

مالکؐ سے تجھے عشق کا دعویٰ ہے بجا ہے
کیا عشق کے میدان کو سمجھے بھی ہو کیا ہے
اس عشق کی وادی کا ہر اک موڑ نیا ہے
عاشق کے لئے عشق ہے کیا؟ کرب و بلا ہے
کیا عشق کے صحرا سے ہے آسان گزرنا
ہے مانگ یہاں اپنا جگر چیر کے بھرنا
یہ عشق بہ بازیچۂِ طفلاں بھی نہیں ہے
یہ عشق فریضہ ہے تو آساں بھی نہیں ہے
عظمت کا ہے تمغہ تو فراواں بھی نہیں ہے
یہ اوجِ فضیلت ہے تو ارزاں بھی نہیں ہے
سر اپنا کفِ دست پہ دھر لو تو کرو عشق
قتل اپنی تمنائوں کو کر لو تو کرو عشق
یہ عشق اک آتش بھی ہے گلزار بھی سمجھو
یہ جام مئے ناب ہے تلوار بھی سمجھو
یہ مہکا ہوا گل ہے تو اک خار بھی سمجھو
معراجِ تمنا ہے تو دشوار بھی سمجھو
گر عَزم سے کہسار ہلا دو تو کرو عشق
اس آگ میں کونین جلا دو تو کرو عشق
کیا عشق کے ہو واقفِ انداز و ادا تم
کیا جانتے ہو معنی ئِ آدابِ وفا تم
قربانیئِ عشاق کو دیکھو تو ذرا تم
پھر سوچنا آ سکتے ہو اس دشت میں کیا تم ؟
کیا نفس سے لڑنے کے طریقے سے ہو واقف
محبوب منانے کے سلیقے سے ہو واقف
محبوب کے کہنے پہ جہاں چھوڑ سکو گے
ہر آرزوئے سود و زیاں چھوڑ سکو گے
لذات کے امواجِ رواں چھوڑ سکو گے
اولاد کی الفت کو کہاں چھوڑ سکو گے
محبوب کے دنیا میں طلبگار بنو گے
سکھ چھوڑ کے دردوں کے خریدار بنو گے
غیروں کی طرح اپنوں کی سہہ لو تو کرو عشق
خوشیوں کی لہو خیزی میں بہہ لو تو کرو عشق
اور آگ کے طوفاں میں بھی رہ لو تو کرو عشق
حق بات کو تیروں میں بھی کہہ لو تو کرو عشق
محبوب کی مرضی میں فنا ہو تو کرو عشق
محبوب دو عالم کا خدا ہو تو کرو عشق
تم مال کی الفت سے گزر لو تو کرو عشق
عورت کی محبت سے گزر لو تو کرو عشق
اولاد کی حسرت سے گزر لو تو کرو عشق
ناموس کی عزت سے گزر لو تو کرو عشق
گر نفس کو تم زہر پلا دو تو کرو عشق
مٹی میں انا اپنی ملا دو تو کرو عشق
دکھ درد کی لذت سے شناسا ہو تو کر عشق
لبریز تیرا درد سے کاسا ہو تو کر عشق
دل تیرا مصائب کا جو پیاسا ہو تو کر عشق
ہر ظلم تیرے دل کا دلاسا ہو تو کر عشق
گر عزت و ذلت نہیں یکساں تیرے آگے
پھر عشق ہے بازیچۂِ طفلاں تیرے آگے
خون اپنا ایاغوں میں جلا لے تو ادھر آ
امارگیِٔ نفس مٹا لے تو ادھر آ
ہر چیز سے ہاتھ اپنا اٹھا لے تو ادھر آ
تو خونِ تمنا میں نہا لے تو ادھر آ
جیون کو اگر موت پلا دے تو ادھر آ
دنیا بھی اور عقبیٰ بھی جلا دے تو ادھر آ
تم عشق کا فرمانِ جہانبانی تو دیکھو
عشاق کا تم جذبۂ قربانی تو دیکھو
اور عشق کی ذہنوں پہ حکمرانی تو دیکھو
عشاق کی الفت میں قدر دانی تو دیکھو
کونین سے کیا ہاتھ اٹھا سکتے ہو تم بھی
خواہش کا گلہ خود ہی دبا سکتے ہو تم بھی
تم عشق کی ہر بات بھلا مان سکو گے
کیا عشق کو تم راہِ ہدیٰ مان سکو گے
معشوق کو ہر شے سے بڑا مان سکو گے
محبوب کو عالم کا خدا مان سکو گے
معشوق کو معبود بنا سکتے ہو کیا تم
کونین کا مسجود بنا سکتے ہو کیا تم
ہاں سوچ کے اس عشق کے صحرا میں قدم رکھ
جوتوں کو اتار عشق کے سینا میں قدم رکھ
تج دونوں جہاں عشق کی دنیا میں قدم رکھ
تو خود کو مٹا دشتِ معلیٰ میں قدم رکھ
سر اپنا کفِ دست پہ دھر لے تو ادھر آ
قتل اپنی تمناؤں کو کر لے تو ادھر آ
قربان گہِ عشق میں سر دے تو ادھر آ
پابندِ وفا خود کو جو کر دے تو ادھر آ
تن خونِ رگِ جان سے بھر دے تو ادھر آ
جاں ہنس کے تہہ تیغ اگر دے تو ادھر آ
آ موت سے لڑنا تو اگر سیکھ چکا ہے
نیزوں پہ چڑھا لینا جگر سیکھ چکا ہے
آنا ہے تو پھر جَون کے انداز و ادا سیکھ
جاں دینا حبیب ابنِ مظاہر سے ذرا سیکھ
اکبرؐ سے لب و لہجۂ آذان ذرا سیکھ
غازیؐ سے نگہبانیِ آدابِ وفا سیکھ
تو وہب سے تکمیلِ رسوماتِ جہاں سیکھ
سہروں کی ادائیں بھی سرِ نوکِ سناں سیکھ
اس دشت میں ہر چیز مٹا لے تو قدم رکھ
میثم سے بھی قد اپنا بڑھا لے تو قدم رکھ
ہم درس تو مسلمؐ کو بنا لے تو قدم رکھ
غازیؐ کے کچھ انداز چرا لے تو قدم رکھ
قاسمؐ کی طرح سہرے سجا لے تو ادھر آ
اور موت کو دلہن جو بنا لے تو ادھر آ
نیزے پہ چڑھا سکتا ہے تو سر تو ادھر آ
کھا سکتا ہے بازار میں پتھر تو ادھر آ
گھوڑوں سے مٹا سکتا ہے پیکر تو ادھر آ
سہہ سکتا ہے توہین کے منظر تو ادھر آ
کھا سکتے ہو سینے پہ اگر تیر تو پھر آ
سہہ سکتے ہو ناموس کی تشہیر تو پھر آ
محبوب پہ ہر چیز لٹانا ہو تو پھر آ
خود تیر کلیجے پہ جو کھانا ہو تو پھر آ
ناموس کے خیموں کو جلانا ہو تو پھر آ
گردن تہہِ خنجر جو کٹانا ہو تو پھر آ
قربان گہِ عشق میں چڑھنا بھی تو سیکھو
معراج پہ قرآن کو پڑھنا بھی تو سیکھو
معشوقِ ازل تو ہی یہ معراج عطا کر
دے اوجِ قلندر میری ہستی کو مٹا کر
عشاق کے قدموں کی مجھے خاک بنا کر
اور مجھ کو عطا اتنا تو اعزاز وفا کر
جعفرؐ رہے نت زمرۂِ انوار میں شامل
یعنی رہے عشاق کے انصار میں شامل
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار