

بچپنے کی یہ میری تصویر شرحِ زندگی
یہ میرا مرحوم ماضی ہے برافگندہ نقاب
زانوئے موجِ صبا پر جیسے کلیوں کا خروش
یا چرایا تھا میرے احساس نے رضواں کا خواب
گنگنا کر چھیڑتے ہیں مجھ کو خود میرے نقوش
اور یہ قندیں لب کہ جن میں انجذابِ قیل و قال
اس کے بے احساس چہرے میں قیامت جذب ہے
منہ چڑانے پر تُلے ہیں یہ طلائی خد و خال
ہر ادائے بے عَمَد فطرت کے دودھوں میں پلی
بے شکن چہرہ کہ جیسے عرصۂ اعراف ہو
دور تر کیفیتوں کے حلقۂ تزویر سے
سردیوں کی چاند شب میں جیسے مطلع صاف ہو
معرضِ تشبیب ہو جیسے قصائد کی اٹھان
غُرفۂ تصویر سے یوں جھانکتے ہیں بانکپن
حال کی رہزن گزیدہ زندگی کہتی ہے یہ
کاغذی چادر میں ہے یہ مردہ ماضی کا بدن
زندگی بنتِ تغیر صورتیں تغییر خو
اصل میں یہ آدمیت کی شکستِ فاش ہے
میرے عبرت خو تفکر نے کہا تصویر سے
وقت کے ہاتھوں حنوطائی ہوئی تُو لاش ہے
سوچتا ہوں وقت کے جلاد ہاتھوں نے یہ کیوں
ریزہ ریزہ کر دیا ہے زندگی کا بانکپن
وقت نے جعفرؐ بکھیری ہیں میری یوں کرچیاں
اک سَرَوتے سے کٹے جیسے سپاری کا بدن
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار