

گلزار میں اٹھلاتی ہوئی موجِ بہاراں
مہکے ہوئے سر سبز شجر رحمتِ یزداں
مہکا ہوا خوشیوں سے تقدس کا گلستاں
تطہیر کی بارش میں نہائی ہوئی کلیاں
ہر غنچہ تبسم کی ادا پی کے پلا ہے
آغوش میں ہر شاخ کے پروان چڑھا ہے
شبنم سی دُرافشاں ہے سدا رحمتِ داور
ہر پھول ہے خوشبو کی جواں موج کا پیکر
ہر برگِ لطافت میں نفاست کا پیمبر
گلزار نہیں گویا ہے خوشبو کا سمندر
خوشبو کی ہر اک موج میں راحت کا خزینہ
اس موج میں ہے کھیلتا وحدت کا سفینہ
کل صحنِ چمن حسن کشا رنگ کا سیلاب
شبنم کے تقاطر میں وہ سورج کی تب و تاب
ہر شاخ کے آنچل میں نہاں سیکڑوں مہتاب
جو چاند کو سمجھائیں طلوع ہونے کے آداب
ہر سمت مسرت کے ملنگ رقص کناں ہیں
گلشن کی طرح بخت کے لمحے بھی جواں ہیں
یکدم ہوئی افلاک سے پھر بارشِ انوار
اک گل کا ہوا مطلعِ گلزار پہ اظہار
جس گل سے کہ دوبالا ہوئی رونقِ گلزار
رونق ہوا اک لالۂ صد رنگ چمن کا
پیکر میں نکھرنے کو اٹھا حسن حسنؐ کا
وہ پھول کہ جو حسنِ گلستاں کا ملخص
انوار کے گلزار پہ باراں کا ملخص
ہے رحمتِ یزداں بھی اور یزداں کا ملخص
اور سبطِ رسولِ شہِ امکاںؐ کا ملخص
رحمت کا یہ دعویٰ ہے میرا آیا ہے قاسمؐ
ماںؐ کہتی ہے داداؐ کو چُرا لایا ہے قاسمؐ
گہوارے میں اس گل کی ہے اس طرح تب و تاب
جس طرح سے ہو جھیل میں رنگِ رخِ مہتاب
اور جسمِ لطیف ایسا کہ جبریل کا اک خواب
کلکاریاں ایسی ہیں کہ چھڑتی ہوئی مضراب
ہونٹوں کی کلی ہنسنے میں غنچے کی ادا دے
دشمن کے کلیجے میں بھی یہ پیار جگا دے
آئے ہیں مبارک کیلئے کروبیاں بھی
اور سہرے پرو لائی ہیں حورانِ جناں بھی
آئے ہیں مبارک کو شاہِ کون و مکاںؐ بھی
صلوات میں مصروف ہے خالق کی زباں بھی
کہتے ہیں سبھی رونقِ گلزار مبارک
اے سیدِ مسمومؐ یہ دلدارؐ مبارک
کہتا ہے فلک ان کو میرا چاند بنا دو
چاند ان سے ہے کہتا مجھے ناخن میں بیٹھا دو
کہتی ہے نسیمِ سحری موجِ صبا دو
دولہے کی طرح قاسمِ کمسنؐ کو سجا دو
غنچوں میں پلے پھولوں کے ابنار میں سوئے
یہ لعلؐ سدا شگنوں کے گلزار میں سوئے
کونین کی ہر چیز یہ دیتی ہے دعائیں
اس لعلؐ کی پھر خوشیاں ابھی جھوم کے آئیں
بہنیںؐ اسے دولہوں کی طرح مل کے سجائیں
سہرے کے کسی پھول کو دکھ چھو بھی نہ پائیں
اک شان سے ہوں انکے وہ شگنوں کے رسومات
دن رات مسرت کی برستی رہے برسات
جعفرؐ کی دعا ہے اے شہنشاہِ زمانہؐ
اب ختم کریں دنیا سے دردوں کا فسانہ
قاسمؐ کی ہو شادی اور ہو انداز شاہانہ
اک دھوم سے بارات ہو نوشہؐ کی روانہ
دولہنؐ کی مسرت کی کوئی حد نہ ہو آقاؐ
ان خوشیوں سے مس کوئی نظر بد نہ ہو آقاؐ
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار