

اختصارِ عمر طبعی کا ہے احساسِ گراں
کس قدر اظہار سے بھر پور ہے عمرِ شرر
اختصارِ وقت کے شکوؤں میں کیوں گزرے یہ وقت
اتنا روشن ہو کہ بجھ جائے یہ بجھ جانے کا ڈر
مختصر لمحات پر مبنی ہے گو عمرِ حباب
پشتِ موجِ آب پر اجلالِ شاہانہ بھی دیکھ
تنگیِٔ دامانِ عمرِ مختصر کچھ بھی نہیں
جوشِ طوفاں پئے بہ پئے اندازِ جانانہ بھی دیکھ
فرشِ گل پر مسکراتے اوس کے قطروں کو دیکھ
لمحہ بھر میں اک مکمل عمر بیتائی ہوئی
گر حیاتِ خضر دیدہ ایک لمحہ بھی ملے
ہے اسی لمحہ پہ عمرِ جاویداں چھائی ہوئی
یہ بھی ہو سکتا ہے عمرِ جاویداں کے باوجود
زیست رہ جائے سدا محرومِ اظہارِ حیات
موت کو اس نعشِ متحرک سے گھن آنے لگے
جس میں ہوں بے جان لمحوں کے ٹھٹھرتے التفات
جعفرؐ اب تپتی ہوئی سوچوں کی لو تاباں کرو
چاہے جتنی مختصر ہو زندگی بھر پور ہو
اپنی ہستی میں سلگ اٹھنا ہے اظہارِ حیات
ایک ہی گر سانس ہو تو زیست سے معمور ہو
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار