

دربار شہنشاہِ اممؐ مرکزِ انوار
ڈھائے ہوئے اک مشکِ ختن میں در و دیوار
ہر خشت کی تابش کہ اک الماسِ ضیا بار
ہر سمت سے لٹکے ہوئے پردے کی وہ مہکار
اک قوسِ قزح چاروں طرف چھائی ہوئی تھی
پردوں سے ارِم خیز بہار آئی ہوئی تھی
آراستہ قالینوں سے آنکھ اٹھنے نہ پائے
گویا کہ تھے حوروں نے حسیں بال بچھائے
رنگ ان پہ تھے اک آنکھ مچولی سی رچائے
چنچل سی چمک نے تو کئی پھول کھلائے
وہ قمقمے فانوس چراغاں سے وہ جھلمل
تھی ایسی خوشی بلیوں اچھلتا تھا ہر اک دل
وہ کرسیاں زریں کہ سجاوٹ میں قرینہ
ہر کرسی کہ تھی بازوکشا ایک حسینہ
ان پر وہ طلاکاری جناں غرقِ پسینہ
کرسی کا ہر اک جزو تراشیدہ نگینہ
ہر چیز پہ آراستہ کوثر کے حسیں جام
ہر جام پہ اٹھتی یہ صدا آپ ہی کے نام
اور وسط میں دربار کے اک تختِ ضیا بار
اک عرشِ معلی کی جبیں زینوں کا معیار
ہیروں کا جڑائو بھی تھا تقدیر کا شہکار
ہیروں کی چمک جلوۂ ایمن بھی شرمسار
اور پہلوئوں پر بستہ زرِ سرخ کے طائوس
منقاروں میں پکڑے ہوئے دو نور کے فانوس
اجلال کیا تخت پہ سرکارِ اممؐ نے
صلوات پڑھی جھوم کے تب حل و حرم نے
منبر کو دیا شرف نبوت کے قدم نے
اور نظر اُتاری تو شہِ حقؐ کی کرم نے
پہلو میں جگہ حیدرِ کرارؐ نے پائی
سرورؐ کے وصیؐ ربِ زمیںؐ رازِ خدائی
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار