

میں سوچتا ہوں خلا کی وسعت میں میرا اپنا مقام کیا ہے
اور عقل مجھ سے یہ کہہ رہی ہے کہ تُو تو خود سے بھی کھو چکا ہے
یہ فکر کہتی ہے دیکھئے جی تم اور کی جستجو کو چھوڑو
تم اپنی ہستی سے آپ گم ہو یونہی ہمالہ سے سر نہ پھوڑو
حضور اس کائنات کی وسعتوں میں لاکھوں ہیں کہکشائیں
تمہارے افکار خود تمہاری ہی کہکشاں کو نہ ڈھونڈ پائیں
یہاں تو اک کہکشاں میں بھی ہیں وہ اربوں شمسی نظام جاری
وہ اربوں سورج چمک رہے ہیں ہے وائٹ بونوں کی تاجداری
ہر ایک شمسی نظام تیرے نظامِ شمسی سے کئی گنا ہے
وہ کھربوں سیارچوں کی پروانگی کا منظر کھنچا ہوا ہے
شموس کا کارواں رواں ہے سیار و ثابت کے جھرمٹوں میں
علیحدہ شمسی نظام قائم ہیں ان سیاروں کے جھمگٹوں میں
ہر اک سیارہ بذاتِ خود اک نظامِ اقمار میں کھڑا ہے
تمہارا شمسی نظام گویا کہ نجدِ عالم میں کنکرہ ہے
حضور اس کائنات میں خود تم اس زمیں پر نگاہ ڈالو
کہاں ہے گیتی زمیں کہاں ہے اگر کہیں ہے تو خود بلا لو
زمیں تو اک خال سے بھی کم ہے اور اس میں پانی ہے دو تہائی
یہ ربع مسکوں ہے ایک نقطہ ہے جس میں انسانیت سمائی
مجھے حضور اب تلاش کیجیئے ہے خوردبینوں سے کام لینا
مگر میرا ملک بھی تو ڈھونڈو ابھی نہ خود میرا نام لینا
اگر میرا ملک مل بھی جائے تو شہر میرا کہاں ملے گا
اگر میرا شہر مل بھی جائے کہاں میرا یہ مکاں ملے گا
یہاں تو ہے خوردبین عاجز کہ جملہ آلات سر بہ خم ہیں
ہیں ایک نقطے کے کھربوں حصوں پہ جملہ اعداد سر قلم ہیں
مکاں کی وسعت میں میرا پیکر کہاں ہے کوئی مجھے بتائے
ہے میرا پیکر اس عالمِ کن کا کتنا حصہ سمجھ تو آئے
نہیں نہیں میں تو کچھ نہیں کیونکہ عالمِ انس در عدم ہے
وہ جس میں قطرے چمک رہے ہیں یہ صرف موجوں کا پیچ و خم ہے
تمہاری گیتی تو ریگ زاروں میں ایک ذرے سے کمتریں ہے
تلاش کرنا نہیں ہے ممکن جسے وہ خود یہ تیری زمیں ہے
یہ میرے دل کے اتھاہ سمندر سے ایک آواز آ رہی ہے
تجھے انا کی حسین دیوی پسِ عناصر بلا رہی ہے
نظامِ کل کا نظامِ اکبر تمہارے پیکر سے ہے مماثل
نظالتی سرحدوں کو دیکھو کہاں کہاں ہے وہ روحِ اول
سمندروں کا محیط پانی وہ جتنے اجزا سے ہے مرکب
تم ایک قطرے کی نبض دیکھو وہاں ہے جو کچھ یہاں بھی ہے سب
جو کُل میں ہے جز میں ہے وہی کچھ ہے ایک قطرے میں لطفِ دریا
ہے جتنے فیصد سمندروں میں ہیں اتنے فی صد اسی کے اجزا
تو نظمِ عالم کی چھوڑ باتیں تجھی میں پنہاں ہے نظمِ اکبر
تو ہی تو تفسیرِ روحِ کل ہے تو اس کی جز ہے اے نظمِ اصغر
ادھر بھی اک روحِ مشترک ہے اُدھر بھی اک حسنِ مشترک ہے
تو اس میں خود کو تلاش مت کر وہ تجھ میں مضمر نہ کوئی شک ہے
ہے تجھ میں ام الکتاب جعفرؐ تجھی میں ہے عرشِ کبریا بھی
تجھی میں آدم تجھی میں قدسی تجھی میں جنت ہے اور خدا بھی
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار