

جس سمت بھی دیکھا ہے یہ احساس ہوا ہے
کونین کی ہر چیز سے ناراض خدا ہے
اس دور میں لٹتے ہوئے انساں بھی ہیں شاہد
اس دور میں پٹتے ہوئے حیواں بھی ہیں شاہد
اس دور میں مسلے ہوئے ارماں بھی ہیں شاہد
اس دور میں دہکے ہوئے زنداں بھی ہیں شاہد
اس دور میں بکتے ہوئے ایماں بھی ہیں شاہد
اس دور میں جلتے ہوئے قرآں بھی ہیں شاہد
جس سمت بھی دیکھا ہے یہ احساس ہوا ہے
کونین کی ہر چیز سے ناراض خدا ہے
ترسے ہوئے ہاتھوں سے حنا روٹھ چکی ہے
رِستے ہوئے زخموں سے دوا روٹھ چکی ہے
رکتے ہوئے سانسوں سے فضا روٹھ چکی ہے
گہنے ہوئے مکھڑوں سے ضیا روٹھ چکی ہے
مرتے ہوئے جسموں سے قضا روٹھ چکی ہے
بکھرے ہوئے لفظوں سے دعا روٹھ چکی ہے
جس سمت بھی دیکھا ہے یہ احساس ہوا ہے
کونین کی ہر چیز سے ناراض خدا ہے
غنچائے سے ہونٹوں سے مہک روٹھ چکی ہے
مہتابے سے چہروں سے چمک روٹھ چکی ہے
بندیائی جبینوں سے دمک روٹھ چکی ہے
گجری ہوئی بانہوں سے لچک روٹھ چکی ہے
احساس کی سینوں سے کسک روٹھ چکی ہے
انساں سے فضا تا بہ سمک روٹھ چکی ہے
جس سمت بھی دیکھا ہے یہ احساس ہوا ہے
کونین کی ہر چیز سے ناراض خدا ہے
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار