

خرد ڈگمگائے زباں لڑکھڑائے تیری کر رہا ہوں ثنا ڈرتے ڈرتے
تھا کیونکہ فریضہ ثنا تیری کرناکہا جو بھی وہ کہہ دیا ڈرتے ڈرتے
فصاحت بلاغت پہ تھا ناز اِس کو مگر ناطقہ ہو گیا بند اِس کا
تیرا ذکر قرآں نے کرنا تو چاہا اشاروں ہی میں رک گیا ڈرتے ڈرتے
جو حوروں کی قدسی نگاہوں نے دیکھا وہ جلوہ تھا تیرا حقیقت نہیں تھی
تمہارے یہ شایانِ شاں تو نہیں ہے کیا جب تو سجدہ کیا ڈرتے ڈرتے
نصیری کی دیدہ دلیری تو دیکھو سخیؐ کو خدا کہتے بالکل نہ جھجھکا
مگر آپ کی دیکھ کر شانِ وحدت خدا بھی نہ تجھ کو کہا ڈرتے ڈرتے
کہا میں نے عرشِ بریں سے بتا تَو حقیقت میں کیا تُو معظمہؐ کا گھر ہے
بڑی بے بسی سے وہ ہاں کہتے کہتے لرز کر وہیں رک گیا ڈرتے ڈرتے
میری سوچ کی انتہا بھی ہے چھوٹی بڑا لفظ میری سمجھ میں خدا تھا
میرے عشق نے لاکھ اُکسایا مجھ کو خدا بھی نہ میں کہہ سکا ڈرتے ڈرتے
یہ احساس ہو گا فدک کا نہ پوچھیں یا بدلے کی تاخیر کی وجہ پوچھیں
یہی سوچتے آئیں گے اِن سے ملنے شہنشاہِؐ یزداں ادا ڈرتے ڈرتے
اے روحِ ازل کر میری ترجمانی آ تطہیر ہونٹوں پہ پردہ کشا ہو
ہے مدح سرائی پہ آمادہ جعفرؐ ہے ہر شعر کرتا ادا ڈرتے ڈرتے
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار