

ہر ایک شخص میں پلتی ہے رزق کی خواہش
فنون و کسب میں اس کو تلاش کرتے ہیں
تلاشِ رزق پہ مبنی رہے یہ کسب و فنون
کہ لوگ اِن کو ذریعہ معاش کرتے ہیں
جہاں میں رزق کی تحصیل کے ہیں کئی حربے
کئی طریقے ہیں جن سے حصول ہے اس کا
ہزار پیشے ہیں اس رزق کی تمنا میں
ہر ایک پیشے میں اپنا اصول ہے اس کا
کسی کا مٹی کے برتن بنانا پیشہ ہے
کسی نے جوتے بنانے میں رزق پایا ہے
کئی مکانوں کی تعمیر میں ہوئے ماہر
کسی نے ہاتھی سدھانے میں رزق پایا ہے
کئی طبیب کئی ڈاکٹر کئی معمار
کسی نے لوہے سے ہی رزق پانا سیکھا ہے
مکینک اور وکیل و مصور و نقاش
کسی نے رزق کے حاصل میں گانا سیکھا ہے
کسی کو سنگ تراشی میں درک حاصل ہے
کسی کا شیشہ گری ہی سے رزق آیا ہے
یہ گویا سارے طریقے ہیں رزق جوئی کے
کسی نے کیمیا گر بن کے رزق پایا ہے
غرض ہیں جتنے طریقے یہ رزق پانے کے
سبھی فنون پہ مبنی ہیں پُر مشقت ہیں
کمالِ فن کے لئے زندگی ضرورت ہے
یہ سارے عقل و محن کے رہینِ منت ہیں
نہ جانے کتنی ہی قسمیں ہیں رزقِ عالم کی
ہزاروں لوگ ہیں اس رزق ہی کے دیوانے
اور علم بھی تو ہے اک رزق نوعِ انساں کا
اور رزقِ علم کی قسموں کو خود خدا جانے
انہی طریقوں میں سے اک طریقہ یہ بھی ہے
کہ زندگی میں بشر محنتوں سے باز رہے
کسی کریمؐ کے در پر سوال کر دینا
تمام عمر مشقت سے بے نیاز رہے
یہ صرف و نحو یہ علمِ لغت یہ علمِ عروض
قیافہ جفر و کہانت علوم ہیں سارے
یہ علم سائنس و موسیقی اور یہ علم نجوم
یہ کیمیا ہے کہ ہئیت علوم ہیں سارے
یہ علم خاص ہے تفسیر علمِ قرآں ہے
یہ سحرِ اسود و یہ سیمیا علوم ہیں سب
یہ مسمریزم و اعداد یوگا آواگون
اور علم ریکھا رمل ریمیا علوم ہیں سب
یہ علم رزق کی فہرست ہی میں آتے ہیں
مشقتوں ہی سے انسان اِن کو پاتا ہے
کسی نے درس میں کئی سال کان کھنچوائے
یہ رزقِ علم ہے کوشش سے ہاتھ آتا ہے
اور اِن کے پانے کے لاکھوں طریقے رائج ہیں
اور اِن کے جویا بڑی ذلتیں اٹھاتے ہیں
اساتذہ کی ہیں تا زیست خدمتیں کرتے
اور اس کے بعد ہی وہ رزقِ علم پاتے ہیں
اور قُوت و عطش کے صدمے کئی اٹھاتے ہیں
کئی برس کئی پڑھ پڑھ کے پاس ہوتے ہیں
کئی تو ضَربَ یضرِب کے اِن بکھیڑوں میں
خود اپنی عقل کو کھجلا کے ناس ہوتے ہیں
ہاں صرف ایک طریقہ ہے رزق پانے کا
نہ جس میں کوئی مشقت نہ کوئی محنت ہے
کسی کریمؐ کے در پر سوال کر دینا
ہے ایک پنتھ میں دو کاج نہ مشقت ہے
یہ لوگ کہتے ہیں جعفرؐ نہ سیکھا اور نہ پڑھا
یہ رزقِ علم میں نت خود کفیل رہتا ہے
نہ درس دیکھے نہ درسوں میں کان کھینچوائے
ہے جو بھی کہتا پُر از علم بات کہتا ہے
اے دوستو تمہیں عبرت ہے مجھ پہ کیوں آتی
کہ میں تو درس کے ِان چکروں سے عاری ہوں
مشقتوں کی بھلا مجھ کو کیا ضرورت ہے
درِ کریمؐ کا ادنیٰ سا اک بھکاری ہوں
میں اُس کریمؐ کے در کی گدائی کرتا ہوں
جو بے طلب کیے رزقِ عظیم دیتا ہے
سوال عیب ہے لیکن وہاں تو عزت ہے
ہمارا کوئی نہیں وہ رحیم دیتا ہے
کہ شکرِ نعمتِ عظمیٰ تو ہو نہیں سکتا
نہیں فقیر کے دامن میں کچھ دعا کے سوا
یہ بیت اور یہ سبھی اہلِ بیتؐ شاد رہیں
ہے کاسہ خالی مرا انہی کی عطا کے سوا
بابا محبوب علی خان المعروف بابا خان آف ٹھٹھہ سیال کے نام
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار