

گھوڑے پہ ہیں ہسوار شہنشاہِؐ زمانہ
موزوں سرِ اطہر پہ ہے اکلیلِ شہانہ
اور تاج کا ہر موتی ہے اک دُرِ یگانہ
ہر دُر کی چمک ہے سوئے افلاک روانہ
چہرے پہ ضیا پاش جلالِ صمدی ہے
انداز سے لگتا ہے حسین ابنِ علیؐ ہے
گھوڑا یہ نہیں برقِ جہندہ کا ہے پیکر
بجلی ہے پناہ کیش ہر اک سم سے لپٹ کر
لرزے میں ہیں ملکوت وہ ہے غیض کا منظر
ٹاپوں سے ابلتے ہیں شراروں کے سمندر
چلنے سے ہلاتا ہے کلس عرش بریں کے
ہیں کانپتے ہر چوٹ سے طبقات زمیں کے
ظاہر ہے شہنشاہؐ کے ہاتھوں میں ذوالفقار
غصے سے ہیں تلوار کے اجزا بھی شرر بار
بدلے کیلئے آج ہر اک چیز ہے تیار
فرمایا شہنشاہؐ نے او جملہء اشرار
یہ تیغ میری منتقمِ آلِ عباؐ ہے
دشمن کیلئے آج کا دن یومِ فنا ہے
جی بھر کے مٹانا ہے مجھے بدلے کی حسرت
کردوں گا بپا عالمِ امکاں میں قیامت
اک لمحہ بھی دوں دشمنِ اجدادؐ کو فرصت
غیرت مجھے دیتی نہیں اس شئے کی اجازت
جب تک ہے کسک باقی دلِ زار میں غم سے
اعدا کا لہو برسے گا تلوار کے خم سے
میں منتقمؐ و منتصرِؐ کل غربا ہوں
سجادؐ کی غیرت ہوں میں غازیؐ کی وفا ہوں
اس دن کیلئے صدیوں کے دکھ جھیل چکا ہوں
بدلے کی تمنا میں لہو روتا رہا ہوں
جو فرشِ زمیں سرخ ہے شہدائؐ کے لہو سے
دھونا ہے مجھے آج وہ اعدا کے لہو سے
جب تک ہے میرے خانہ ئِ اجدادؐ میں ماتم
شمشیر سرِ ظلم چلاؤں گا میں پیہم
جب تک میں نہ لوں بدلۂ سلطانِ معظمؐ
ہرگز نہ اٹھاؤں گا میں عباسؐ کا پرچم
جس وقت مٹا لوں گا میں عباسؐ کے غم کو
خود چوم کے لاؤں گا میں غازیؐ کے علم کو
مت پوچھو میرے جذبۂ غیرت کی تمازت
اب صبر کے بند توڑ چکی ہے میری غیرت
تم سب کی مجھے یاد ہے ایک ایک جسارت
ہے بدلے کی حسرت میں بھی اب لاکھ قیامت
بدلے کی جو حسرت دلِ عباسؐ میں ہو گی
گرمی وہ تڑپ اب میرے احساس میں ہو گی
رکنے کا نہیں اب میری تلوار کا پانی
بڑھ جائے گی شمشیر کی ہر آن روانی
لوٹ آئے نہ جب تک علی اکبرؐ پہ جوانی
برسائے گا آگ اس میری شمشیر کا پانی
یہ جوش کی سرخی کا جو چہرے پہ وضو ہے
گویا رخِ شبیرؐ پہ اصغرؐ کا لہو ہے
تلوار چلاؤں گا میں جب فوجِ لعیں پر
بدلے کے بکھر جائیں گے گُل فرشِ زمیں پر
جب لاشوں کو پامال کروں گا میں یہیں پر
لوٹ آئیں گے سہرے میرے قاسمؐ کی جبیں پر
اعدا کا جگر جب میرے نیزے سے چھدے گا
تب زخم میرے سینہ ئِ اکبرؐ کا بھرے گا
جب تک میرے گھر میں صفِ ماتم کا سماں ہے
خود ملکۂ کونینؐ بھی مصروفِ فغاں ہے
رخسار پہ جب تک کسی ماتم کا نشاں ہے
بدلے کا یہ جذبہ میرے پیکر میں جواں ہے
جب تک نہ ہو بازار کے زخموں کا مداوا
قائم ہے میرا گردنِ کفار پہ دعویٰ
جب تک لبِ شبیرؐ پہ مسکان نہ آئے
لازم ہے میرا ہاتھ یہ شمشیر چلائے
جب تک میرے غازیؐ کو یہ منظر نہ ہنسائے
یہ چیتھڑے دشمن کے میری تیغ اڑائے
جب تک میں رخِ عونؐ ومحمدؐ نہ سجا لوں
ممکن نہیں تلوار کو اعدا سے اٹھا لوں
یہ کیا ہیں جنھوں نے بھی یہ حالات سنے تھے
اس ظلم پہ راضی تھے یا خاموش رہے تھے
یا ظلم کے صدمات نہ محسوس ہوئے تھے
یا بدلے کی خواہش میں کبھی لب نہ ہلے تھے
غیرت کا تقاضہ ہے میں ان سب کو مٹا دوں
میں شمر کے ہموزن انہی سب کو سزا دوں
اعدا کا لہو جب بھی روانی سے بہے گا
گھر پاک میرا خوشیوں کے پھولوں سے سجے گا
جب لاشیں کچل کر میرا راہوار چلے گا
تب دل کا سکوں پردۂ وحدت کو ملے گا
ہے راج یہاں منتقمِ آلِ عباؐ کا
یہ دورِ حکومت ہے نبیوں کے خدا کا
جعفرؐ کی دعا ہے یہ شہِ ملکِ ولایتؐ
قائم ہو زمانے پہ خداوندی عدالت
اب ٹوٹے عدوئوں پہ کچھ اس طرح قیامت
عباسؐ کے دل کو ملے ہر بدلے سے راحت
اک سمت عدوئوں پہ عذابوں کا کفن ہو
اور خانۂ توحید میں خوشیوں کا جشن ہو
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار