

ورطۂ کن میں ہوئی مدوجزر کی جب نمود
مادے کو جسمِ لاشئی سے تھا ملا شئی کا وجود
گہرے گہرے سانس لے کر زندگی جینے لگی
آدمیت آکسیجن نیند میں پینے لگی
کسمسا کر آنکھ کھولی لیلیٰٔ اوقات نے
زیست کو غاروں سے کھینچا شاہدِ حالات نے
کن منا کر کروٹیں لینے لگی روحِ حیات
کاکلیں کھینچے چلی رخسار پر ہستی کی ذات
کچھ نہ کچھ کرنے کی خواہش چٹکیاں لینے لگی
دجلۂ ایجاد میں سوچوں کے خس کھینے لگی
وحشتوں کے خول سے نکلے فرشتے نور کے
الفتوں کے رنگ میں ابھرے تماشے طور کے
جنگلوں کی وحشتوں میں آ گئی موزونیت
آگئی جیون پری کے خال و خد میں تمکنت
درد ہائے کن فکاں کی بو سرِ جسمِ حیات
اور بھَوں کی قوس میں چِلے چڑھی اشیاء کی بات
بھگبھگے پیکر میں گویا گرمیٔ آغوشِ حق
جذب بے احساس چہرے پر صدائے جوشِ حق
ہر طرف گہرے تعجب اور تجسس کی فضا
پوری دنیا کی ہر اک شئے بے زباں و بے صدا
حیرتِ طفلی نے کھولے باب استفہام کے
اور جواباً لب رہے خاموش فکرِ خام کے
ہلکی سی ٹک کر کے گھومی پھر کلیدِ بابِ نو
چہل قدمی کو چلے افکار کے آدابِ نو
عارضانِ تازہ شستہ پرنمی ایجاد کی
فکر کے نازک سے ہونٹوں پر دمک فولاد کی
کھل گئے لاکھوں صنم خانے در آغوشِ نمود
مادیت کے پرس میں تڑپے ستارے کے وجود
آدمی پر لاشعوری انقلاب آنے لگا
نوعِ انساں کے خط آئے اور شباب آنے لگا
رقص میں کھوسٹ تمدن تھا اُپی تلوار پر
مہرباں ہستی ہوئی پھر آتشِ بازار پر
حرف و معنی میں بھی ہم آغوشیاں ہونے لگیں
مطلب و مفہوم میں سرگوشیاں ہونے لگیں
حاشیہ تفصیل کا چڑھنے لگا اجمال پر
اور تھرکنے لگ گئی سلمائے فکر اس تال پر
مطلعٔ ایجاد پر اک دم چڑھے لاکھوں قمر
جھانک کر آہن کی درزوں سے ہنسی تازہ سحر
منہ سبھی نادار ذروں کے بدخشاں بن گئے
عجز ٹوٹا علم کے روٹھے فرشتے من گئے
کہکشاں پر آدمی کروٹ بدل کر سو گیا
خواب میں پھبکا ہوا انساں کچھ اونچا ہو گیا
پھر تو ہر شئے کو نئے انداز سے دیکھا گیا
از سرِ نو پھر پرانی بات کو سوچا گیا
موسموں کی نبض پر انگلی رکھی ادراک نے
ما تشاؤنَ کو دیکھا ہنس کے مشتِ خاک نے
کشتِ زارِ فکر میں اگنے لگا اک انقلاب
بو دیئے ذروں کے آنگن میں ہزاروں آفتاب
رات صد نوروں نہائی مانگ سے افشاں دھلی
صبح کاذب کی جھپک اٹھیں نگاہیں ادھ کھلی
آسماں پر مادیت سرگوشیاں کھینے لگی
آدمی کے سانس آہن کی انا لینے لگی
چوڑیوں کی نقرئی آواز میں گایا گیا
برقِ موجِ آب سے ہستی کو طورایا گیا
ذہن کے کانٹے میں رازِ آسماں تولے گئے
گنبدِ بے در کے بے دردی سے در کھولے گئے
آدمی کرنے قمر پامال قدموں سے بڑھا
فرق زہرہ سے ردائے نور کو چھینا گیا
خونِ لا سلکی سے فصلِ فکر کو سینچا گیا
ابر پاروں کو نکیلیں ڈال کر کھینچا گیا
آتشی تیروں سے گردوں کی ردا چھیدی گئی
دھات کو افلاک کی پیغمبری دے دی گئی
اور تہہ بار تعمق وہم خم کھانے لگے
ریڑھ کی ہڈی کے منکے پور چٹخانے لگے
سارقِ ادراک نے صدیوں کی خندق پاٹ لی
دن دہاڑے جیبِ آثارِ قدیمہ کاٹ لی
ارتقائی مرحلوں میں فکر فرسائی ہوئی
ہڈیوں سے آدمی کی عمر پیمائی ہوئی
ہنس پڑا علمِ حقائق مجمعٔ اقمار پر
نوجوانی تمتما اٹھی لب و رخسار پر
بہہ گئے جملہ عقائد بحرِ ایجادات میں
راستہ گم کر چلی انسانیت اس رات میں
آدمی کا جسم سوئے آسماں جانے لگا
وامقِ روحانیت کو وقت گودانے لگا
روح جھک کر فوق سے پستی کا رس پینے لگی
عرش خو روحانیت مبروص سی جینے لگی
برق زاروں میں لطافت آگئی گلزار کی
پیار کے پھولوں میں آتش آگئی تلوار کی
فاصلے سمٹے کہ بُعدِ آسماں جاتا رہا
آدمی سے آدمی کا فاصلہ بڑھتا گیا
خود کفیل انساں ہوا ہر دولتِ دارین سے
اور ہوا محروم صرف اور صرف دل کے چین سے
اقتصادی طور پر حاصل ہوئیں خوشحالیاں
پر ہوئیں قحطِ سکونِ قلب کی بمباریاں
گو دخیلِ کار نظمِ کوکبی میں ہو گیا
پر یہ اخلاقاً رہا دب کر تہہ تحت الثریٰ
آدمی محوِ ترقی خواب میں پایا گیا
خلد میں گمراہیوں کی زد میں ٹھہرایا گیا
شہ رگِ آہن میں خوں چلنے لگا احساس کا
آدمیت کو کلیجہ لگ گیا الماس کا
امن کے پرچار کے مصحف سنا کر رہ گیا
تخلئے میں صرف ایٹم بم بنا کر رہ گیا
آدمی کی خیر میں آئے مشینی آدمی
پر مشینی بن گیا تھا جو یقینی آدمی
کائناتِ کور پیدا کو ملیں بینائیاں
خود بشرکی چشمِ بینا پر پڑیں پرچھائیاں
ربڑی فیتے چہک کر کچھ گفتگو کرنے لگے
ناطقے انسانیت کے سسکیاں بھرنے لگے
آدمی روبوٹ کے انداز میں چلنے لگا
بھٹیوں میں پیکرِ ذہنِ بشر ڈھلنے لگا
روح کی شبنم کے موتی پئے بہ پئے جمنے لگے
رحمتوں کے ڈونگرے پچھلے پہر تھمنے لگے
مرکزِ اغراض پر گھومی جو پرکارِ بشر
بندہ کل پرزوں کا بندہ بے نیازِ خیر و شر
اب ضرورت ہے کہ اس دورِ تمرد ساز میں
کوئی ظہرانہ تو دے اس وقت کے اعزاز میں
جو مشینی آدمی کو فکرِ استقبال دے
آدمی کو روح کی گہرائیوں میں ڈال دے
انفرادی منفعت کو بانٹ دے انسان پر
خیر و شر کی حدِ فاصل ڈال دے اذہان پر
منتشر افراد کو جو باندھ دے الطاف سے
منتقل کر دے پرستاں کو جو کوہِ قاف سے
الفتوں کی کشتِ ہستی پر جو بارانی کرے
فہم میں کروبیاں کی بال جنبانی کرے
آسماں سے کھینچ لائے رود بارِ احترام
جو خدا کا نوعِ انساں کو کرے قائم مقام
اہرمن سے انتقامِ خونِ انسانی بھی لے
مادرِ گیتی کے لب سے مرثیہ خوانی بھی لے
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار