

آنگن میں تیرے ابدی بسیرا کرے خوشی
سایہ کچھ اور سُکھ کا گھنیرا کرے خوشی
اس گھر میں کب سے درد کی تاریک رات ہے
میرے سخیؐ کے رخ سے سویرا کرے خوشی
خوشیوں سے بے وفائی کا الزام دھُل بھی جائے
نعلینِ سیدہؐ میں آ ڈیرہ کرے خوشی
آنگن میں زرد پتا نہ دکھ کا رہے کوئی
ہر آن جھاڑو چین کا پھیرا کرے خوشی
خضرا کی صبحیں چُن کے تیرا گھر اُجال دیں
زلفِ سخیؐ سے شب کا اندھیرا کرے خوشی
عباسؐ کے لبوں کے معطر تبسمات
پھولوں کی طرح گھر میں بکھیرا کرے خوشی
اصغرؐ کے مسکراتے لبوں کا چرا کے رنگ
دیوار و در پہ پھول اُکیرا کرے خوشی
جعفرؐ جو مانگے خوشیوں پہ خوشیاں نئی نئی
رد کوئی استغاثہ نہ میرا کرے خوشی
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار