

ہونٹ مصروفِ عطر باری ہیں
آنکھیں مشغولِ گل نگاری ہیں
دھڑکنیں محو اپنی گنتی میں
انگلیاں ماحصل فشاری ہیں
ذہن کے مطلعٔ تقدس پہ
عالمِ کیف و رنگ طاری ہیں
دل میں اک پھلجڑی سلگتی ہے
جدتیں وقفِ لالہ کاری ہیں
فکر نے خلد کے دریچوں میں
جا کے چند ساعتیں گزاری ہیں
میٹھے الفاظ کے جھروکوں سے
آنکھیں حوروں نے چھپ کے ماری ہیں
اور تخیل کی دیکھ کر چستی
بجلیاں مرحبا پکاری ہیں
خامہ رطب اللساں کتابت میں
پھول الفاظ کے بہاری ہیں
اس قدر اہتمام سا کیوں ہے
چشمے عسل و لبن کے جاری ہیں
سب سے کہتی ہے یہ خرد بڑھ کر
اب یہی کوششیں ہماری ہیں
ہے خدائی سے شکریہ کہنا
لفظ رحم و عطا سے عاری ہیں
ساتھ دیتے نہیں زبان و بیاں
ہاں یہی وجہِ شرمساری ہیں
کیسے اظہار ہو تشکر کا
شکریے وقفِ انکساری ہیں
جعفرؐ اتنی سی تہنیت کر دے
شکریے سے بھی معذرت کر دے
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار