

لوگ کہتے ہیں میں پریشاں ہوں روز و شب میں اداس رہتا ہوں
پرفشاں ذہن پر ہے مایوسی رات دن محوِ یاس رہتا ہوں
در حقیقت مجھے خبر بھی نہیں گہری مایوسیوں کے کھنڈر میں
میں ہوں چپ چاپ سا کوئی پتھر جو ہو محصور غم کے مندر میں
میں ہوں مسرور یا پریشاں ہوں مجھ کو اتنی خبر نہیں ہوتی
خالی خالی سا ذہن لگتا ہے جس میں شام و سحر نہیں ہوتی
سوچتا ہوں جو ایک لمحے کو پھر وہی سوچ بھول جاتا ہوں
یاد کرتا ہوں کیا وہ سوچا تھا سوچنے پر نہ یاد پاتا ہوں
ذہن کے تختۂ تخیل پہ نقش بر آب ہیں سبھی باتیں
عقل اب سوچنے سے ویراں ہے جیسے خالی ہوں پوس کی راتیں
اب تو غم اور خوشی کے لمحوں کا ذہن پر کچھ اثر نہیں ہوتا
ذہن اک ریت کا سمندر ہے جس میں کوئی شجر نہیں ہوتا
اب خیالات ہیں خلا کی طرح جن میں کوئی کشش نہیں باقی
جن میں احساس کی رمق بھی نہیں جن میں کوئی خلش نہیں باقی
اب دماغ ایک بند کمرہ ہے جس میں ٹھنڈی ہوا نہیں آتی
حبس اور اک گھٹن کا پہرہ ہے روشنی جس میں آ نہیں پاتی
دورِ احساس سے ہے آویزاں ذہنی کیفیتوں کی مائوفی
اب غمی اور خوشی میں چپ سادھے گویا فرصت کشا ہے مصروفی
میرے احساس کا حسیں پنچھی شاید اب گھُٹ کے مر گیا ہو گا
غیر محسوسیت کا عالم ہے زہرِ غم کام کر گیا ہو گا
اب تو جذبات کے سمندر میں درد و غم کا جوار بھاٹا ہے
فکر اب سوچنے سے قاصر ہے کیا منافع ہے کیسا گھاٹا ہے
رنگ لائی ہیں آج یوں جعفرؐ آدمی سے قضا کی پرخاشیں
اک تعفن سے ذہن جلتا ہے سڑ رہی ہیں نشاط کی لاشیں
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار