

رب نے یہ رشتے جوڑ دیئے ہیں نین ہمارے خواب تمہارے
ازل ہی سے باہم رہتے ہیں نین ہمارے خواب تمہارے
ہجر کی شب صدیوں طولانی پھر بھی ہمارا کچھ نہیں بگڑا
ہر ہر پل میں ساتھ رہے ہیں نین ہمارے خواب تمہارے
یہ جڑواں جب پیدا ہوئے تھے تب سے جدا کبھی ہو نہیں پائے
ایک ہی گود میں نت پلتے ہیں نین ہمارے خواب تمہارے
ایک جبیں اور ایک مقدر بخت کی کومل پگڈنڈیوں پر
ہاتھ پکڑ کر نت چلتے ہیں نین ہمارے خواب تمہارے
پھول اور خوشبو کی یہ سنگت کوئی جدا جنہیں کر نہیں سکتا
گلشن گلشن نت کھلتے ہیں نین ہمارے خواب تمہارے
برف اور ٹھنڈک کا یہ بندھن آگ و حرارت کا یہ ناتا
ایک ہی ماں کے دو بچے ہیں نین ہمارے خواب تمہارے
ایک ہی چیز کے دو پہلو ہیں دونوں اک دوجے کا باطن
آپس میں چھپ کر ملتے ہیں نین ہمارے خواب تمہارے
جعفرؐ ہجر میں تن من تڑپے دل بھی روئے روح بھی روئے
لیکن ان پر نت ہنستے ہیں نین ہمارے خواب تمہارے
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار