

اپنے ارمانوں کی لمحاتی گھنی چھاؤں میں
میں نے بے اصل تمنا کو سلا رکھا ہے
جنبشِ کن بھی جسے پورا نہیں کر سکتی
میں نے ان خوابوں کو سینے سے لگا رکھا ہے
حشر تک پیدا نہیں ہونا جسے گلشن میں
شاخِ دل پر وہی اک پھول کھلا رکھا ہے
جن کی تکمیل میری قسمتِ مبہم میں نہیں
میری خوش فہمی نے وہ خواب دکھا رکھا ہے
شاخ برقِ ماہِ آذر جو نہ ہو گی پیدا
اس پہ چھوٹے سے نشیمن کو سجا رکھا ہے
بجلیاں جس کے ہر اک خوشے میں پلتی ہیں سدا
میں نے جیون کا وہی کھیت اگا رکھا ہے
اپنی محرومیٔ لازم پہ پشیماں تو نہیں
زیست ویراں ہے تو کیا سوچیں بھی ویراں تو نہیں
جسم و جاں چاہے جہنم کے تہہ بار بھی ہیں
لذت انگیز خیالات ہیں جنت کی طرح
جو اساسِ خسِ ہستی ہیں وہ افکار میرے
وہم مطلق ہی سہی ہیں تو حقیقت کی طرح
جو سرِ آب تصور ہیں جواں تاج محل
صَرف خون ان میں بھی ہوتا ہے محبت کی طرح
جو دل آویز تصور ہے میرا عرشِ بریں
اس میں خود رہتا ہوں میں جلوۂ وحدت کی طرح
ہجرِ افلاک میں گیتی کا دھڑک جائے جو دل
گو ہے ناشدنی پہ ہے عشق کی لذت کی طرح
من کی دنیا کو ہی آباد کئے رہتا ہوں
اپنے ان دیکھے خداوند کی عظمت کی طرح
کیا شبِ تار میں جگنو کا اجالا کم ہے
کچھ نہ ہونے سے کہو ان کی تمنا کم ہے
اس تصور کے دل آویز شبستانوں میں
میرے غم دیدہ خیالات بہل جاتے ہیں
لمبی امید کے پر نور گھروندے گن کر
میرے بے ربط سے اوقات بہل جاتے ہیں
اپنے فردوس کی تصویر کشی کرنے سے
قلبِ مضطر کے بھی لمحات بہل جاتے ہیں
اپنی ناشدنی مسرت کا تصور کر کے
درد و آلام کے حالات بہل جاتے ہیں
کوئی اس دل میں محبت سے قدم رکھے گا
اتنا سوچے سے مہیجات بہل جاتے ہیں
چاند اترے گا کبھی آ کے میرے آنگن میں
اس توہم سے بھی جذبات بہل جاتے ہیں
فرض کر لینے میں ہوتی بھی ہے تکلیف کہیں
سوچ لینے میں تو اے دوست کوئی حرج نہیں
من کی دنیا بھی وہ دنیا ہے کہ جس کو میں نے
صرف کن کہہ کے بنا ڈالا ہے یزداں کی طرح
صرف سوچیں ہیں کہ سوچوں پہ تو تعزیر نہیں
سوچ ہوتی ہے فقط شمعِ شبستاں کی طرح
کاغذی پھول امیدوں کے سجا رکھے ہیں
میں نے اک عمر سے با غیچٔہ رضواں کی طرح
اپنی تاریک حویلی کی اداسی چن کر
بام و در میں نے سجائے ہیں گلستاں کی طرح
اس میں خود میں نے بسا رکھے ہیں بے ربط خیال
من کی خوش فہمی بھی ہے رحمتِ یزداں کی طرح
دل کو بہلانا تصور سے کوئی جرم نہیں
ورنہ یہ زیست ہے اک شہرِ خموشاں کی طرح
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار