

تیرا دعویٰ ہے تو اک اجنبی ہے
ذرا تم لاشعور اپنا جگا کر
کسی مانوس چہرے کو تو دیکھو
میرا چہرہ وہی بالکل وہی ہے
نقابِ خود فریبی نوچ ڈالو
تیرے دل میں جو کہرے کی ردا ہے
اسے دو ذہن سے اذنِ نشستن
وہیں احساس کو کچھ جگمگا لو
وہ دیکھو سامنے ہے ایک سایہ
لہو کے سرخ ذروں میں سمایا
رگوں میں دوڑتا پھرتا ہے ہر سو
اسے دیکھو ہے اپنا یا پرایا
یہ دل بھی ہے تمنا زار جس سے
یہ ہے احساس زادہ جس کی ضو سے
مچلنا سیکھتا رہتا ہے اس سے
دھڑکنے کی بڑھے رفتار جس سے
تیرے کاجل کی باڑھوں کا یہ موجب
تیری زلفوں کے ساون کی تمنا
تیرے ہاتھوں کی لالہ بیز حسرت
تیرے ہونٹوں کے نغموں کا یہ موجب
تیرے مہکے ہوئے سانسوں کی گرمی
تیرے سیلے ہوئے ہاتھوں کی شبنم
طلائی انگلیوں کی لمسِ پیہم
تیری بانہوں کی جادو ساز نرمی
تیرے لب ہائے نازک کا ترانہ
تیرے اکھڑے ہوئے سانسوں کی چاہت
تیرے بھیگے ہوئے آنچل کی مایہ
تیرے زانو کے تکیوں کا فسانہ
تیری پلکوں کا دزدیدہ اشارہ
تیرے دنداں کی مس کردہ انگلی
نظر کے دائرے کا عین مرکز
تیری مدہوش آنکھوں کا سہارا
یہ پھر کہنا تم اس سے اجنبی ہو
ہے گل بھی اجنبی کیا رنگ و بو سے
میری آنکھوں میں جھانکو اب تو کہہ دو
اے جعفرؐ تم تو میری زندگی ہو
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار