

کونین کے انفاس میں آلام کی بو ہے
اک درد کا آفاق کی رگ رگ میں لہو ہے
معمورۂ عالم بھی ہے اس درد سے معمور
یہ درد کہیں ظلمت و یہ درد کہیں نور
ہر دور کا خاصہ ہے مٹا دیتا ہے خواہش
اذہان کو چھو لے تو بھلا دیتا ہے خواہش
کل خواہشیں بہہ جاتی ہیں اس درد کی رو میں
ارمان تڑپ جاتے ہیں اس دیپ کی لو میں
جب جسم میں دردوں کی لچک جاتی ہے صمصام
جسمانی سبھی خواہشیں کٹتی ہیں سرِ عام
انسان کے کل درد ہیں دو قسموں پہ تقسیم
جسمانی ہے اک درد تو ہے جسم میں تسمیم
چھو جائے جو سر درد تو بے لطف ہے جینا
لذاتِ لذت بھی ہے اک الماس کا پینا
مرغوب غذاؤں کی بھی لذت نہیں رہتی
پینے کی کسی شئے میں حلاوت نہیں رہتی
ہو جاتی ہے مصلوب ہر اک خواہشِ محروم
لذات کی تحصیل بھی راحت سے ہے معلوم
کیا اکل ہے کیا شرب ہے ہر شئے ہے فراموش
ہو جاتے ہیں لذات سے بیگانہ لب و گوش
اور اس سے بڑا درد ہے تو روح کا غم ہے
یہ نفس کی خواہش کیلئے ساغرِ سم ہے
روحانی اذیت میں تو کچھ ہو نہیں سکتا
رونا بھی اگر چاہے بشر رو نہیں سکتا
پوری ہوں سبھی خواہشیں ہر نفس بضد ہے
راحت بھی تو اس نفس کی ہر پہلو ممد ہے
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار