

صبح بشر کی پہلی کرن ہے تو بچپنا
جملہ نزاکتوں کا چمن ہے تو بچپنا
معصومیت کی مشکِ خَتن ہے تو بچپنا
ممتا کے من کی سچی لگن ہے تو بچپنا
بچپن میں ماں کے دودھ کا گوندھا ہے اُجلا پن
بچپن میں قدسیوں کا مچلتا ہے بانکپن
اس میں ہیں کائنات کی رنگینیاں بھری
شبنم مزاج لمحوں کی سرمستیاں بھری
اس میں گلوں سے جھونکوں کی اٹھکیلیاں بھری
اس میں ہے ماں کی گود کی سب گرمیاں بھری
جب نکہتِ چمن کسی لوری میں ڈھل گئی
بچپن کی شکل گود میں مائوں کے پل گئی
بچپن بھی وہ کہ عالمِ بچپن کی شان ہو
جس میں کلی کی پہلی چٹک کی اٹھان ہو
معصومیت پہ عصمتِ حق کا گمان ہو
طفلی ہو اور بخت کا موسم جوان ہو
جس کے حضورِ قدس کے جب باب وا کریں
بادِ صبا کے جھونکے ادب سے چلا کریں
جو کھیلتا ہو خوشیوں میں کل گھر کے پیار سے
باباؐ کا سینہ جس کے ہو نت انتظار سے
عباسؐ شاد جس کے ہوں باہوں کے ہار سے
آنگن میں چار چاند ہوں جس کی پکار سے
ہر گود منتظر ہو سدا پیار کے لئے
ہر آنکھ بے قرار ہو دیدار کے لئے
اکبرؐ اٹھا کے باہوں میں جھولا جھلاتے ہوں
عباسؐ گدگدا کے ہمیشہ ہنساتے ہوں
باباؐ سلا کے سینے پہ جب تھپتھپاتے ہوں
جبریل آ کے سدرہ سے لوری سناتے ہوں
افسوس اس کلی کو نہ آئی بہار راس
معصومؐ کو نہ آیا بھرے گھر کا پیار راس
اکبرؐ کی پاک باہوں کا جھولا بھی کھو گیا
عباسؐ کی وہ گود کا لمحہ بھی کھو گیا
بستر تو تھا وہ باپؐ کا سینہ بھی کھو گیا
زندان میں تو گھر کا وہ نقشہ بھی کھو گیا
ننھے سے ہاتھ خود تہہ رخسار دیکھ کر
روتے تھے خون عابدِؐ بیمار دیکھ کر
آنکھوں میں ڈوبتے ہوئے سورج کی اک کرن
مرجھا چکا ہے پیاس میں بچپن کا بانکپن
سنگلاخ یہ زمین یہ نازک نفیس تن
کروٹ بدل بھی لے تو ہے دُکھتا سبھی بدن
کہتی ہیں کوئی گود میں لیتا نہیں مجھے
کوئی تسلی پیار سے دیتا نہیں مجھے
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار