

یہ دن ہے کہ جو سیدِ لولاکؐ کا دن ہے
دھرتی کیلئے حاصلِ افلاک کا دن ہے
خلاق کے عرفان اور ادراک کا دن ہے
اور سلطنتِ پنجتنِ پاکؐ کا دن ہے
اعلان نگوں ساری ئِ کفار کا دن ہے
خالق کیلئے لمحۂ اظہار کا دن ہے
تحویل کناں کوکبِ طارق کا یہ دن ہے
اور ربِ مشارق اور مغارب کا یہ دن ہے
بارانِ معاجز اور خوارق کا یہ دن ہے
اور کفر میں تولیدِ بوارق کا یہ دن ہے
ہر چیز سے آتی ہے صدا زاھقَ باطل
حاصل ہے ہوئی راہ روِ عصر کو منزل
سورج کی ہے سکرین تو منظر ہے نرالا
ہے آج عیاں اُس سے رخِ سیدِ والاؐ
وہ رخ ہے گویا چاند تو خورشید ہے ہالا
دنیا پہ مگر آج ہے کچھ اور اجالا
اظہار پذیر آج یہ کیوں شیرِ خداؐ ہیں
بیٹےؐ کے تعارف کو یہاں جلوہ کشا ہیں
فرماتے ہیں او عالمِ امکان اِدھر دیکھ
زنگ خوردۂِ غفلت ارے انسان اِدھر دیکھ
او عالمِ جن نسخۂ نسیان اِدھر دیکھ
کونین او چند لمحوں کی مہمان اِدھر دیکھ
آمادۂ اظہار مَیں حیدرؐ کا خلف ہے
ایسے نہیں آیا ارے شمشیر بکف ہے
وہ آتا ہے کونین کا محورؐ جسے کہیے
اور فکر میں جبریل کا شہپر جسے کہیے
اور نرخرۂ کفر پہ خنجر جسے کہیے
مصروفِ عمل داورِ محشرؐ جسے کہیے
خالق کے تقدس کی نشانی جسے کہیے
سرکارِ مدینہؐ کی جوانی جسے کہیے
وہ آتا ہے اِجلال کا پیکر جسے کہیے
اور تیغِ یداللہ کا جوہر جسے کہیے
آئینۂ توحید کا منظر جسے کہیے
اور عدل کے دریا کا شناور جسے کہیے
عباسؐ کی انگڑائیاں پیکر میں سمو کر
تلوار کو تقدیر میں لایا ہے ڈبو کر
وہ خانقاہی دورِ سیاست کی نفی ہے
دریوزہ صفت طرزِ ارادت کی نفی ہے
اور پیشہ وری درسِ عبادت کی نفی ہے
اور بھیک میں بخشی ہوئی شاہت کی نفی ہے
اب سر بہ زمیں ہونا ہے جمہور کا پرچم
اور سر بہ فلک دیکھیں گے سب نور کا پرچم
وہ نظمِ شبِ تار میں لایا ہے نیا دن
ہر عصر کے جالوت پہ پھینکے گا فلاخن
تدبیر سے مارے گا یہ تقدیر کی سوکن
انساں کو بنا دے گا جو قدرت کا معاون
جو درسِ جہاں بانیٔ مفلس کا ہے بانی
جو فقر کو دیتا ہے جلالت کی جوانی
کردار میں بے لوچ ہمالہ کی جوانی
گفتار میں کہسار کے جھرنوں کی روانی
اقدار میں اک قدر فلک بوس کا بانی
جو خستہ تمدن پہ ہے تلوار کا پانی
ٹھٹھری ہوئی سوچوں میں حرارت کا ذخیرہ
افسردہ امنگوں میں تمازت کا جزیرہ
عالم میں مساوات کے دستور کا قائمؐ
تڑپائے ہوئے بے کس و مجبور کا قائمؐ
مظلوم کا کمزور کا رنجور کا قائمؐ
ترسائے ہوئے بندۂ مزدور کا قائمؐ
اب ایسا خمِ ضعف مہِ نو میں نہ ہوگا
ہاں ظلم کا نام اِس کے قلم نو میں نہ ہوگا
شبیرؐ کا اِجلال ہے وحدت کی نمو ہے
اور صولتِ حیدرؐ کا بصد شان وضو ہے
شریانوں میں غازیؐ کی شجاعت کا لہو ہے
اور جسم میں قرآن کے آیات کی بو ہے
جو درس ہے عالم پہ مسیحا نفسی کا
جھونکا سرِ تطہیر نسیمِ سحری کا
گفتار میں اک دجلۂ ایجاد وہ قائمؐ
کہسارِ دساتیر کا فرہاد وہ قائمؐ
اللہ کا اک پیکرِ ارشاد وہ قائمؐ
عالم کے لئے عدلِ خدا داد وہ قائمؐ
پستے ہوئے انسانوں کی امید وہ قائمؐ
ترسی ہوئی ہستی کیلئے عید وہ قائمؐ
بپھری ہوئی غازیؐ کی شجاعت ہے وہ قائمؐ
سَمٹی ہوئی تطہیر کی عصمت ہے وہ قائمؐ
چھائی ہوئی کرارؐ کی ہیبت ہے وہ قائمؐ
جو عصر میں ہم پایائے قدرت ہے وہ قائمؐ
مہکا ہوا تقدیس کا گلزار ہے قائمؐ
سرورؐ کے لئے طرۂ دستار ہے قائمؐ
انساں کی مٹا دے گا جو محرومیٔ قسمت
برسائے گا افلاک سے عالم پہ مسرت
ہر عبد کو معبود کی بخشے گا وجاہت
انسان کو دے دے گا جو اللہ کی قدرت
لو دیں گے سبھی ہونٹ سلونی کی صدا سے
گونجے گی زمیں کن فیکونی کی صدا سے
سورج سے تعارف کی ہوئی ختم جو تقریر
آنکھوں میں پھری بیتِ خداوند کی تصویر
وہ نور کا تڑکا وہ شفق مجمعِ تنویر
کعبے کو نیا ایک جنم دیتی ہے تقدیر
کعبہ تھا سیاہ پوش وہ جس ذات کے غم سے
اب نورفشاں اُن کے ہے اعزازِ قدم سے
آیا ہے کچھ اِس شان سے لختِ دلِ حیدرؐ
بیدار ہوا کعبے کا غش خوردہ مقدر
خود قبلہ و کعبہ ہوئے خوش اتنے کہ بڑھ کر
نعلین شہِ حقؐ کی رکھی چوم کے سر پر
اعلانِ ولایت ہے پیئے خاورِ کعبہ
پالانوں کا منبر نہیں ہے منبرِ کعبہ
وہ قبلۂ کونین کے سینے پہ کھڑا ہے
خود بیتِ خدا دوش بہ خم محوِ دعا ہے
انداز میں بے ساختہ پن کھیل رہا ہے
یہ عرش سے اُترا ہوا ہستی کا خدا ہے
انسان کو وحدت سے یہ ہے جوڑنے والا
فرسودہ معاشرتی حدیں توڑنے والا
مصروفِ تعارف ہے بہ اندازِ جلالت
فقروں کے تلاطم میں ہے اک نہجِ بلاغت
الفاظ میں گیرائی تسلسل میں بھی ندرت
لے مصحفِ حق بھیک میں خود جس سے فصاحت
قرآن کے کانٹے میں گوہر تول رہا ہے
پھر طور پہ موسیٰ سے خدا بول رہا ہے
فرماتے ہیں آدم کے رہا ساتھ میں ہر دم
اور نوح پہ لایا تھا میں طوفانِ تلاطم
تھا شیث کی ہیبت میں میری ذات کا چَم خَم
تھا آتشِ نمرود میں گلزار میرا دم
عیسیٰ کے محد میں میری گفتار کی لو تھی
موسیٰ کی ہدایت میری نعلین کی ضو تھی
میثاق کے دن میں نے ہی اقرار لیا تھا
اور فرضِ نیابت بھی ادا میں نے کیا تھا
جب جامِ ولا میرا نبیوں نے پیا تھا
اعزازِ نبوت انہیں تب میں نے دیا تھا
میثاق میں جب میں نے بِر بک کی صدا دی
عرشوں سے بھی آتی تھی صدا قالو ابلٰی کی
مرہون ہے تخلیقِ سما میرے کرم کی
ہے زندگی ایجاد میری ضربِ قدم کی
باعث ہے میری ذات عوالم کے جنم کی
ملکوت نے گردن تھی میرے سجدے میں خم کی
میں نے لبِ تخلیق کو قدرت سے نوازا
میں نے قدِ ایجاد کو خلعت سے نوازا
ہستی عدم آباد سے لایا ہوں میں تب سے
جب سے کیا تخلیق اسے شوقِ طلب سے
ملکوت کا خالق ہوں تمہی پوچھ لو سب سے
لاشئے کو میں شئے کرتا ہوں یک جنبشِ لب سے
للہِ سمٰوات کے مصداق بھی ہم ہیں
بازیچۂ کونین کے خلاق بھی ہم ہیں
فرعون کو میں ورطۂ غرقاب میں لایا
جسم اُس کا پئے عبرتِ عالم تھا بچایا
موسیٰ کو سرِ قصر میں ہی لے کے تھا آیا
آغوش میں فرعون کے پروان چڑھایا
تھی حسن میں یوسف کے ضیا میرے کرم کی
ضو دیتے تھے رخسار میرے نقشِ قدم کی
تھی میں نے ہی یعقوب کی فرقت میں دوا کی
رویا میں بھی رویا کہ محبت تھی بلا کی
بینائی بھی تھی ازسرِنو میں نے عطا کی
صورت بھی دکھا دی اسے خورشید لقا کی
یوسف کو سرِ تخت جو وہ دیکھ رہا تھا
یعقوب نے سجدہ میرے قدموں کو کیا تھا
عیسیٰ کی مسیحائی بھی مرہونِ عطا ہے
اور عصمتِ مریم میری رحمت کی ادا ہے
جو زندگی عیسیٰ کی سرِ اوجِ سما ہے
وہ بھی میری نعلین کے سجدے کی جزا ہے
دراصل پیا تھا میرے دیدار کا پانی
ہے خضر کی قائم تو اسی شئے سے جوانی
میں عصمتِ کونین ہوں اعجاز بکف ہوں
وہ کانِ نجف ہیں تو میں اک دُرِنجف ہوں
وہ میرے صدف ہیں میں دُرِ ذاتِ صدف ہوں
وہ حکم دہندہ ہیں میں ملکوت بہ صف ہوں
وہ وحدتِ مطلق ہیں میں اوصاف نما ہوں
وہ غیبِ حقیقی ہیں میں اظہارِ انا ہوں
میں جلوہ نما تھا سرِ انوارِ محمدؐ
دراصل ہوں میں لہجۂ گفتارِ محمدؐ
تھی میری ضیا برسرِ رخسارِ محمدؐ
میں وہ ہوں جو ہے طرۂ دستارِ محمدؐ
تھی ذاتِ محمدؐ تو وہ دارین کی رحمت
میں کیا ہوں خود اُس قبلۂ حرمین کی رحمت
وہ شجر تھے میں پھل ہوں وہ سورج میں ضیا ہوں
وہ پھول میں خوشبو وہ چمن تھے میں صبا ہوں
وہ ذات میں غائب تھے میں خود اُن میں چھپا ہوں
وہ جسم تو میں جان وہ پیکر میں انا ہوں
وہ جامۂ بشری میں تو اَسرارِ صمد ہیں
ہم وحدتِ کلی میں ھوّ اللہ احد ہیں
حیدرؐ ہیں جوانی میں جوانی کی اٹھن ہوں
وہ خاورِ جرأت ہیں تو میں اُن کی کرن ہوں
وہ گلشنِ اجلال میں اجلالِ چمن ہوں
ہر پہلو پہ اُس ذات کے میں جلوہ فگن ہوں
وہ اشجعِ عالم میں شجاعت کی ادا ہوں
وہ رب کی مشیت ہیں تو میں اُن کی رضا ہوں
وہ حسنِ حسنؐ محسنِ اولیٰ کا خزینہ
وہ خاتمِ سرورؐ ہیں تو میں اُن کا نگینہ
وہ حلمِ مجسم ہیں تو میں اُن کا قرینہ
وہ بحرِ تکرُّم میں سرِ آب سفینہ
وہ صبرِ خداوند تو میں صبر کا پھل ہوں
وہ ظلم پہ چپ میں ہی مکافاتِ عمل ہوں
شبیرؐ تھے سجدے میں تو میں سجدۂ جاں تھا
ہونٹوں پہ تھی الحمد تو میں طرزِ بیاں تھا
وہ منزلِ تسلیم تھے میں رمزِ نہاں تھا
وہ شکر میں مصروف میں آنکھوں سے رواں تھا
وہ ظلم سے ہے سینہ سپر صبرِ خدا ہے
اور میرے لئے صبر نہیں جبرِ خدا ہے
اُس جذبۂ صادق کی صِداقت ہے میری ذات
وہ قاری بہ نیزہ تھے تو قرأت ہے میری ذات
وہ عاشقِ حق تھے تو محبت ہے میری ذات
وہ جس میں فنا تھے وہ حقیقت ہے میری ذات
وہ سجدہ جو محفوظ رہا اُن کی جبین میں
اظہار کناں آج ہے آغوشِ زمیں میں
شبیرؐ کی معراجِ سعادت میری ہستی
اور منزلِ مقصودِ شہادت میری ہستی
قربانیٔ عظمیٰ کی وضاحت میری ہستی
تھی پیکرِ گلریز کی رنگت میری ہستی
شبیرؐ کے اجزا میں ، میں ہی روح رواں تھا
اور نوکِ سناں پر میری عظمت کا بیاں تھا
عباسؐ کا دراصل ہوں میں قوتِ بازو
وہ حسن کشا زلفِ صمد میں خمِ گیسو
وہ غضبِ خداوند تو میں گوشۂ ابرو
وہ چشمِ خداوند تو میں احمریں آنسو
وہ مصلحتِ وقت میں پابندِ رضا تھے
اور میرے لئے قلب میں مصروفِ دعا تھے
جو اُن کے دلِ زار کی حسرت تھی وہ میں ہوں
پابندِ رضا اُن کی جو جرأت تھی وہ میں ہوں
جو امر میں مجبور شجاعت تھی وہ میں ہوں
اظہار کو بے چین جو قدرت تھی وہ میں ہوں
اُس دل کے چٹخنے کی میں پُر درد صدا ہوں
اُس حسرتِ ناکام کی میں تازہ دوا ہوں
اکبرؐ کی جوانی کی ہوں گھنگھور گھٹا میں
ہمشکلِ پیغمبرؐ کے تخاطب کی ادا میں
اُس رخ کی ملاحت میں تجمل کا مزا میں
اُن نرگسی آنکھوں کی ہوں بے عیب حیا میں
خورشیدِ شباب اُس کا چٹانوں پہ کھڑا تھا
وہ میں تھا کہ کُل حسن بھی سجدے میں پڑا تھا
عباسؐ کی زلفوں کی سیاہ رات بھی میں ہوں
چہرے سے عیاں سرخیٔ جذبات بھی میں ہوں
بدلے کیلئے ترسی ہوئی ذات بھی میں ہوں
عالم کیلئے موجبِ برکات بھی میں ہوں
اُس حسن کے پردے میں میری ذات نہاں تھی
اُس جوش میں ڈوبی میری تصویر عیاں تھی
حمزہؐ کے تہوّر کی میں ہوں جاگتی تصویر
میں جعفرِ طیارؐ کا اک نعرۂ تکبیر
ہاشمؐ کی سخاوت کی مجسم ہوں میں تفسیر
میں مومنِ بر حق پہ ہوں اک آیہِ تطہیر
اور شانِ ربوبیتِ عمراںؐ مجھے سمجھو
قرآں نہیں خود بولتا یزداں مجھے سمجھو
کعبے کی میں عزت ہوں تو قرآں کی بقا ہوں
عالم کیلئے محتسبِ جور و جفا ہوں
دشمن کیلئے سایۂ شمشیرِ قضا ہوں
یوں سمجھو میں کفار کی گردن پہ کھڑا ہوں
بولہبی و بو جہلی ہے تلوار کی زد میں
اب کفر کو پھر ڈالوں گا میں چاہِ اُحد میں
گر سرخیٔ آغازِ جلال آنکھ میں آئے
ہر ذرے سے اک آگ کا طوفان اٹھائے
ابرو بہ خمِ غیض اگر لوچ دکھائے
کونین کو اڑنے میں کوئی دیکھ نہ پائے
اور شترِ ستم پیاس میں کھو بیٹھے روانی
خود ٹیک کے گھٹنے پیئے تلوار کا پانی
ہو جاؤں غضبناک اگر ارض و سما پر
یہ مثلِ خسِ خستہ اڑے دوشِ ہوا پر
آئے جو کفِ جوش لبِ حشر کشا پر
کروبی پڑے مانگیں اماں عرشِ اولیٰ پر
آنکھوں میں اگر ڈورے ہوں گر جذب فنا کے
پروانہ مثل پر جلیں ملکوتِ قضا کے
اس مستِ جلال آنکھ کی صرف ایک نظر سے
ہر ظلم کی ظالم پہ سزا ٹوٹ کے برسے
گرجوں میں سرِ جوش اگر فرطِ قہر سے
خود موت پناہ مانگنا بھولے میرے ڈر سے
میں دوں گا سزا ایسی سبھی اہل جفا کو
فردوس عدو سمجھیں جہنم کی سزا کو
ہوں پردگیانِ دلِ وحدت کی جھلک میں
ہوں غیبِ مسلسل کی دل آویز چمک میں
بوئے رخِ تطہیر کی جاوید مہک میں
اک پل میں مٹا دوں گا دلِ کفر کے شک میں
ہر ظلم پہ چپ تھے وہ ہر اک غم میں وہ خاموش
ہونا ہے مجھے جملہ مسائل سے سبکدوش
ہر چیز بقا یافتہ میرے ہی کرم سے
سورج کو جلا دیتا ہوں میں نقشِ قدم سے
سبزے کا بقا بخش ہوں میں لاکھوں جنم سے
ہے نظم کواکب میں تنظم میرے دم سے
ہے رنگِ جمال عالمِ پر کیف میں میرا
ہر شئے میں میرے حسن کا رہتا ہے سویرا
بھرتا ہوں بہاروں کی رگِ جاں میں جوانی
شبنم کو سکھاتا ہوں میں پکھراج فشانی
پھولوں کو سناتا ہوں میں خوشبو کی کہانی
اشجار کو ہوں بخشتا میں خلعتِ دھانی
جھرنوں کے ترنم میں میری حمد کی دھُن ہے
بلبل کی کلا میں بھی میرے شکر کا گُن ہے
گرداب کو سمجھاتا ہوں میں دائرے بھرنا
قطروں کو سکھاتا ہوں میں دریا سے ابھرنا
چشموں کو پہاڑوں سے سکھاتا ہوں اترنا
موجوں کو بتاتا ہوں میں اٹھکیلیاں کرنا
فطرت کو ہے رنگین مزاجی سے سنوارا
ہستی پہ تنوع کے ہے قرآں کو اتارا
رنگوں کی شب و روز ہے کونین پہ ہولی
ہے دولتِ الوان سے پُر ہست کی جھولی
اور حسن کی ہے زلفِ گرہ گیر جو کھولی
تسبیح کے کانٹے میں دعا عصر نے تولی
ہر چیز میری شانِ کرم دیکھ کے خم ہے
سجادۂ لوح پر میرے سجدے میں قلم ہے
چاہوں تو میں کونین کی تکوین مٹا دوں
ہستی کی طنابوں کو جو کھینچوں تو ہلا دوں
جو محشرِ خفتہ ہے میں ٹھوکر سے جگا دوں
کل دائرۂ خلق کو اسباقِ فنا دوں
گر آنکھ اٹھا دوں تو زمیں جذبِ سما ہو
پلکیں جو گرا دوں تو فلک زیرِ ثریٰ ہو
گر اپنے حجابِ رخ بیضہ کو اٹھا دوں
ہستی کو سرِ راہِ عدم لا کے بٹھا دوں
گر عارضِ پر نور کو میں اذنِ ضیا دوں
انوار کی بوچھاڑ میں عالم کو جلا دوں
وحدت میرے اظہار کے انداز سے چونکے
خالق لمن الملک کی آواز سے چونکے
کیا حور و جناں جن و ملک ارض وسما ہیں
کیا لوح و قلم کاتبِ تقدیر و قضا ہیں
ارواحِ نبیین ہیں یا اہلِ صفا ہیں
گر ایک جھلک دیکھیں تو سمجھو کہ فنا ہیں
اس نور کا متحملِ کلی کوئی کیا ہو
جس نور کے اظہار میں اظہارِ خدا ہو
دوزخ میرے اندازِ جلالت سے ہو پانی
کوثر میری گفتار و وضاحت سے ہو پانی
قرآں میرے اطوارِ بلاغت سے ہو پانی
گر جلوۂ سینا ہو تو حیرت سے ہو پانی
میں برزخِ کبریٰ ہوں مگر پردہ کشا ہوں
آئینۂِ توحید ہمہ پہلو نما ہوں
اک دوسرا پہلو ہے میری طرزِ نمو کا
رنگ اور بھی ہے پیکرِ اظہار کی بو کا
دنیا میں اگر ہے کوئی عرفان کا بھوکا
لے اور مزا میرے معارف کے سبو کا
مظلومی بھی اک اس میری تصویر کا رخ ہے
ہر صبر میں گویا میری توقیر کا رخ ہے
میں ابنِ مظاہر کی ضعیفی کا نشاں ہوں
میں عونؐ کے بچپنؐ میں جو تھا عزمِ جواں ہوں
اکبرؐ کی میں عاشور کی آوازِ اذاں ہوں
اصغرؐ کی خموشی کی میں بھرپور زباں ہوں
آمادۂ اظہار میں ان سب کی ادا ہوں
تم فکر سے پوچھو میں بشر ہوں یا خدا ہوں
آیا ہوں میں باطل کی فصیلوں کو گرانے
شبیرؐ کی برداشت کے کل راز بتانے
اور ظلم کی ہر فردِ عمل پڑھ کے سنانے
اور دبدبۂ حق بھی زمانے کو دکھانے
اب نورِ ھدیٰ نکلے گا قندیلِ حرم سے
مٹ جائے گا باطل میری آوازِ قدم سے
اب مجھ کو سرِ عرشِ اولیٰ دیکھ لے عالم
یزدان صفتؐ جلوہ نما دیکھ لے عالم
عرفاں کے جھروکوں سے خدا دیکھ لے عالم
قرآن کی توحید ہے کیا دیکھ لے عالم
اور یکشِفُ عن ساق کا مقصد میرا دم ہے
یہ جسم میرا خالقِ اکبر کا حرم ہے
ہوں دھرتی پہ میں قبلۂ اول عرفا کا
حاصل مجھے اعزاز ہے توحید نما کا
دراصل میں ہی کعبہ تھا ملکوتِ سما کا
جو سجدہ مجھے ہو گا ہے وہ سجدہ خدا کا
اب ہو گی نہیں برسر اوہام عبادت
اب ہوگی یہاں میری سرِ عام عبادت
دیکھو تو میرے ہاتھ میں شمشیر یہ کیا ہے
یہ برقِ اجل موت کی اک زلفِ بلا ہے
یہ پہنچنے میں کُن کی تجلی کی ضیا ہے
مصروفِ عمل گویا یہ فرمانِ خدا ہے
جیتی ہے یہ جوش عالمِ جبار سے پی کر
چلتی ہے قضا پانی اسی دھار سے پی کر
بجلی کو سکھاتی ہے لپکنے کی ادا یہ
اور رعد کو دیتی ہے کڑکنے کی ادا یہ
اور برق میں بھرتی ہے چمکنے کی ادا یہ
اور موت کو سمجھاتی ہے تکنے کی ادا یہ
آجاتا ہے جو شخص بھی اِس تیغ کے خم میں
یہ جا کے سلاتی ہے اُسے قصرِ عدم میں
اک قلزمِ امواجِ بلا ہے یہ میری تیغ
انساں کیلئے قہرِ خدا ہے یہ میری تیغ
ہستی کیلئے درسِ فنا ہے یہ میری تیغ
اور موت کی داسی کی انا ہے یہ میری تیغ
ہاں عدل کا بے عیب ترازو ہے میری تیغ
توحید کی خود قوتِ بازو ہے میری تیغ
یہ تیغ بہت رنج و مِحَن دیکھ چکی ہے
ہاں ضربِ شہِ قلعہ شکنؐ دیکھ چکی ہے
مسمومؐ کا رنگین کفن دیکھ چکی ہے
شبیرؐ کا یہ لٹتا چمن دیکھ چکی ہے
اکبرؐ کی جوانی کی ادا دیکھ چکی ہے
دریا پہ یہ غازیؐ کو پڑا دیکھ چکی ہے
چھِیدا ہوا اصغرؐ کا گلو دیکھ چکی ہے
شبیرؐ کے ہاتھوں میں لہو دیکھ چکی ہے
اُس خون کا چہرے پہ وضو دیکھ چکی ہے
روتے ہوئے حیدرؐ کی بہوؐ دیکھ چکی ہے
آنکھوں میں بھرے پانی تھی ہر ظلم اٹھا کر
خاموش تھی یہ قبر بھی اصغرؐ کی بنا کر
یہ شامِ غریباں کا سماں دیکھ چکی ہے
بچوںؐ کی ہر اک آہ و فغاں دیکھ چکی ہے
معصومہؐ کے آنسو بھی رواں دیکھ چکی ہے
اٹھتا ہوا خیموں سے دھواں دیکھ چکی ہے
کُل شامِ غریباں کے ستم دیکھ چکی ہے
سجادؐ پہ شمشیر علم دیکھ چکی ہے
کل قافلۂ راہِ رضا دیکھ چکی ہے
گرتے ہوئے بچوںؐ کی بُقا دیکھ چکی ہے
بازار میں چلنے کی ادا دیکھ چکی ہے
پردے کیلئے رب کی ردا دیکھ چکی ہے
یہ صبر کو تاحدِ نظر دیکھ چکی ہے
منبر پہ یہ خود آقاؐ کا سر دیکھ چکی ہے
ہر ظلم کے اب قرض چکائے گی یہی تیغ
ہر بدلے کی اب پیاس بجھائے گی یہی تیغ
ہر حسرتِ دل اپنی مٹائے گی یہی تیغ
دشمن کے لہو میں بھی نہائے گی یہی تیغ
یہ بن کے سرِ کفر زبردست پھرے گی
دشمن کا لہو پی کے یہ سرمست پھرے گی
یہ تیغ ہر اک ظلم کی تفسیر لکھے گی
دشمن کے مقدر کی بھی تحریر لکھے گی
ہر ظالم و جابر کی یہ تقدیر لکھے گی
ہر بدلے کی ہر پہلو سے تدبیر لکھے گی
قائمؐ نہیں اب برسرِ منبر ہے میری تیغ
اب میں نہیں خود داورِ محشر ہے میری تیغ
ہاں جبرِ ذوالاکرام کا پیکر ہے یہی تیغ
اور عدلِ خداوند کی مظہر ہے یہی تیغ
اب عرصۂ اعمال کا داور ہے یہی تیغ
انصاف کا بیباک پیغمبر ہے یہی تیغ
ہر ظالمِ ازلی کی یہ میزانِ عمل ہے
پھَل اس کا تو مجرم کے ہر اک جرم کا پھل ہے
رکھنا ہے مجھے عدل کی بنیاد اسی سے
مظلوم کی سننا ہے تو فریاد اسی سے
دنیا میں ہمیں ہونا ہے آباد اسی سے
اور کفر کو کرنا ہے تو برباد اسی سے
یہ نسخہ ہے خود ملکۂ وحدتؐ کی خوشی کا
بدلہ اسے لینا ہے حسینؐ ابنِ علیؐ کا
جب ظلم کا خوں بن میں بہا لے گی میری تیغ
اجڑے ہوئے ہاتھوں کو حنا لے گی میری تیغ
جب قصرِ مظالم کو گرا لے گی میری تیغ
شبیرؐ کے پھر خیمے لگا لے گی میری تیغ
جب رسمِ خوشی میری ادا تیغ کرے گی
پھر جشنِ مسرت بھی بپا تیغ کرے گی
باطل کیلئے موت کی آواز یہ دن ہے
اور حق کی حکومت کا بھی آغاز یہ دن ہے
سر بستۂ توحید جو تھا راز یہ دن ہے
خوشیوں کیلئے تازہ اک انداز یہ دن ہے
اب ملکۂ کونینؐ کے آنگن میں خوشی ہے
لو برسرِ منبر وہ حسینؐ ابنِ علیؐ ہے
جعفرؐ کی دعائیں ہیں مبدل بہ اجابت
بر آئی ہے وارثؐ کے دلِ خستہ کی حسرت
ہے منتظر آنکھوں کی یہ تسکین کی صورت
گھر پاک میں خوشیاں ہیں تو دشمن پہ قیامت
ہر سَمت نسیمِ سحری ناچ رہی ہے
عالم پہ مسرت کی پری ناچ رہی ہے
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار