

سلام اس پہ جسے ختم الانبیاؐ کہیے
دلوں کا قبلۂ اول کرم ادا کہیے
کہ بت نکال دئیے جس نے اعتقادوں سے
لیا تھا جزیۂ تحسین کفر زادوں سے
کہ جس کے باج گزاروں میں انبیا شامل
ہے جس کے نعت نگاروں میں کبریا شامل
کہ جس کا چہرہ بھی آئینہ دار وحدت کا
جو ایک موجدِ اول ہوا سیادت کا
کہ جس کی زلف کی خوشبو سے شر مگیں ہے عدن
ہرن کی ناف میں چھپتی پھرے ہے مشکِ ختن
کہ جس کے فقروں سے اذہان بھی معطر تھے
کہ جس کے ہونٹ سدا سلسبیلِ پرور تھے
چراغ جس نے دیا ہر نبی کی تربت کو
اور بے نقاب جو لایا خدا کی وحدت کو
کہ جس کے نقشِ کفش قلبِ عرش کی زینت
خدا کے ہونٹوں کی سرخی وہ جس کی تھی مدحت
حرا سے جس کو ملا اذنِ قتلِ بولہبی
اور ایک گالی بنا دی جہاں میں بوجہلی
کہ جس نے بجلیاں بھر دی تھیں فاقہ مستی میں
اور عظمتوں کو سمویا تھا بت شِکستی میں
کہ جس کے سائے میں سستا رہی ہے آزادی
کہ جس کے نام پہ اِترا رہی ہے آزادی
کہ جس کی ذات سے قرآن کی بھی صورت ہے
کلامِ حق میں یہ سجدوں کی اک ضرورت ہے
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار