بشر یہ گلستانِ عفو ہے
ہاں اسی سجدے میں مضمر داستانِ عفو ہے
عاصی ذہنوں کیلئے یہ اطمینان عفو ہے
اصل میں بالواسطہ یہ سجدہ ئِ معبود ہے
واسطہ مسجود ہے تو خود خدا مسجود ہے
ہم حقیقت کی طرف لائیں اگر رخشِ خیال
اک طرف مخلوق ہے اور اک طرف خود ذوالجلال
پاٹنا ایسی خلیجوں کا ہے انساں سے محال
واسطہ مابین دونوں کے ہے اک احمدؐ کی آلؐ
نطقِ سرورؐ میں ہمیشہ ہے خدا رطب للساں
دہنِ سرورؐ میں چھپی تھی گویا خالق کی زباں
ایسے کل آیات کے مصداق ہیں آلِ عباؐ
لفظ ہے اللہ کا اور یہ ہیں مراد و مدعا
ان کو دکھ دینے سے ہوتا ہے دکھی وہ خود خدا
ان کی نصرت میں چھپا ہے انتصارِ کبریا
اور جو دیدارِ خدا ہے انہی کا دیدار ہے
حشر میں اظہارِ قدرت انہی کا اظہار ہے
انہی کی طاعت حقیقت میں اطاعت رب کی ہے
انہی کے سجدے میں صد گُونَہ عبادت رب کی ہے
انہی کی نصرت میں اک طرفہ سی نصرت رب کی ہے
ان کو دکھ دینا حقیقت میں اذیت رب کی ہے
خلق کے ہادی بھی ہیں اور حاملِ قوسین ہیں
حدِ فاصل خالق و مخلوق کے مابین ہیں
قادریت کی رگ و پئے میں رواں آلِ عباؐ
نورِ حق کی اظہریت کے نشاں آلِ عباؐ
وسعتِ دستِ جلی کے راز داں آلِ عباؐ
خالقیت کی زباں کے ترجماں آلِ عباؐ
فعلِ خالق کے یہی فاعل بہ عنوانِ حیات
ہیں یہی خالق کے کل اقوال کی کل کائنات
لفظ اللہ کا ہیں کل مفہوم یہ آلِ عباؐ
عصمتِ قدوس سے معصوم یہ آلِ عباؐ
قاسمِ اول کے ہیں مقسوم یہ آلِ عباؐ
ہیں کتابِ حق میں رب مرقوم یہ آلِ عباؐ
ان سے ہے جو بھی رویہ وہ خدائے کل سے ہے
جو بھی رشتہ ان سے ہے وہ کبریائے کل سے ہے
پھول ہے خالق انہی کا یہ حقیقی رنگ و بو
نور ہے خالق تو اس کے یہ ضیائے کو بہ کو
نطق ہے خالق تو اس کی یہ مقدس گفتگو
گر رگِ جاں ہے خدا تو اس میں یہ جاری لہو
ان کو آپس میں جدا کرنا بھی ہے کفرِ جلی
ان کی عزت اصل میں عزت ہے خود توحید کی
ان کا باطن ہے خدا اور اسکا ظاہر ہیں یہی
جن میں ہوتا ہے وہ ظاہر وہ مظاہر ہیں یہی
وہ تو ہے پردے میں اور پردے سے باہر ہیں یہی
ربِ باطن ہے وہ خالق اور بظاہر ہیں یہی
صاف ظاہر ہے کہ قرآں کی ہر اک تاکید سے
جو رویہ ان سے ہے وہ اصل ہے توحید سے
جعفر عالم کیلئے یہ مقتدائے عصرؐ ہیں
طاعت و تعبید میں یہ منتھائے عصرؐ ہیں
صورتِ اظہار میں یہ کبریائے عصرؐ ہیں
کل جہاں کے واسطے یہ خود خدائے عصرؐ ہیں
یہ ہیں مظہر اِن میں ظاہر خود خدا کی ذات ہے
انکے بارے سوچنا بندے کی کیا اوقات ہے
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار