

پر تپاک انداز سے رکھ کر میرے سینے پہ سر
کر دیا جذبات کی حدت کو صد برق و شرر
اس کے ہونٹوں پر خموشی لب میرے خاموش تھے
آگہی کے باب پر سربستہ عقل و ہوش تھے
اس کی سوچیں بھی مآلِ عشق میں محوِ خرام
عشق کے ابواب میں کھوئی تھی میری فکرِ خام
گنگ و جمنا کا تھا یہ سنگم سکوتِ شام تھا
راہ گم کردہ حدوں کی فکر میں انجام تھا
رک چکا تھا سیلِ آتش شعلے برفانے لگے
بے خودی کو آگہی کے سانس مہکانے لگے
بند آنکھوں میں نئی بینائیاں آنے لگیں
اور بھنور اوڑھی ہوئی سوچیں بھی تھرانے لگیں
فکرِ فردا کی چٹانیں برف پگھلانے لگیں
عشرتِ امشب کی نبضیں ڈوب کر جانے لگیں
وقت کی جلادیت خنجر بکف لہرا گئی
عارضی جذبات سردائے پھریری آ گئی
اس کے لب خا موش تھے میرے بھی لب خاموش تھے
اور خیال اس کے میری سوچوں سے ہم آغوش تھے
گویا اک منزل کو دو سوچوں کا جاری تھا سفر
اتفاقاً ایک نقطے پر تھی دونوں کی نظر
گرم لمحے عقل کے کانٹے میں اک دم تل گئے
دائرے بانہوں کے نا محسوس رو میں کھل گئے
بند آنکھیں رہ گئیں ہم کیا تھے اور کیا ہوگئے
بے خیالی میں پھر ہم دونوں علیحدہ ہو گئے
وصل تھا اک خواب اور تعبیر تھی ہجرِ دوام
کر رہا تھا وقت ہم دونوں پہ کیا حجت تمام
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار