

سرمن کی فضاؤں میں مسرت کا ہے عنواں
اک جشنِ مسرت کا نظر آتا ہے ساماں
ہے گرم خبر یہ ہے شبِ نیمۂِ شعباں
فطرت کو یہ آرڈر ہے کرے جم کے چراغاں
ہر ذرہ مسرت کی تیاری میں جُٹا ہے
اور جام بدست عالم موجود کھڑا ہے
برکات کی بوچھاڑ ہے خوشیوں کی پھنواریں
ہر ابر کی زلفوں میں سیہ رات کی تاریں
مخمور گھٹاؤں کی دل آویز قطاریں
ہیں ٹوٹ پڑیں عالمِ گلشن پہ بہاریں
عجلت میں ہر اک چیز سنورنے میں لگی ہے
ہر کوچے میں فطرت کی حسیں سیج بچھی ہے
ٹھہرے ہوئے پیڑوں کی لچکتی ہوئی شاخیں
بارش کے تعطر سے مہکتی ہوئی شاخیں
انگڑائیاں لے لے کے ہمکتی ہوئی شاخیں
زلفوں کو سرِعام جھٹکتی ہوئی شاخیں
ابریلے دوپٹے میں لجاتی ہوئی شاخیں
برسات کے جھرنوں میں نہاتی ہوئی شاخیں
یاقوت کی جھیلوں میں نہائی ہوئی کلیاں
اور عطرِ حنائی میں حنائی ہوئی کلیاں
حوروں کے لبوں سے وہ چرائی ہوئی کلیاں
فردوس کے آنگن سے بھگائی ہوئی کلیاں
دوشیزہ امنگوں کو چراتی ہوئی کلیاں
صدماتِ تبسم کو چھپاتی ہوئی کلیاں
ہونٹوں میں کئی لفظ پھنساتے ہوئے غنچے
رخساروں کو شبنم سے سجاتے ہوئے غنچے
موتی درِ شبنم کے چباتے ہوئے غنچے
ہلکے سے تبسم کو دباتے ہوئے غنچے
فنکارِ ازل نے ہیں یہ فن پارے بکھیرے
ماحول میں محنت سے ہیں جذبات اُکیرے
اے آنکھ ٹھہر جا کہ یہ انداز عجب ہے
ہر چیز میں یہ حسنِ دل آویز غضب ہے
ہر چیز سجانے میں مگن عرش کا رب ہے
ہو کیوں نہ مگن نیمۂِ شعباں کی یہ شب ہے
آتے ہیں جو آئینۂِ توحید نما ہیں
خالق کے وہ ہیں نور ہمارے تو خدا ہیں
توفیقِ ثنا فکر نے پھر مانگی جلی سے
مدحت کی پری اتری تو اندازِ وحی سے
الفاظ نکل آئے تخیئل کی گلی سے
اک نعت لگی گونجنے آوازِ علیؐ سے
اَسرار کشائی میں سلونی کی کھنک ہے
تشعیر میں گم کن فیکونی کی کھنک ہے
کہتے ہیں یہ جبریل مسرت کی یہ شب ہے
کونین پہ اللہ کی رحمت کی یہ شب ہے
اللہ کے اظہارِ مودت کی یہ شب ہے
خالق کیلئے اجرِ رسالت کی یہ شب ہے
انساں کیلئے اجرِ رسالت تھی مودت
خالق کیلئے اجرِ رسالت ہے تو حجتؐ
سرورؐ نے جو خالق کیلئے کام کیا ہے
توحید پہ گھر پاک فدا انکا ہوا ہے
اجر اسکا ادا کرنا سرِ ذاتِ خدا ہے
سرورؐ کو سبھی اجر اسی شب کو ملا ہے
اس گھر میں کبھی دیکھا تھا قرآں کو اترتے
اب آنکھوں سے تم دیکھ لو یزداں کو اترتے
یہ خانہء توحید کو وارثؐ جو ملا ہے
کل گھر کا یہی محنتِ شاقہ کا صلہ ہے
قربانیوں کی کھیپ کی انمول جزا ہے
یہ اجرِ مجسم ہے تو اجرت کی ادا ہے
یہ بیٹاؐ عطا کرنا کوئی دان نہیں ہے
ہے اجرِ رسالت کوئی احسان نہیں ہے
یہ آلِ محمدؐ کے مصائب کا ثمر ہے
اس گھر کی سیاہ شب کی درخشندہ سحر ہے
ایجادِ مسرت کا جواں کیمیا گر ہے
مظلوموں کی فریاد کا ایک زندہ اثر ہے
یہ لعلؐ ہر اک دُر لُآلی کی جزا ہے
عباسؐ کی خاموش جلالی کی جزا ہے
بہتے ہوئے اشکوں کی روانی کی جزا ہے
ہر ٹوٹی ہوئی شاخِ جوانی کی جزا ہے
معصومؐ کی یہ تشنہ دہانی کی جزا ہے
ہر بی بیؐ کی یہ مرثیہ خوانی کی جزا ہے
اک منفرد عالم سے جزا انکو ملی ہے
یہ لعلؐ نہیں آلؐ کی بھر پور خوشی ہے
کونین کو معلوم ہے خالق کا یہ فرماں
جو شخص بھی ہو جاتا ہے توحید پہ قرباں
اسکا ہے انا دیتہ کا کھلا یہ اعلاں
اس جان کا بدلہ ہے تو اللہ کی ہے جاں
شبیرؐ کو آج اجرتِ احسان ملی ہے
بیٹاؐ یہ نہیں اللہ کی جان ملی ہے
قائمؐ یہ نہیں حق کا صلہ بن کے ہیں آئے
ہر صبرِ مسلسل کی جزا بن کے ہیں آئے
توحید کے وعدوں کی وفا بن کے ہیں آئے
صورت میں ولیؐ اصل خدا بن کے ہیں آئے
خالق ہی ہے جب جانِ ید اللہ کا عیوض
اللہ کے سوا کون ہے اللہ کا عیوض
میں نے کہا جبریل تو حامل ہے وحی کا
سچ یہ ہے کہ احساں یہ نہیں ذاتِ جلی کا
احسان پہ احسان تو شیوہ ہے انہی کا
خالق پہ یہ احسان ہے اولادِ علیؐ کا
اس لعلؐ کے آ جانے سے ممنون خدا ہے
اس گھر نے اسے پھر نیا عباسؐ دیا ہے
خالق کا ہر اک کام چلانا ہے انہی نے
توحید کا ہر وعدہ نبھانا ہے انہی نے
ثابت اسے پھر کرکے دکھانا ہے انہی نے
اللہ کو اللہ بنانا ہے انہی نے
مخلوق میں رب اُس کو یہ منوا کے رہیں گے
انساں کو یہ توحید سے ملوا کے رہیں گے
اس ذات کی پھر پردہ کشائی یہ کریں گے
اصنام سے عالم کی صفائی یہ کریں گے
خالق کی طرح جلوہ نمائی یہ کریں گے
دنیا پہ سرِعام خدائی یہ کریں گے
ہر سوچ بنائے گی تصور جو خدا کا
روپ اس سے فزوں پائیگا توحید نما کا
یہ سن کے دعا دینے لگی روحِ دو عالم
خالق تو دکھا اب تو یہ توحیدِ مجسمؐ
کونین پہ لہرا دے تو اِس ذاتؐ کا پرچم
اِس ذاتؐ کو ہو جائے دو عالم کی جبیں خم
کونین پہ اظہار ہو جعفرؐ کے سخیؐ کا
ہو راج زمانے میں حسینؐ ابن علیؐ کا
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار