

نہیں جائے تعجب مصلحت کا آستانہ ہے
جہانِ کن فکاں اک حیرتوں کا کارخانہ ہے
بجا ہے آدمیت کا رویہ وحشیانہ ہے
بشر مجموعۂ اضداد پہ مبنی فسانہ ہے
جہاں خورشید چمکے گا وہاں اظلال ابھریں گے
ہدایت کی چکا چوندوں میں روئے ضال ابھریں گے
نہ گر مظلومیت کی حق کے شانوں پر قبا ہوتی
تو پھر دورِ یزیدی کی بھلا پہچان کیا ہوتی
حسینیتؐ کے سر پہ گر ردائے کبریا ہوتی
نمازِ کفر بھی نعلین اطہر میں ادا ہوتی
مگر حق نے بہ مظلومی صفِ باطل سے لڑنا تھا
حقیقت میں یہ باطل کو رنگے ہاتھوں پکڑنا تھا
جو جذبے دب چکے تھے خوف سے باطل کے سینوں میں
ارادے جو بھرے تھے کفر کے ظالم خزینوں میں
جو خنجر چھپ چکے تھے لا الہ کی آستینوں میں
جو لاوے پک رہے تھے ظلم کی وحشی جبینوں میں
ہر اک سازش کو اہلِ حق نے طشت ازبام کرنا تھا
کہ میدانِ عمل میں موردِ الزام کرنا تھا
اُدھر نیزہ زنی کے شوق نے تھی آگ بھڑکائی
اِدھر حق نے جواں بن کر سرِ میداں سناں کھائی
تمنا قلبِ قاتل نے اُدھر خنجر کی اپنائی
اِدھر حق نے رگِ گردن کی صورت لَو لَطیں لائی
اگر مظلومیت جباریت کی شکل میں آتی
تو عائد کس طرح سے فردِ جرم اعدا پہ کی جاتی
مچلتی تھیں جفائیں اُس طرف قلبِ جسارت میں
ردائیں لوٹنے کی خواہشیں تھیں قلبِ امت میں
ادھر حق چادریں دے کر بھی تھا محفوظ عصمت میں
جو نکلا حجب سے خالق نہ آیا پھر بھی رویت میں
فریبِ چشم سے باطل پئے روزِ حساب اٹھا
ردائیں لوٹنے والوں کے چہرے سے نقاب اٹھا
کبھی اضداد میں وجہِ بقا مخفی نہیں ہوتی
نہ ہوتا گر فلک سر پہ تو پھر بھی یہ زمیں ہوتی
اگر وجۂ بقا حق کی رکاوٹ میں کہیں ہوتی
تو پھر درگاہِ باطل پہ بھی انساں کی جبیں ہوتی
مخالف کی شرارت ہے اسی لفظِ کلیدی میں
حسینیت بقا پاتی نہیں عکسِ یزیدی میں
مظالم کے پسِ پردہ اگر دیکھیں حقیقت کو
اگر تحقیق میں لائیں خدائے کُل کی حکمت کو
سمجھنے پر اتر آئیں گر اہلِ حق کی عظمت کو
اگر دیکھیں محمدؐ سے محمدؐ تک کی وحدت کو
نظر آئے گا باطل خود فریبی کے سرابوں میں
سدا اڑتا ہوا پائے گا خود کو صرف خوابوں میں
اسے ہر دم گماں ہے اپنی فرضی کامیابی کا
گھمنڈ اس کو ہے اپنی ظاہری اس فتح یابی کا
حقیقت میں تو یہ موقعہ تھا اس کی بے نقابی کا
جہاں سے وقت ملتا جا رہا ہے بازیابی کا
کہ نمرود اپنے تیروں کے لہو سے کامراں پایا
خدائے کُل کے زخموں کا فقط اس نے گماں پایا
یہودیت کی تسکینِ انا کا صرف ساماں تھا
صلیبِ ظلم پہ لٹکا ہوا اک جسمِ عریاں تھا
انھیں معلوم کیا تھا دار میں کیا راز پنہاں تھا
بظاہر موتِ عیسیٰ پہ ہر اک ملعون فرحاں تھا
حقیقت میں سبھی سامان تھا اتمامِ حجت کا
یہی طرزِ عمل ہر وقت جاری ہے مشیت کا
انہی ادوار کے جو بعد میں حق آشنا آئے
جو غواصِ مشیت اور حریمِ کبریا آئے
وہ کشافِ حقائق دینِ حق کے رہنما آئے
وہ محرم رازِ وحدت عقلِ کل وحدت نما آئے
انھوں نے سب کو سمجھایا حقیقت میں یہ کیا کیا ہے
کہ خونِ تیرِ نمرود اور اس کا مدعا کیا ہے
خلیل اللہ کی پٹی مشیت کا تقاضا تھی
رواں تھا حلق پر خنجر مگر کس کو خبر کیا تھی
یہ بے خبری مشیت ہے یہی وحدت کی منشا تھی
یہی پٹی برائے مصلحت بر چشمِ اعدا تھی
نہ تھا معلوم یہ مقتول دنبہ ہے کے انساں ہے
یہ خونِ ماہیٔ افلاک ہے یا خونِ یزداں ہے
لٹکتا ہے سرِ دارِ جفا کیا جسمِ عیسیٰ ہے
یا ان کے اک بہیمانہ تخیل کا سراپا ہے
یا ان کے اک فریبِ چشم کا گہرا دھندلکا ہے
یا ان کی اک غلط فہمی کا اک پُرحول نقشہ ہے
جسے مصلوب سمجھے تھے وہی افلاک تک پہنچا
گراتے تھے جسے وہ سرحدِ ادراک تک پہنچا
اسی انداز میں کرب و بلا کی داستاں سمجھیں
یہ باطل کے ارادوں کو سرِ نوک سناں سمجھیں
ستم زادوں کے ارمانوں کا اک خونِ رواں سمجھیں
بواطل کے عزائم ہی کا خیموں پہ دھواں سمجھیں
اجل ہے ورنہ دستِ ظلم سے ذاتِ اجل سمجھیں
یہ بے مقنع ارادہ ہائے باطل کا عمل سمجھیں
اگر جبرِ مشیت ہی فعال و حکمراں ہوتی
تقدس کے کٹہرے میں جنابِ کن فکاں ہوتی
گنہگاری کی زد سے دُور نوعِ انس و جاں ہوتی
قیامت کی ندامت کیا قیامت پھر کہاں ہوتی
نبوت اور امامت کی یہ بعثت بے محل ہوتی
جہنم اور جنت کی حقیقت بے محل ہوتی
قضیہ آدم و شیطاں کا جبراً گر مٹا ہوتا
گناہ سے دور رہ کر پھر بشر قدسی نما ہوتا
اگر تخلیق اہلِ قدس حق کا مدعا ہوتا
تو وہ موجود تھے پہلے نہ یہ آدم بنا ہوتا
تو پھر ابلیس نے درگاہِ قدرت میں کہا ہوتا
ڈبویا مجھ کو ہونے نے نہ ہوتا میں تو کیا ہوتا
عیاں انسانیت پہ حق کی گر وہ قاہری ہوتی
بجا ہے نوعِ انساں ہر برائی سے بری ہوتی
نفاق و ظلم مٹ جاتا فنا ہر کافری ہوتی
تو پھر اچھے برے کی اس میں کچھ تفریق بھی ہوتی
برائی کو مٹانا تھا تو آدم کو مٹا دیتا
مقدس قدسیوں ہی کو خلیفہ وہ بنا دیتا
بشر جو اصل میں مجموعۂ اضداد ہے گویا
یہ خیر و شر کی منزل میں سدا آزاد ہے گویا
یہ کوہسارِ عمل کا مقتدر فرہاد ہے گویا
فقط امر و نواہی میں رہینِ ہاد ہے گویا
اگر جبرِ مشیت میں بشر محدود ہو جائے
تو پھر یہ فلسفہ بعثت کا بھی بے سود ہوجائے
ہدایت کا یہ مطلب ہے صراطِ حق نظر آنا
ہدایت کا نہیں مطلب کہ جبراً راہ پر لانا
ہدایت یہ نہیں خواہش کا بالکل سلب ہو جانا
ہدایت یہ ہے دورا ہے پہ خیر و شر کا بتلانا
ہدایت در حقیقت سب پہ اک اتمامِ حجت ہے
دکھا دینا صراطِ مستقیم اصلی ہدایت ہے
ہدایت اس کلےّے کا ہے اک اظہار ہو جانا
کہ دو اور دو جمع کرنا اور ان کا چار ہوجانا
ہدایت نفسِ لوامہ کا ہے بیدار ہو جانا
اور دونوں قوتوں کا برسرِپیکار ہو جانا
نفع نقصان واضح ہو گیا تو یہ ہدایت ہے
اب اپنے ہاتھ دوزخ ہے اب اپنے ہاتھ جنت ہے
یہاں پہ چوں چرا کرنا ذلالت ہی ذلالت ہے
اور مین و میخ کرنے میں ہلاکت ہی ہلاکت ہے
یہاں کیوں اور کیسے میں ندامت ہی ندامت ہے
رہینِ کسب ہے انساں اطاعت ہی اطاعت ہے
قضا و قدر کے بارے میں کچھ کہنا سَمَِّ قاتل
یہاں تو امر چلتا ہے نہیں جس میں کوئی شامل
مظالم کیا تھے وہ سارا فریبِ چشمِ اعدا تھا
وہ سفیانی دلوں کے قلبِ وحشت کا ہیولا تھا
مگر ہر ظلم ظالم کے جرائم کا سراپا تھا
اور ثابت وہ ہر اک مجرم پہ اسکا جرم کرتا تھا
حقیقت جو بھی ہو یہ کھیل تھا عدلِ الٰہی کا
عزائم سے تھا موقعہ ڈھونڈنا انکی تباہی کا
ہے جعفرؐ دل اگر دکھتا تو امت کی جسارت سے
تعلق درد کا ہے اصل الفت کی حقیقت سے
جو گستاخی ہوئی سرزد اس ملعون امت سے
وہ مجرم بچ گیا کیوں ظلم کی گستاخ جرأت سے
اسی کا انتقام ہے چاہتا قلبِ حزیں میرا
بجز اسکے کوئی بھی مدعا ہرگز نہیں میرا
اب آئے گا وہ کشّافِ حقیقی رازِ مخفی کا
لگا دے گا جبینِ کفر پہ لعنت کا جو ٹیکا
عیاں کر دے گا جو اجلال خود روئے الٰہی کا
اور عقدہ حل کرے گا آ کے جو فکرِ خدائی کا
تو جعفرؐ کس لئے اسرار سے پردہ اٹھاتا ہے
جو ایسے کام کرتا ہے ہمیشہ چوٹ کھاتا ہے
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار