

شہادت کی عظمت کوئی کیا بتائے
کہ ادراک جس کی حدوں تک نہ جائے
خرد کیسے اس کی حقیقت کو پائے
جسے کوئی پائے نہ بن سر کٹائے
مگر اس سمندر کے غواص بھی ہیں
جو سالک ہیں قدرت کے خواص بھی ہیں
وہ شبیرؐ وہ کردگارِ صداقتؐ
وہ تقدیسِ حق تاجدارِ شہادتؐ
وہ تقدیسِ دیں رازدارِ شریعتؐ
مراتب کی حد شہسوارِ نبوتؐ
وہ عظمیٰ شہادت کی شاہراہ کا بانیؐ
جو اسلام کو کر گیا جاویدانی
وہ باغِ شہادت کا پُر جوش مالی
وہ کنزِ شہادت کا دُرِ لآلی
وہ اوجِ شہادت کا نجمِ مثالی
شہادت کے مقصد کا شہکار عالی
شہادت نے جس سے ہے سنگھار پایا
شہادت نے جس سے ہے معیار پایا
تھی تقدیسِ حق گویا منشور جس کا
تھا دل نورِ قدرت سے معمور جس کا
ضیا بخشِ عالم ہوا نور جس کا
ہے قدرت کو منظور منظور جس کا
کہ جس نے دیا سب کو درسِ شہادت
کیا جس نے رائج رواجِ شریعت
تدبر ہوا جس کا باطل کا دافع
مشیت میں ثابت کیا خود کو ماشع
شہادت کے درجات کا جو ہے رافع
ہے کردار سے جو کہ باطل کا قاطع
نہ سر جس نے سمجھا جھکانا مناسب
جھکانے سے سمجھا کٹانا مناسب
حقیقت میں وہ پیشوائے زمانہؐ
یہی چاہتا تھا جہاں کو بتانا
مناسب نہ ہو جس جگہ سر جھکانا
وہاں اپنا مسلک یہی کچھ بنانا
کہ سر جائے لیکن نہ اسلام جائے
جہاں سے نہ توحید کا نام جائے
راہِ حق میں اپنے قدم یوں جمائو
پہاڑوں کو عزمِ قوی سے ہٹائو
عزیزو سچائی سے باطل مٹائو
اور عظمیٰ شہادت کے درجات پائو
کواڑِ شہادت کھلیں گے تو حق سے
سبق لو اسی داستانِ سبق سے
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار