

یہ کون ہے نماز میں پیہم جھکا ہوا
بے خوف ہے قریب ہے قاتل کھڑا ہوا
انیسویں ہے ماہِ مبارک کی آج شب
روتی ہے رات ظلم کہیں ہے چھپا ہوا
پردے میں ہے ضرور کوئی ذاتِ ذوالجلالؐ
جس کا سبب ہے غضبِ الٰہی رکا ہوا
جنبش میں ہے زمین یہ نوحہ کناں ہے کون
ماں کا جوان بیٹا ہو جیسے مرا ہوا
شمشیر چل گئی پہ نہ سجدے سے سر اٹھا
آگے پڑا ہوا ہے عمامہ کٹا ہوا
یوں سامنے خدا کے ہے یہ کون سرخرو
ہے خون ریش پاک پہ آ کر حنا ہوا
جاری ہے خون زلفِ شکن در شکن سے یوں
دریا میں جیسے ظلم کا طوفاں چلا ہوا
سطریں لہو میں لال پریشاں حروف ہیں
یوں زیبِ دوش سر ہے کہ قرآں کھُلا ہوا
تڑپا جو جسم خون میں خود عرش ہل گیا
بنتِ نبیؐ کے بینوں سے محشر بپا ہوا
رو کر کہا حسینؐ نے دیکھوں میں کس طرح
اپنے ضعیف باباؐ کو خوں میں سجا ہوا
کرنا تو چاہتے ہیں یہ تلقین صبر کی
وقتِ نزع ہے دستِ یداللہ اٹھا ہوا
دیکھی جبینِ پاک پہ پٹی بندھی ہوئی
رو کر کہا ہے شمس کو گرہن لگا ہوا
ماتم ہے ہر طرف تو سروں میں غبار ہے
کوفہ میں کربلا کا ہے نقشہ بنا ہوا
جعفرؐ حسنؐ کے لعلؐ دکھائیں جہان کو
ہمشکلِ مصطفیؐ کے ہو سہرہ سجا ہوا
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار