

اے کہ وہمستانِ ماضی کے ِشہ نِیرُو صفات
زائچوں کی خانقاہی کے امیرِ بوم ذات
دبدبہ تیرا رہا ہے کشورِ اوہام میں
تو دخیلِ کارِ انساں ہے شعورِ عام میں
تجھ سے ہٹلر کی طرح دہشت زدہ ہیں قسمتیں
اور نحوست سے تیری وحشت زدہ ہیں قسمتیں
دستِ انساں کے ابھاروں میں تیرا استھان ہے
جملہ ریکھاؤں سے تیرا عقربی وجدان ہے
آدمی کے آج تک اعصاب پر تو ہے سوار
کچھ نہ کچھ توڑا ہے وائجر نے یہ آسیبی حصار
اے خلا کے کرمکِ شب تاب اے روشن قبا
اے اسیرِ مسلکِ خورشید اے جگنو ادا
تیرا طول و عرض بھی زیرِ کمندِ انس ہے
تو میری بھٹکی ہوئی سوچوں ہی کا ہم جنس ہے
دائرے بُنتی ہوئی تیری فضائے واژگوں
تجھ پہ یہ گیسوں کے پہرے تو کہ محتاجِ سکوں
اور تیرے اطراف میں ہے ایک طولانی ریکارڈ
جس سے آتی ہے صدا کہ ھلپ می مائی ھلپ گاڈ
تیری ہستی خود خلا میں بیکس و مجبور ہے
تو وہ پروانہ ہے جو شمع سے کافی دور ہے
اصل میں تیری نحوست کا ہے خود تجھ پر اثر
اور تیرے دستِ تصرف سے پرے ہے یہ بشر
تو بھی پابندِ مشیت میں بھی پابند قضا
تو بھی آتش زیر پا ہے میں بھی آتش زیر پا
تیرے بھی جملہ حقائق مستعار و مستفاد
میری ہستی بھی ادھاری میں بھی بیگانہ نہاد
تجھ سے وابستہ نہیں ہے میری قسمت کا ہبوط
کر نہیں سکتا مجھے تو میری فطرت سے قنوط
تو کہ خود سر در گریباں میں کہ خود در خود دخیل
تیرے پاؤں عرش پیما میں کہ زیرِ پائے فیل
نے زدانش کامیاب و نے بہ سختی تنگدل
شرمسارِ کوششِ برجیس و کیوانش منم
آدمی اپنے مقدر کا ستارہ آپ ہے
جعفرؐ اس وائجر کی اور اس نجمِ ثاقب کی قسم
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار