

تو ہی امامِ دورِ جدید و قدیمؐ ہے
تو ہی مزاج دانِ علیِ عظیمؐ ہے
قرآں تیرے کرم سے کتابِ عظیم ہے
لہجوں سے توہی طُور پہ ربِ کلیم ہے
خالق کا تیرے پیکرِ حق میں ظہور ہے
سورةٔ نور میں تو ہی اللہُ نور ہے
حاصل بہار تجھ سے دلِ رنگ و بو کرے
موجِ ضیائِ رخ سے تو سورج وضو کرے
چشمِ مزاجِ عصر تیری جستجو کرے
خود قلبِ کبریا بھی تیری آرزو کرے
صورت بنا کے تیری مصور ہی کھو گیا
تو یوں جچا کہ وہ تیری تصویر ہو گیا
تیری نگاہِ ناز تصور میں آ گئی
روحِ مسیحِ چرخ پہ مستی سی چھا گئی
ہستی خمارِ لطف تمنا چرا گئی
فکرِ ملائکہ بھی ذرا لڑکھڑا گئی
قطرے عرق کے جذب ہوئے آستین میں
سجدے مچل کے رہ گئے قدسی جبین میں
محبوبِ کبریا کی بھی محبوبیت ہے تو
آلِ کساؐ کی محفل صد تمکنت ہے تو
اللہ کی نمود بھی نورانیت ہے تو
اور انبیا سے بولتی وحدانیت ہے تو
تو مظہرِ جلی ہے تو غیب الغیوبؐ ہے
تو مغربِ قدیر وہ تجھ میں غروب ہے
تو صاحب الزماںؐ ہے زماں سے اجل ہے تو
اور شجرِ طیبہ کا سرِشاخ پھَل ہے تو
اللہ کا زمین پہ نعم البدل ہے تو
اللہ پر نوشتہ جو ہے عزوجل ہے تو
نازاں نیابتوں پہ تمہارا منیب ہے
اللہ کا تو مظہرِ سرِ عجیب ہے
تیرے کرم میں مخفی ہے اللہ کا مزاج
معبود و عبد کا تو حسیں تر ہے امتزاج
سجدوں سے تیرے باقی ہے واللہ خدا کی لاج
ہستی کو تیری تجھ کو خدا کی ہے احتیاج
مستک پہ انبیا کی تیرے ثبت ہیں سجود
خالق کو بھی پسند ہے یہ وحدت الوجود
ہستی تیرے کرم کے ہے سانسوں سے ذی حیات
قائم تیری عطا سے ہے یہ شترِ ممکنات
وابستہ تیرے دم سے ہے کونین کی نجات
وقفِ دعا خدا بھی ہے آ اے کریم ذاتؐ
جعفرؐ کی آرزو ہے تو تلوار تھام لے
اور پاک خاندانؐ کا اب انتقام لے
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار