

مچل رہے تھے گداز جسموں کے برق پارے
بپھر رہے تھے شباب کے دلنواز دھارے
جوان عارض سنہرے پن میں گھرے ہوئے تھے
لطیف جذبے کرن کرن میں گھرے ہوئے تھے
جواں امنگیں قیود سے سرکشی پہ مائل
اور قدسیانِ معاشرہ خودکشی پہ مائل
دلوں کی تہہ میں قیامتیں سر اٹھا رہی تھیں
حسین سوچیں خیالِ جنت لٹا رہی تھیں
زباں پہ کل منجمد سی باتیں پگھل رہی تھیں
خموشیوں میں نگاہیں جذبے اگل رہی تھیں
انیلی سوچیں دلوں میں تھیں احتجاج پیما
شریر خواہش خیالِ فردا سے تنہا تنہا
لبوں کی حدت تصرفِ شوق میں سراسر
اور گرم سانسوں میں آگ ہی آگ سی برابر
میری نگاہیں حسیں جوانی میں کھو چکی تھیں
اور زانوئے انہماک پر سوچیں سو چکی تھیں
مگر تصور کی وادیوں میں عجب سماں تھا
ضمیرِ قدسی کا پاک خیمہ دھواں دھواں تھا
کہیں سے تربت مزاج لمحے پکارتے تھے
اور عالمِ اختصار کا روپ دھارتے تھے
میرا تصور عجیب شعلے اگل رہا تھا
اور اس میں وہ دل نواز پیکر بھی جل رہا تھا
میں جعفرؐ اب بھی یہ سوچتا ہوں وہ حسن کیا تھا
وہ میرا حسنِ خیال ہی تھا جو جل چکا تھا
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار