

سرِ نیزہ تو جو سوار ہے اے حسینؐ اس میں بھی راز ہے
تو بلند سے بھی بلند ہے تو فراز کا بھی فراز ہے
ہے جبیں لہو ہے تپش فزوں ہے زبانِ پاک پہ شکرِ حق
تیری بے نیازی ہے پُر شَکوہ تجھے کتنا صبر پہ ناز ہے
اے سقیفے والو کرو حیا جو نہ دو فدک تو یہ دیکھ لو
ہے یہ کون در پہ سوال کُن کہو کس کا دست دراز ہے
جو نگاہِ شوخ بھی دیکھ لیں تیری باگ کو بھی جو روک لیں
ایسے خاطیوں کو بھی بخش دیں تیری رحمتوں کو مجاز ہے
کہا شہؐ کے لعلِ صغیرؐ نے یہی فرق ہے ارے ظالمو
وہاں انحطاطِ شعور ہے یہاں عقل نغمہ طراز ہے
سرِ جون لے کے حسینؐ نے کئی بار چوم کے یہ کہا
اے نثار عاشقِ ذاتِ حق تیرے عشق میں وہ نیاز ہے
کہا نافع ابن ہلال نے تجھے کفر حق سے عزیز ہے
یہ کمال ہے تیرے کفر کا جو ازل سے شعبدہ باز ہے
ہے سوالِ جعفرِؐ غمزدہ مجھے زندگی کی غرض نہیں
مجھے اپنا درد ہی بخش دو تیری ذات بندہ نواز ہے
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار