

او بے نفاذ حکمِ مشیت جواب دے
او بے زبان حلقۂ قدرت جواب دے
او بے چراغ عدل کی تربت جواب دے
او بے عمل مزاجِ عدالت جواب دے
بے اشک چشمِ رحمتِ داور جواب دے
او مصلحت او معاویہ پرور جواب دے
چپ کیوں ہے تو جہاں کی جفا پر جواب دے
سہمی ہے کیوں ستم کی ادا پر جواب دے
پہرہ کیوں ہے یہ آہِ رسا پر جواب دے
کیوں داغ ہیں کرم کی ردا پر جواب دے
کیوں تیغ بے نیام ہے بے حس جواب دے
کیوں قلب انتقام ہے بے حس جواب دے
صدیوں سے کیوں ہے ظلم کا طوفاں جواب دے
چکی میں پس رہا ہے کیوں انساں جواب دے
رسوا ہے کیوں فرشتۂ ایماں جواب دے
کونین کیوں ہے مقتلِ عرفاں جواب دے
قدرت پہ پڑ رہے ہیں پھر الزامِ بیکسی
سمجھے ہوئے تھے صبر کو فرعون بزدلی
ہر ظلم پر تھی عفو کی باراں تو کس لیے
مصروفِ در گزر تھا جو یزداں تو کس لیے
ظالم پہ تھا کرم جو فراواں تو کس لیے
خنجر کے نیچے رکھ دی رگِ جاں تو کس لیے
ڈالی ہے کس نے ظلم کی عادت جواب دے
کیونکر بڑھی ہے کفر کی جرأت جواب دے
ہر ظلم ٹوٹتا ہے مگر تو خموش ہے
بپھری ہوئی جفا ہے مگر تو خموش ہے
ہر ظلم ہو چکا ہے مگر تو خموش ہے
اک حشر سا بپا ہے مگر تو خموش ہے
اس چپ کا کیا جواز صحیح ہے جواب دے
بدلے سے احتراز صحیح ہے جواب دے
جاری ہے ظلم و جور کا طوفان کس لئے
خالق کو بھونکتا ہے تو انسان کس لئے
غیبت کی شب ہے صدیوں سے مہمان کس لئے
اسلام کی ہے ہونٹوں پہ اب جان کس لئے
غیبت میں عدل کا ہے خداوند کس لئے
عباسؐ ہیں جو آج بھی پابند کس لئے
غیبت میں خون روتے ہیں سلطانِ دیںؐ تو کیوں
اس ظلم پر خموش ہیں کُل عالمیں تو کیوں
احساس ان دکھوں کا کسی کو نہیں تو کیوں
ظلم و ستم سے جوج رہی ہے زمیں تو کیوں
دنیا پہ اب بھی شامِ غریباں بپا ہے کیوں
خاموش ہر ستم پہ یہ آخر خدا ہے کیوں
لازم ہے اب تو ظلم کی دنیا اجاڑ دے
اس دندناتے کفر کو دھرتی میں گاڑ دے
اشجارِ جور و ظلم کو جڑ سے اکھاڑ دے
حق پر ہے فرض کفر کے رستم پچھاڑ دے
دنیا پہ ملکِ آلِ نبیؐ کا ظہور ہو
مائل بہ قہر ذاتِ رحیم و غفور ہو
اہلِ جلال صبر سے آزاد ہوں ابھی
طاغوتیانِ کفر بھی برباد ہوں ابھی
ختم اس جہاں سے کل ستم ایجاد ہوں ابھی
صدیوں سے اجڑے گھر جو ہیں آباد ہوں ابھی
زخمی دلوں کو فصلِ مسرت بھی چاہیئے
دل سے نکلنا اب کوئی حسرت بھی چاہیئے
سورج ہو اس جہاں پہ طلوع انتقام کا
پھر ذوالفقار چولا اتارے نیام کا
بدلہ ہو اسطرح سے شہِ تشنہ کامؐ کا
ٹھنڈا جگر ہمیشہ رہے ہر غلام کا
اعلان جعفرؐ آج ہو دورِ جدید کا
دشمن کے خاتمے پہ نظارہ ہو عید کا
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار