

اے کہ برقِ منجمد اے لیلیٰء قیسِ فنا
کفر کے خونِ جہندہ سے تو اے گلگوں قبا
بدر کا میداں لرزتا ہے تیری جھنکار سے
عرصۂ خندق حنائی ہے تیرے رخسار سے
سرکشوں کے سر سے گزرا ہے تیرا پانی سدا
حق سے کی ہے مورچھل بن کر مگس رانی سدا
کتنے اونچے قد کے ڈوبے ہیں تیری اس دھار میں
کتنے لشکر کھا چکی ہے تو کڑے کردار میں
تیرا بھی حصہ رہا ہے حق کے استحکام میں
ہیں تیرے کارِ نمایاں زمرۂ اسلام میں
رعد زادی تجھ پہ نازاں ہے حیاتِ دینِ حق
آبیاری سے تیری جاگا ثباتِ دینِ حق
نصرتِ محبوبِ حق میں تو رہی محوِ خرام
اشجعانِ عصر کرتے تھے تجھے جھک کر سلام
تجھ کو کل غزاوت میں حاصل رہا طے القتال
برق پاشی سے تیری لرزاں تھے باطل کے شخال
سرخرو رکھتا تھا تجھ کو شہ رگِ باطل کا خوں
تجھ سے تھا کہسار کا بھی منتشر صبر و سکوں
جائے عبرت ہے تیرا انجام اے برقِ کثیف
وائے بر انجام تو اے لولئی یزداں حریف
اپنے ماضی کے درخشاں کارنامے بھول کر
دستِ باطل میں ہوئی اسلام پر تو حملہ ور
تو نکل آئی ہے اب ذلت کی خندق پاٹنے
تو شہیدوں کا لہو آئی ہے کیونکر چاٹنے
تیرا ماضی اہلِ حق کو قابلِ تحسین ہے
اور تیرے اس حال پر توحید کی نفرین ہے
تیرے ماتھے پر شہیدوں کے لہو کے ہیں نشاں
جائے عبرت ہیں تیرے انجام کی محرومیاں
اپنی عظمت کھو چکی ہے ہوکے تو وقفِ جمل
تو نے دہرایا ہے پھر ابلیس کا طرزِ عمل
ہو چکی ہے کند تو ضربِ غلط انداز سے
تو کہ اب محروم ہے ہر سابقہ اعزاز سے
جعفرؐ عالم میں ہمیشہ نام اچھا چاہیئے
جو بھی ہو آغاز پر انجام اچھا چاہیئے
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار