

سلام اس پہ شناسا جو ذاتِ واجب کا
جو ہے مرقعِ زریں صفاتِ واجب کا
جسے تھا خارِ مغیلاں کو سرخرو کرنا
جسے تھی ربطِ سلاسل سے گفتگو کرنا
رموزِ صبر کا جو اک صحیفۂ کامل
مزاجِ تختِ شہی جس کی طبع میں شامل
نفاستوں کا جو حامل تھا شیرِ مادرؐ سے
حسِین تر تھا جو اپنے جواں برادرؐ سے
وہ شوستر کی معرِّب بہار سا پیکر
وہ نکہتوں کی حسِیں جوئے بار سا پیکر
کہ جس نے تلخ فضاؤں میں زندگی بھر دی
ستم اٹھائے کہ بس شام میں سحر کر دی
کہ جس کی مرض نے اسلام کو شفا دے دی
کہ جس کے ضبط نے توحید کو بقا دے دی
جب اپنے صبر کا دامن نچوڑ دیتا تھا
گرا کے فرش پہ یاقوت توڑ دیتا تھا
ستم کے ہاتھ میں جعفرؐ جو صبر پیما تھا
جو غیرتوں کا سمندر تھا ضبط فرما تھا
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار