

عصمت تیری میراث ہے وحدت تیری جاگیر
ہے عرش تیرا سہم مشیت تیری تدبیر
ہدیہ تیرا جنت ہے تو صدقہ تیرا تطہیر
تیرہ ہیں تیرے خواب تو خالق تیری تعبیر
احساں ہیں تیرے باقی خدا اور امم پر
چلتی ہے رضا آ کے تیرے نقشِ قدم پر
تیرہ تیرے آئینے تو اک عکس نما تو
کونین میں پیمانۂ اوصافِ خدا تو
اللہ کا اک وعدۂ بروقت وفا تو
وجہ اللہ ہے گر باقی تو ہے وجہ بقا تو
کعبہ تیرا مرکب ہے یداللہ تیری شمشیر
غازیؐ کے خد و خال تو اللہ کی تصویر
سانسوں میں تیری وحیِٔ مسلسل کی مہک ہے
زلفوں میں تیری خلوتِ قرآں کی لٹک ہے
چہرے پہ تیرے خاورِ وحدت کی چمک ہے
لہجے میں سلونی کی دل آویز کھنک ہے
ہونٹوں پہ الستُ کی صداؤں کی مسی ہے
آواز میں گم کن فیکونی کی گھڑی ہے
انوارِ الہی کیلئے پردۂ مستور
پوشیدہ تیرے عقب میں اللہ کا کل نور
گو غیب ہو لیکن تیرا اظہار ہے بھر پور
ہر قلب تیرا سینا ہر اک ذرہ تیرا طور
ہر فکر تیرے نور میں محصور جزیرہ
اندھوں کی بھی آنکھیں ہیں تیرے نور سے خیرہ
حوروں سے اَٹے تیری چہل قدمی کے رستے
ڈاٹوں میں فرشتوں کے وہ چونکے ہوئے دستے
راہوں پہ وہ صلوات کشا پھول برستے
قدموں کو تیرے عرش کے قالین ترستے
اصلِ حیات اصل تیری زلف کی چھاؤں
پاتی ہے بقا ہستی تیرے چوم کے پاؤں
سانسوں میں ہے جیون تو ہے تو سانسوں کا جیون
ہستی جو ہے گلشن تو ہے تو رونقِ گلشن
رنگوں کا تو رنگریز نفاست کا تو آنگن
خوشبوئوں کا عطار مہکار کا ساون
فطرت کا مصور تو مناظر کا تو نقاش
دھرتی کی نمو ارضِ تنوع کا تو آکاش
گلشن کی چہک میں تیرے خطبات کی گفتار
سروانِ چمن قامتِ موزوں پہ ہیں اشعار
اور تیری وجاہت کے قصائد ہیں یہ کہسار
اور نعتِ مجسم ہیں تیرے ابر گہر بار
ہر ندی تیری مدح میں نت غزل سرا ہے
ہر چشمہ تیرے گیت سنانے میں لگا ہے
تشبیب تیرے حسن کی رنگِ رخِ گلزار
اور تیری حدیٰ خوانی میں گم جھومتے اشجار
بادل کی گرج میں تیری تکبیر کی للکار
بجلی کے چمکنے میں تیری نعتِ ذوالفقار
ساون میں تیری زلفوں کی گاتی ہوئی قُمری
اور فصلِ بہاراں میں تیرے حسن کی ٹھُمری
صحراؤں کے سینے میں تیرے عشق کی دعوت
چشموں میں تیری شیریں بیانی کی حلاوت
اور آبِ بقا تیرے تبسم کی وضاحت
نیچر تیری تمہید کی اک نہجِ بلاغت
غنچوں میں مچلتے تیری ندرت کے فرادیس
کلیوں میں تیرے ہونٹوں سے مانگی ہوئی تقدیس
چمکیلے برف پوش پہاڑوں کا تو محرم
بہتے ہوئے جھرنوں میں تیرا دھیما ترنم
ہر بپھرا سمندر تیرے اجلال کا پرچم
چھٹتے ہوئے لاوؤں میں تیرا رعب مجسم
ہریالی تیرے حسن و جوانی کی ہے اُترن
اور چشمۂ کوثر تیرے لہجوں کا ہے جوٹھن
فردوس کی گُل کاری تیرا نقشِ قبا ہے
خورشیدِ عدن اک تیرے ہنسنے کی ادا ہے
اور باغِ ارم تیرے تکلم سے کھِلا ہے
ہر عرش کی محراب تو نقشِ کفِ پا ہے
ہر چیز میں ہے حسن تیرے رخ کی فضا سے
جنت بھی مہکتی ہے تو خضرا کی ہوا سے
تسبیحِ ملائک بھی تیری حمد سرائی
ابرو تیرے محراب کہ خم جن میں خدائی
پیشانی میں توحید کی نت جلوہ نمائی
ہونٹوں نے ہے قرآں کو بھی تبلیغ سکھائی
یہ تیرے قدم برکتِ قدرت کا بھرم ہیں
جو قدسی جبینیں ہیں تیرے نقشِ قدم ہیں
ہر شئے ہے تیری راہوں میں آنکھوں کو بچھائے
ہونٹوں پہ ہیں تعجیل کے الفاظ سجائے
ہے روحوں کو ہر چیز نگاہوں میں بٹھائے
دل سجدے میں کہتے ہیں کہ تو تاج سجائے
غیبت پہ تیری سوگ مناتی ہوئی خوشیاں
آ دیکھ ذرا اشک بہاتی ہوئی خوشیاں
فرقت میں تیری کون و مکاں سوگ میں گم ہیں
جتنے بھی ہیں خوشیوں کے نشاں سوگ میں گم ہیں
سادات ہیں سب نوحہ کناں سوگ میں گم ہیں
جذبوں کے دل آویز جہاں سوگ میں گم ہیں
جعفرؐ ہے دعا کرتا تمناؤں کا گلشن
آباد ہو اب تو تیرے اجدادؐ کا آنگن
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار