

آلودۂ یک دید ہو جو پھول سرِ شاخ
دل میرا اسی گل کا طلبگار ہو کیسے ؟
جس پھول سے کھیلا ہو کبھی جھونکا صبا کا
وہ پھول میرا زینتِ دستار ہو کیسے ؟
جس پھول پہ ٹپکا ہو کبھی اوس کا قطرہ
وہ گل میرا سرمایۂ گلزار ہو کیسے ؟
جس پھول سے تتلی نے ہو کچھ رنگ چرایا
وہ میری تمنا کا حنا زار ہو کیسے ؟
جو گل ہو ملوث کسی بھنورے کے قدم سے
وہ میرے گریباں میں شفق بار ہو کیسے ؟
لبریز جو گل ہو لبِ شبنم کی نمی سے
وہ گل میرے ہم پایۂ کردار ہو کیسے ؟
جو پھول میرے حاملِ معیار نہ ہو گا
دیوانہ کبھی اس کا طلبگار نہ ہو گا
جس حسن پہ ہو چشمِ زلیخا ہوس انگیز
اِس دل کے وہ شایانِ تمنا ہو تو کیسے ؟
جلوہ جو نظر بازیِ موسیٰ کا امیں ہو
وہ میری نگاہوں کا تماشا ہو تو کیسے ؟
جس مَہ کے شبستاں میں پھرے مرغِ سلیماں
وہ میرے شبستاں کی جو سلمیٰ ہو تو کیسے ؟
آلودۂ دستِ ہوسِ آدم و حوا
وہ شجر میری آس کا طوبیٰ ہو تو کیسے ؟
جو نطقِ ملائک کا ہو پس خوردۂ معنی
وہ مصحفِ حق میرا صحیفہ ہو تو کیسے ؟
ہو واجبِ تعمیل جو آلودۂ جبریل
جعفرؐ کے لئے جملۂ اقرا ہو تو کیسے ؟
ہے وحی کی تدریس میں توہین انا کی
جبریل سے نت پاک ہے خلوت یہ حرا کی
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار