

خالق نہیں خود اپنی بھلائی کی آرزو
دل میں نہیں ہے تاجِ طلائی کی آرزو
ہرگز نہیں ہے عقدہ کشائی کی آرزو
تجھ سے نہیں ہے تیری خدائی کی آرزو
چشمِ طلب کے سامنے صرف اک مقام ہے
زخمی جگر کو آرزوئے انتقام ہے
شہدائے کربلاؐ کا تو کیا ہو گا انتقام
دنیا کے خوں بہا سے اجل اُن کا ہے مقام
نعلینِ پا کے بدلے مٹیں گر عدو تمام
تا حشر انتقام رہے گا یہ تَشنہ کام
گر تا ابد یہ آگ جلے انتقام کی
قیمت ادا نہ ہو گی کسی اک غلام کی
بدلے اور انتقام کی ہو گی جہاں بھی بات
پیشِ نظر رہیں گے غریبوںؐ کے منسوبات
عوض کسی بھی شئے کا ملے گر یہ کائنات
قیمت میں کم رہے گی بجز خود تمہاری ذات
یہ فیصلہ ہے عدل کے پروردگار کا
اک تو ہی خوں بہا ہے ہر اک شہسوارؐ کا
شہدائؐ کا انتقام تو ممکن نہیں رہا
اشیا کے انتقام کی حسرت ہے اے خدا
ترسی ہوئی ہے تیغِ شہنشاہِ کربلاؐ
چلنے کا اذن جس کو گھڑی بھر نہ مل سکا
بدلے کی آرزو میں بہت بے قرار تھی
اصغرؐ کی قبر کھود کے خود شرمسار تھی
اذنِ جہاد پا نہ سکی فوجِ شام میں
جوہر دکھا نہ پائی جو امرِ امامؐ میں
ارماں ہزاروں لے کے دلِ تَشنہ کام میں
زندہ جو دفن ہو گئی اپنے نیام میں
صدیوں سے رو رہی ہے وہ آقاؐ کی یاد میں
زندہ ہے اب بھی حسرتِ اذنِ جہاد میں
دیکھا ہے جس نے آقاؐ کو ڈھلتے زمین پر
بہتا لہو بھی دیکھا درخشاں جبین پر
جب حملہ آخری ہوا سلطانِ دینؐ پر
باندھا تھا اِس کو آقاؐ نے گھوڑے کی زین پر
اب بھی دعائیں دیتی ہے اپنے نیام میں
یا رب تو مجھ کو اب تو چلا انتقام میں
بدلے کی حسرتیں میں نکالوں تو چین لوں
دشمن کا خون جم کے بہا لوں تو چین لوں
اعدا کے چیتھڑے جو اُڑا لوں تو چین لوں
ٹکڑے عدو کے کھُل کے جلا لوں تو چین لوں
لاوا جو پک چکا ہے دلِ تَشنہ کام میں
اس کو نکالنا ہے مجھے انتقام میں
جعفرؐ اب اس دکھی کی دعا مستجاب ہو
عالم پہ چہرہ عدل کا یوں بے نقاب ہو
جذباتِ انتقام میں اٹھتا شباب ہو
نازل یہ تیغ بن کے الٰہی عذاب ہو
دشمن کے سر پہ بن کے یہ بادِ فنا چلے
خوشیوں کی صحنِ پاک میں باد صبا چلے
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار