

آ کہ ہر اک چیز کے من میں سجی امید ہے
کائناتِ مردہ تن کی زندگی امید ہے
درد میں ڈوبے دلوں کی تازگی امید ہے
اک تمہاری ذات دل کی آخری امید ہے
تیرے آنے کے سدا آثار آتے ہیں نظر
دل میرا بلیوں اچھلتا ہے اسی امید پر
کہہ رہا ہے کل جہاں تیرا ظہور ہونے کو ہے
عالمیں پر پرفشاں خالق کا نور ہونے کو ہے
یہ مصائب کی تڑپ ہر دل سے دور ہونے کو ہے
غم کو بھی حاصل مسرت کا شعور ہونے کو ہے
منتظر ہیں سب تمہاری تاج پوشی کیلئے
ہے مچلتی جانِ ہستی سرفروشی کیلئے
کہہ رہا ہے آسماں روحِ سما آنے کو ہے
کہہ رہی ہے کل زمیں میرا خدا آنے کو ہے
کہہ رہا ہے عرش میرا مصطفیؐ آنے کو ہے
کہتے ہیں جبریل میرا منتہیٰ آنے کو ہے
کہتی ہے یہ ذوالفقار ایسا کچھ اب ہونے کو ہے
نازل اس دنیا پہ خالق کا غضب ہونے کو ہے
کہتا ہے سرمن میرے من کا چمن آنے کو ہے
کہتی ہے جنت خداوندِ عدنؐ آنے کو ہے
نورِ حق کونین پر پرتو فگن آنے کو ہے
ذاتِ وحدت کا اچھوتا بانکپن آنے کو ہے
کھول آنکھیں اے خرد نظریں جھکا اے بندگی
با ادب روحِ بشر سجدے میں جا اے بندگی
کربلا سے ختم یہ کرب و بلا ہونے کو ہے
اور نجف کا دُرِّ حقؐ پردہ کشا ہونے کو ہے
اور مسیحا کے غمِ دل کی دوا ہونے کو ہے
رسمِ تدفینِ مظالم اب ادا ہونے کو ہے
اک اسی امید پر قائم ہے سب کی زندگی
کائنات اس جاں فزا امید پر ہے جی رہی
صدیوں کے غم جھیلتے آئے ہیں اس امید پر
سرد موسم رو کے گرمائے ہیں اس امید پر
آنسوں کے دُر بھی بنائے ہیں اس امید پر
درد میں پل پل جو نہائے ہیں اس امید پر
ذرے ذرے میں ہے صدیوں کا سلگتا انتظار
صرف اُمّیدوں ہی سے اچھا ہے لگتا انتظار
جعفرؐ اب تو اپنی ہر امید کا مہکے چمن
اب تو چھٹ جائے رخِ حالات کا گہرا کہن
اب تو مل جائے زمانے کو خدائے ذوالمننؐ
اب تو ہو پردہ کشا توحید کا کل بانکپن
اب تو آلِ قدسؐ کے محورؐ کو آنا چاہیئے
بے نقاب اب رحمتِ داور کو آنا چاہیئے
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار