

اے برادر تمہاری تربت میں پہلی شب ہے نجانے کیا ہو گا
زندگی بھر تو دکھ اٹھائے تھے اب تمہیں کچھ سکوں ملا ہو گا
قبر کے تنگ سے احاطے میں اس کے تاریک و تار گوشوں سے
تجھ کو کچھ ڈر تو لگ رہا ہو گا درد کے ان سیاہ پوشوں سے
یاں تو بستر پہ سونا ہوتا تھا خاک پر سو کے کیا لگا ہو گا
تیری تنہائیوں کی یہ بستی تجھ کو وحشت سرا لگا ہو گا
آخری تیرے پر الم لمحے جن میں تکلیف تم اٹھاتے تھے
جس میں پہلو بدلنا مشکل تھا جسم دکھتا تھا جب ہلاتے تھے
جسم تو ہڈیوں کا ڈھانچہ تھا گوشت تو کھا گئی تھی بیماری
زرد چہرہ وہ تیری مایوسی جو میرے دیکھنے میں تھی بھاری
آج اس عرصۂ قیامت سے تھک کے تو سو گیا ہے تربت میں
غم ہمارے جگا کے تو سویا جانے مسرور ہو گا خلوت میں
پہلے تو دیکھنے کی تاب نہ تھی اب تو تیری خبر نہیں آتی
آج میں دیکھتا ہوں چاروں طرف تیری صورت نظر نہیں آتی
تیری تربت بھی ایک کمرہ ہے جس کی کنڈی چڑھا کے سوتے ہو
آج کیوں پوچھتے نہیں مجھ سے جعفرؐ اب کس کے غم میں روتے ہو
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار