

صحنِ ہستی منقلب طینت بہ رفتارِ فلک
وقت کے اندھے فرشتے شمر خو نوکِ پلک
وقت کی جلادگی معصوم جذبوں کی عدو
پیار کی بے عیب حوروں کیلئے چنگیز خو
وقت کیا ہے حال کے پیکر میں بو کافور کی
وقت کیا ہے دار پر دھیمی صدا منصور کی
وقت بے آزار لمحوں کا مسلسل قتلِ عام
زندگی کے بے خطا مجرم سے پیہم انتقام
آدمی کو آدمیت سے گرا دیتا ہے وقت
جملہ احساسات کو پل میں مٹا دیتا ہے وقت
ریشمیں پلکوں میں دُر پارے پرو دیتا ہے وقت
بین ہونٹوں کے تبسم میں سمو دیتا ہے وقت
تال پر ماتم کی پیہم ٹھمریاں گاتا ہے وقت
اور کن اکھیوں سے سدا لاشوں پہ طنزاتا ہے وقت
اور حنا مانوس ہاتھوں پر لہو ملتا ہے یہ
ہر کنوارے اشک میں رخسار پر چلتا ہے یہ
جب یتیم آواز میں محشر جواں ہونے لگے
چشمِ تر بھی نطقِ دل کی ترجماں ہونے لگے
درد کے خونیں سمندر موجزن ہونے لگیں
سوچ کی روشن چٹانیں تیرہ تن ہونے لگیں
ناچ تگنی کا روابط کو نچا دیتا ہے وقت
باپ کو بیٹا پسر کو ماں بھلا دیتا ہے وقت
بچپنے کی دودھیا مشعل بجھا دیتا ہے وقت
ننھی سوچوں میں تناور دکھ اُگا دیتا ہے وقت
زردگوں ہونٹوں کی قندِ شیر کا لطفِ رواں
وقت کے اشکیں نمک پاروں سے وقفِ صد خزاں
وقت کیفیات کی یکسانیت کا اک عدو
وقت کرتا ہے تغیر کے سمندر سے وضو
وقت جب دیکھے ہمالہ افگن اندازِ شباب
اس کے استحکام پر کھاتا ہے پیہم پیچ و تاب
گنبدِ کہسار پر گرتی ہیں پیہم بجلیاں
ایمنی جلوؤں کی اڑتی ہیں فلک پر دھجیاں
آفتابی حسن کو رہ رہ کے گہناتا ہے وقت
رُستمی اعصاب کو رعشے سے کفناتا ہے وقت
جب کبھی نخلِ جوانی لے کسی ٹہنی پہ بور
برق باری کو مچل جاتا ہے اک دم نخلِ طور
زندگی اے شعلۂ آلام مرہونِ فنا
وقت کے میٹھے سرابوں سے ذرا دامن بچا
بے شکن رخسار کیا ہوں گے تمہارے ترجماں
بوڑھے چہروں پر تُو گن اس کے طمانچوں کے نشاں
نوجوانی کے جواں چہرے نہیں تیرا بھرم
جھریاں بوڑھے رخوں کی وقت کے نقشِ قدم
بچپنے کی غنچگی کیا دال ہو اثبات پر
خم شدہ کمریں ہیں شاہد وقت کی ہر بات پر
شادیانے رقص سہرے وقت کا اک روپ ہے
روپ بھی ایسا کہ جس پہ اک سنہری دھوپ ہے
تین چھ فٹ کی لحد کوٹھی پسند انسان کی
مرکری فانوس کی عادی نگاہیں تیرگی
فوم اور مخمل کے بستر کے وہ عادی نازنیں
بر زمیں ہاں در زمیں کیسے کہوں زیرِ زمیں
پھول سے رخسار اور مٹی کے بوسوں کا حصار
نرگسی آنکھیں کہ جن میں وقت کا میلا غبار
خاک پر وہ تاج سے مانوس فرقِ پُر غرور
ہاں ذرا بیدار ہو اے آدمی کا لاشعور
ناز لاحاصل ہے بیتے زیست کے اعزاز پر
دیکھنا پڑتا ہے مڑ کر موت کی آواز پر
وقت کیا ہے موت کے گنجان جنگل کا سفر
زیست کی دلہن پہ گویا بیوہ روحوں کی نظر
وقت کیا ہے نازیوں کا ایک بستی سے گزر
وقت خوں آشام ویمپائر کی بچے پر نظر
تخت کی تحریص بھی ہے موت سے غفلت بھی ہے
لمبی امیدوں سے کوتاہ عمر سے الفت بھی ہے
وقت ماضی کی لحد میں حال کی تدفین ہے
حال مستقبل کے لاشے پر رواں تلقین ہے
وقت کی انگری ہوئی زلفیں بہ خم شب زاد ہیں
اور تغیرات کیا ہیں وقت کی فریاد ہیں
وقت کے زنداں میں گویا عمر قید ہے آدمی
موت کے جبڑوں میں پلتی ہے بشر کی زندگی
وقت کیا ہے جسمِ انساں میں چھپا اک ٹائم بم
زندگی ہے وقت کی رفتار کے زیرِ کرم
صرف وہ جیتا ہے جو اس وقت کو ٹھہرا سکا
دے کے فانی جاویدانی زندگی اپنا سکا
جعفرؐ اپنی عمرِ فانی کی تو قربانی تو دے
مل بھی جائے گی بقا پہلے تو یہ فانی تو دے
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار